اندھیر نگری چوپٹ راج ۔۔۔۔ اظہر سید

SHOPPING
SHOPPING
فیض آباد دھرنہ ختم کرنے کیلئے پولیس کاروائی کی بھر پور معاونت کی جاتی تو  ریاست کی رٹ یوں رسوا نہ ہوتی۔میاں نواز شریف پر جوتا اچھالا گیا ،پالتو میڈیا کی زبانیں نہیں روکی گئیں، اس جوتے کو حلف نامے میں تبدیلی سے جوڑا گیا۔خواجہ آصف پر سیاہی پھینکی گئی بغلیں بجائی گئیں ۔وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کیا گیا لیکن حملہ آور کو اکسانے والی  ذہنیت نے این اے 120 کے الیکشن میں تحریک لیبیک کے امیدوار کی بھر پور پذیرائی کی۔ کلثوم نواز کو ہرانے کیلئے تمام حدود و قیود توڑ دی گئیں ۔وفاقی وزرا کے گھروں پر حملے کئے گئے کسی نے اس پالیسی کی روک تھام کیلئے کردار ادا نہیں کیا۔شیخ رشید کھلے عام عوام کو ورغلاتا رہا کسی نے زبان بندی نہیں کی ۔سلمان تاثیر کو گن مین نے قتل کر دیا مذہبی عنصر کو سیاست میں شامل کرنے کا عمل نہیں روکا گیا ۔
اب قیمت ادا کرنے کا وقت ہے ۔مذہب انسان کی بنیاد ہے جنہوں نے اس بنیاد کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا وہ اس قوم کے سب سے بڑے دشمن ہیں ۔آج وہ دن آچکے ہیں آسیہ بی بی کی رہائی کے خلاف ایک اہم سڑک بند کی گئی جس پولیس دستہ کو سڑک کھولنے کا حکم ملا اس کا انچارج اہلکاروں کو نعتیں سنانے لگا   اور سڑک نہ کھل سکی ۔سوشل میڈیا نے دنیا تبدیل کر دی ہے دھرنے کے دوران متعدد پولیس اہلکار دھرنے والوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے پائے گئے ۔رسول پاک سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اس محبت کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا ۔اب بھگتنے کا وقت ہے ۔
دھرنے والے کھلے عام جنرلوں کو اپنے سربراہ کے خلاف بغاوت کرنے کے  احکام جاری کر رہے ہیں ۔
وہ دن آچکے ہیں کہ  مذہبی شدت پسند ناموس رسالت کے نام پر فیصلہ دینے والے تین ججوں کے قتل کے قتوے جاری کرتے ہیں ۔ہائی کورٹ کا ایک جج پہلے ہی توہین رسالت کے ایک ملزم کو بے گناہ قرار دینے پر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا ۔جو آگ لگائی گئی ہے اس کے شعلے سب تک پہنچیں گے ۔گورنر پنجاب کے گن مین جیسے ممتاز قادری ایک سوچ ہے آپ نے اس سوچ کو طاقت فراہم کر دی ہے ۔یہ سوچ وردی میں کارروائی کی بجائے نعتیں پڑھتی ہے اور ناموس رسالت کیلئے سب کچھ قربان کرنے کے عزم کا اظہار کرتی ہے ۔اب کسی اور طاقتور شخصیت کا گن مین ممتاز قادری بن گیا تو یہ سفر کہاں رکے گا کسی نے سوچا ہے ؟ فتوے دینے والے برسرعام بغاوت کرنے اور قتل کرنے کے فتوے دے رہے ہیں اور نام توہین رسالت کا لے رہے ہیں ۔محمد ؐ سے محبت تو سب مسلمان کرتے ہیں داڑھی والے بھی اور پینٹ والے بھی ۔داڑھی والوں کو وی آئی پی کی ڈیوٹی سے ہٹا کر کیا محفوظ ہو جائیں گے ،جن کے پیٹ میں داڑھی ہے ان کا کیا کریں گے ۔
موٹر وے پر نہتے عام شہریوں کی قیمتی گاڑیاں جلائی گئی ہیں ۔لوگوں کے اجناس اور سامان سے بھرے ٹرک لوٹے گئے ہیں ۔سکھ یاتریوں کو آپ نے ہیلی کاپٹر سے نکالا ،ترک صحافیوں کیلئے آپریشن کرنا پڑا ۔تین دن پورے ملک کو مفلوج کیا گیا ۔مالی نقصان کی تلافی اور ازالہ ممکن ہے پوری دنیا میں سوشل میڈیا کے جو ظلم اور بربریت کی ویڈیو  اپ لوڈ ہوئی ہیں ان کا کیا کریں گے ۔کون اس ملک میں سرمایہ کاری کرے گا ۔جو لوگ اپنے بال بچوں سمیت اس ملک کو غیر محفوظ سمجھتے ہوئے یہاں سے کسی دوسرے ملک منتقل ہونے کا سوچ رہے ہیں ان کا کیا کریں گے ۔
جن لوگوں نے نواز شریف کا ووٹ بینک کاٹنے کیلئے  تحریک لبیک کو الیکشن میں کھڑا ہونے کی اجازت دی وہ خرابیوں کے ذمہ دار ہیں جن لوگوں نے ملی مسلم لیگ بنانے کی اجازت دی ،جن لوگوں نے بلوچستان کے سینٹ الیکشن میں کردار ادا کیا ،جن لوگوں نے عام انتخابات میں جیپ والوں کو سیاسی مقاصد کیلئے الیکشن میں کھڑا کیا ،جن لوگوں نے فیض آباد دھرنے والوں کوا پنے لوگ قرار دیا وہی خرابیوں کے ذمہ دار ہیں ۔کیا اندھیرا نگری ہے کھلے عام بغاوت کے احکامات دیے جاتے ہیں ریاست ان کے ساتھ پر امن معاہدے کرتی ہے ۔آپ نے فیض آباد دھرنے میں جو جن بوتل سے نکالا تھا وہ آپ کے ماتحت لوگوں کو ممتاز قادری بننے کے مشورے دے رہا ہے اور آپ اس جن سے معاہدے کر رہے ہیں
اقوام عالم میں کب باعزت مقام حاصل ہو گا کچھ خبر نہیں ابھی تو چوپٹ راج ہے ۔اللہ اس ملک پر رحم کرے اور پاک فوج جو ایک اثاثہ ہے پورے عالم اسلام کا اس کو ناقص حکمت عملیاں بنانے والوں سے محفوظ رکھے۔
SHOPPING

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *