• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • ملک بھر میں عیدالاضحٰی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عیدالاضحٰی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے

ملک بھر میں عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے، جن میں امت مسلمہ اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ نماز عید کے بعد فرزندانِ توحید سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کررہے ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم عمران خان نے عید الاضحٰی پر قوم کے نام الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ موجودہ مسائل سے نکلنے کیلئے جذبہ ایثار اور سنت ابراہیمی سے رہنمائی کی ضرورت ہے، وطن عزیز آج جس قسم کی سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل سے دوچار ہے ان سے نکلنے کے لئے سنت ابراہیمی ہی سے رہنمائی حاصل کی جائے۔

صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام عید میں پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی اور اور خداتعالٰی کی بارگاہ میں دعا کی کہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول و منظور فرماتے ہوئے انہیں ہمارے لئے اپنی رضا کے حصول کا ذریعہ بنا دے۔ صدر نے کہا کہ عید الاضحٰی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یادگار ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے عید الاضحٰی کے موقع پر پیغام میں پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی اور خدا تعالٰی کی بارگاہ میں دعا کی کہ وہ ہماری عبادات اور قربانیاں قبول و منظور فرمائے اور انہیں ہمارے لئے اپنی رضا و خوشنودی کے حصول کا ذریعہ بنا دے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دِن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال مثال قائم کی جس کی تاقیامت پیروی کی جاتی رہے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ دُنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجزن نہ ہو۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے عید کے پیغام میں دعا دی ہے کہ اللہ تعالٰی پاکستان کو امن اور ترقی عطا فرمائے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے پیغامات میں کہا کہ عیدالاضحٰی ہمیں دوسروں کی خوشیوں کے لئے قربانی اور ایثار کا جذبہ اجاگر کرنے کا درس دیتی ہے۔ اس فریضہ کی اصل روح جانوروں کی قربانی میں نہیں بلکہ دوسروں کے لئے اپنی ضروریات اور خواہشات کی قربانی میں پوشیدہ ہے، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس عظیم قربانی سے انسانیت کے ایثار و بھلائی صبر اور برداشت کا درس ملتا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری نے کہا کہ عید الاضحٰی قربانی کے جذبے اور مسلمانوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

عید قربان کے موقع پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے علاوہ ازیں ریسکیو 122 و عملہ صفائی کے اہلکار بھی ڈیوٹیوں پر حاضر رہیں گے، اسی طرح تمام سرکاری ہسپتالوں کا ایمرجنسی سٹاف بھی معمول کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے گا۔ عید الاضحٰی کے سلسلہ میں وفاقی و صوبائی حکومتوں نے 21 اگست بروز منگل سے 23 اگست بروز جمعرات تک عام تعطیلات کا اعلان کیا ہے جس کے باعث تمام سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارے، سکولز، کالجز، یونیورسٹیز، سٹاک ایکسچینجز، بینک، عدالتیں، چیمبرز آف کامرس بھی بند رہیں گے، نیز عملہ صفائی کو خصوصی ٹرانسپورٹ بھی فراہم کردی گئی ہے تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت اٹھا کر تلفی کے مقامات تک پہنچائی جا سکیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply