2020 کے 20 زاویے ۔۔عارف انیس

سال کی آخری پوسٹ آپ کی ہے، آپ کے نام ہے. دعا ہے کہ نئے سال کا سورج آپ کو نئی برکتوں، رحمتوں، کامرانیوں اور رفعتوں سے ہمکنار کرے. آمین
1: ہر چیز کی قیمت اس وقت تک ہے جب تک اس کا کوئی مصرف ہے.
2: زندگی میں کچھ بھی مستقل نہیں. حتیٰ کہ پریشانیاں بھی عارضی ہیں
3: گولز بنانے میں کوئی حرج نہیں. تاہم گولز، جب کسی بحران کے سبب گول مول ہوجائیں، تو پھر تبدیلی سے نباہ کرلینا چاہیے. ہر مشکل کے بعد آسانی ہے اور ہر تنگی کے بعد فراوانی ہے.
4: رزق کے فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں. جب احتیاط امکانات کو نظر بند کرے تب بھی کچھ دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں.
5: جن لوگوں کو وقت کی کمی کی شکایت تھی، انہیں اس سال بے شمار وقت مل گیا. سوال یہ ہے کہ اس کا مصرف کیا ہوا. کچھ لوگوں کے لیے وقت ہمیشہ کم رہے گا، کچھ کے لیے ہمیشہ زیادہ رہے گا.
6: انسان لامحدود بھی ہے اور بے بس بھی. زندگی، اختیار اور بے اختیاری کے درمیان کا کچھ راستہ ہے. ہم واقعی پاؤں مار کر زمین میں چھید نہیں کرسکتے اور نہ ہی اپنا سر بادلوں میں گھسا سکتے ہیں.
7: کچھ چیزیں ہم فار گرانٹڈ لیتے ہیں. لمس سے دوری ہوئی تو معلوم ہوا کہ اپنوں کو چھو سکنا کتنا قیمتی ہے. اگرچہ ہم اس طرح کھا سکیں، چنا سکیں، سونگھ سکیں، دیکھ سکیں، سن سکیں، جیسے کہ کل نہیں ہوگی تو شاید ہم ان نعمتوں کا شکر ادا کر سکیں.
8: جب آپ خالق کی تقسیم سے راضی ہوجائیں تو لمحہ موجود میں جینا شروع کر دیتے ہیں
9: بچت کرنا لازمی ہے، خاص طور پر شادی شدہ گھرانے کو برے دنوں کی تیاری کرنی چاہیے کہ کوئی بھی بحران کہیں بھی ٹکرا سکتا ہے.
10: بندہ، بندے کا دارو ہے. دنیا کے سارے مسائل ان کے دم سے ہیں تو سارا رس، خوبصورتی اور سارے مسئلوں کا حل بھی انہی کے دم سے ہے.
11: ہمارے اندر ہمارے اندازوں سے کہیں زیادہ ہمت موجود ہے، ہم اپنی توقع سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں اور ہماری برداشت ہمارے خیال سے زیادہ ہے.
12: کچھ سپیڈ بریکر اس لیے آتے ہیں کہ سوتے کو جگا سکیں.
13: بعض اوقات آپ کی سب سے بڑی کامیابی بس سانس لیتے رہنا ہے، موجود رہنا ہے،
14: جس طرح داغ اچھے ہوتے ہیں، اسی طرح بحران بھی اچھے ہوتے ہیں، سوتے کو جگاتے ہیں اور جاگنے والے کو راستے پر رواں کرتے ہیں.
15: زندگی ایک خاص حد تک سیریس لینی چاہیے، تاہم اس میں کسی حد تک دیوانگی اور کسی حد تک رقص ملتے رہنا چاہیے.
16: بندے کو تب پتہ چلتا ہے کہ وہ کتنے پانی میں ہے جب اس کے ہاتھ سے سب کچھ کھینچ لیا جاتا ہے. جو باقی بچتا ہے، وہی اصل ہے.
17: کوئی کامیابی یا بحران انسان کو تبدیل نہیں کرتا، بلکہ جو اس کے اندر ہے، اسی کو دگنا کرکے باہر لے آتا ہے.
18: زندگی میں چھوٹی چیزیں ہی اصل میں بڑی چیزیں ہوتی ہیں
19: کبھی کبھی فاصلے پر جا کر پتہ چلتا ہے، کہ کس رشتے کی کتنی ضرورت ہے، یا نہیں ہے.
20: کورونا کی وبا سے یہ سیکھا کہ بندے کے پاس اپنے خوابوں کا تعاقب کرنے، اپنے سپنوں کو سچا کرنے اور اپنی مرضی کی زندگی جینے کے لئے کوئی بہانہ بھی کافی نہیں ہے. بہانہ ڈھونڈنے والے کو بہانہ مل جائے گا، وجہ ڈھونڈنے والے کو وجہ مل جائے گی.

Facebook Comments