• صفحہ اول
  • /
  • کالم
  • /
  • پاکستان میں کرونا کا جن بے قابو۔۔ ڈاکٹر عبدالواجد خان

پاکستان میں کرونا کا جن بے قابو۔۔ ڈاکٹر عبدالواجد خان

پاکستان میں عیدالفطر کے بعد سے کرونا کے کیسز اور اموات میں روزانہ کی بنیاد پر ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے۔ٹیسٹ کیے جانے والے افراد میں انفیکٹڈ افراد کی شرح 24 فیصد کی تشویش ناک حد تک پہنچ چکی ہے۔جس کی وجہ سے نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کے سربراہ اسد عمر نے گزشتہ روز عوام کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو پاکستان میں جولائی تک کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

ادھر NCOC نے ملک کے 22 شہروں لاہور،کراچی،ملتان،کوئٹہ پشاور،فیصل آباد، گوجرانوالہ،گجرات،راولپنڈی،گھوٹکی،لاڑکانہ، خیرپور،ڈیرہ غازیخان،مالاکنڈ اور مردان کو کرونا کا ہاٹ سپاٹ قرار دے کر ان شہروں کے متاثرہ علاقوں میں سخت لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کردیا ہے۔اس کے علاوہ اسلام آباد کے کچھ سیکٹرز اور ٹاؤنز کو بھی سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان حالات میں ایمپیریل کالج لندن میں ہونے والی ریسرچ میں پاکستان کے بارے میں کرونا کے حوالے سے جاری کردہ پروجیکٹری اعدادوشمار انتہائی الارمنگ ہیں۔برطانوی حکومت کے تعاون سے مختلف ممالک کے بارے میں کی جانے والی ریسرچ کے اعدادوشمار کے مطابق اندازہ لگایا گیا ہے کہ پاکستان میں کرونا کی پیک اگست میں آئے گی اور 10 اگست 2020 تک اموات کی تعداد ایک پروجیکٹری کمپیوٹرائزڈ اندازے کے مطابق 79 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔

حکومت برطانیہ کے مالی تعاون سے ہونے والی اس ریسرچ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کے 27 فروری سے 11 جولائی تک 135 دن کے دوران لاک ڈاؤن کئے جانے کی صورت میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 35 لاکھ 70 ہزار تک پہنچ سکتی ہے جب کہ اموات 78 ہزار پانچ سو پندرہ ہوسکتی ہیں۔جس کے بعد اموات میں کمی واقع ہونا شروع ہو سکتی ہے۔ویب سائٹ کے مطابق لاک ڈاؤن کی صورت میں 26 جنوری 2021 تک اموات 21 لاکھ 32 ہزار چھ سو سترہ ہوسکتی ہیں جبکہ لاک ڈاؤن نہ کئے جانے کی صورت میں 22 لاکھ 29 سو ہوسکتی ہیں۔اور اگر ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا تو اموات کی تعداد 10 ہزار 200 تک محدود ہوسکتی ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق جنوری 2021 میں پاکستان میں کرونا کا اختتام ہوسکتا ہے۔ریسرچ رپورٹ کے مطابق انڈیا میں 25 جنوری 2021 تک اموات کی تعداد لاک ڈاؤن کرنے کی صورت میں ایک کروڑ 42 لاکھ 43 ہزار 79 تک پہنچ سکتی ہے۔جبکہ لاک ڈاؤن نہ کرنے کی صورت میں ایک کروڑ 64 لاکھ 95 ہزار بیس ہوسکتی ہے۔

ریسرچ کے مطابق افغانستان میں لاک ڈاؤن کے بغیر اموات کی تعداد 19 فروری 2021 تک 313,531 اور لاک ڈاؤن کی صورت میں 305,350 تک پہنچ سکتی ہے۔
برازیل میں لاک ڈاؤن کے بغیر 24 جنوری 2021 تک اموات 29 لاکھ 26 ہزار 349 اور لاک ڈاؤن کے ساتھ 15 لاکھ 19 ہزار 4 سو 53 ہوسکتی ہے۔

ایمپیریل کالج کے یہ اعداوشمار کوئی پیشگوئی نہیں ہے بلکہ ان ممالک میں کرونا وائرس کے آغاز کے بعد سے پیش آ نے والے والے اثرات کو سامنے رکھتے ہوئے کمپیوٹر ائزاڈ پروجیکٹری اندازوں پر تیار کئے گئے ہیں۔چیئرمین وزیراعظم ٹاسک فورس ڈاکٹر عطاالرحمان نے ان اعداوشمار کو بہت زیادہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہرحال یہ حقیقت ہے کہ پاکستان میں صورت حال عوامی لا پرواہی کے باعث تشویش ناک حد تک بے قابو ہو چکی ہے۔اور اس کے نتیجے میں حالات کافی خراب ہو سکتے ہیں۔لہذا حکومت کو اب سخت اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ان حالات میں جبکہ اب کرونا کے باعث اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

عوام سے یہی اپیل کروں گا کہ خدارا اس وباء کو سنجیدگی سے لیں اور اپنے اور اپنے پیاروں کی صحت اور زندگی کے لئے تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اپنائیں۔کیونکہ اس کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ کے باعث اب احتیاطی تدابیر کے ذریعے ہی اس وبا  سے بچا جا سکتا ہے۔اپنے معاملات زندگی کو ضرور انجام دیجیے لیکن ضروری احتیاط کے ساتھ۔احتیاطوں کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنالیجئے۔کیونکہ زندگی ہے تو سب کچھ ہے۔اللہ ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply