• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • ذرہ برابر فرق نہیں ۔پشاور میں اور کابل میں۔۔۔۔۔مدثر عمیر اقبال

ذرہ برابر فرق نہیں ۔پشاور میں اور کابل میں۔۔۔۔۔مدثر عمیر اقبال

ذرہ برابر بھی فرق نہیں ۔۔۔
وہ بھی سرخ یہ بھی سرخ۔۔
لہو کے جو قطرے پشاور میں اے پی ایس میں گرے اور جو کل کابل میں گرے ۔

ذرہ برابر بھی فرق نہیں ۔۔۔۔۔پشاور کے بدنصیب باپ میں یا   کابل کے حرماں نصیب باپ میں ۔

ذرہ برابر بھی فرق نہیں ۔۔۔
ان آنسوؤں میں جو پشاور کی ماں آنکھوں سے بےساختہ پھوٹ پڑے یا کابل کی ماں کی آنکھوں میں بن بلائے مہمان بن گئے۔اس ماتم میں جو پشاور کی ماں نے کیایا وہ بین جو کابل کی ماں نے ڈالا۔

ذرہ برابر بھی فرق نہیں ۔۔
ان سسکیوں میں ،ان آہوں میں ،اس چیخ وپکار میں جنہوں نے 16 دسمبر 2014کو پشاور کی فضاؤں میں اپنا راج قائم کیا یا 15 اگست 2018 کو کابل کی فضاؤں میں بلا شرکت غیرے حکمرانی کی۔

ذرہ برابر بھی فرق نہیں۔
اس سوال میں جو دونوں جگہ والدین کے لبوں پہ مچلا ہوگا کہ ہمارا جرم کیا تھا،ان معصوموں کا گناہ کیا تھا ۔ ان کی کیا عمر تھی مرنے کی ۔

ذرہ برابر بھی فرق نہیں ۔
وہ جو دہشت بن کے آئے ،جنہوں نے موت بانٹی ،جنہوں نے اس بربریت کو اسلام کا نام دیا،جنہوں نے اس غیر اسلامی فعل کو اسلام کی خدمت قرار دیا ،جنہوں نے پشاور میں بھی اسلام کے اجلے کردار پر ایک دھبہ لگایا یا جنہوں نے کابل میں اسلام کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔

ذرہ برابر بھی فرق نہیں کرنا ۔۔۔ہم نے ۔۔۔بالکل ذرہ برابر بھی فرق نہیں کرنا پشاور میں اور کابل میں ، دونوں فعل قابل مذمت ،دونوں حملے قابل ملامت ،دونوں کے دہشت گرد قابل ذلت ۔

لیکن ذرہ برابر بھی فرق نہیں۔۔ اس یقین میں کہ یہ سلسلہ تھمے گا یہاں یا وہاں ۔
یا اس یقین میں کہ یہ سلسلہ روکنا ہوگا ۔
ہم لاشے اٹھا اٹھا تھک گئے ہیں یہاں بھی وہاں بھی بلکہ یمن ،کشمیر ،فلسطین میں بھی ۔۔۔

یہ سلسلہ روکنا ہوگا۔۔۔۔۔کب تک یونہی میری مائیں جیتے جی مریں گی ،کب تک زندگی اتنی ارزاں ہوگی،کب تک ایک سانحے کے بعد دوسرا سانحہ ہمارا منتظر ہوگا ،کب تک قبرستانوں میں معصوم قبریں ہمارا منہ چرائیں گی ۔
یہ سلسلہ روکنا ہوگا ۔۔

لیکن روکے گا کون ۔۔۔۔۔۔۔؟

Advertisements
julia rana solicitors london

ذرہ برابر بھی فرق نہیں ۔۔۔۔۔۔
جو یہاں روک سکتے ہیں یا جو وہاں روک سکتے ہیں ۔۔۔۔
ذرہ برابر بھی فرق نہیں ۔۔۔۔ذرہ برابر بھی فرق نہیں ۔

Facebook Comments

Mudassir Iqbal Umair
بلوچستان کے ضلع جعفرآباد کے شہر اوستہ محمد میں بسلسلہ ملازمت مقیم ہوں۔تحریر اور صاحبان تحریر سے محبت ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply