مکان مسٹری مائیکروفکشن۔۔۔۔ عامر صدیقی

اس نئے مکان میں آئے ہمارا دوسرا دن تھا، ہم سے مراد میں اور میرے دو چھوٹے بچے۔کافی جستجو اور تلاش کے بعد ،میں اس مکان کو کھوج پائی تھی۔ شہرکے ہنگاموں سے دور ، ایک الگ تھلگ پرسکون علاقے میں واقع یہ مکان، مجھے اور میرے بچوں کو بہت پسند آیا تھا۔قریب ترین آبادی بھی یہاں سے میلوں دور تھی  اور یہی تو ہم چاہتے تھے۔یہاں آزادی سے میرے بچے گھوم پھر سکتے تھے ۔کوئی ان کو دیکھنے والا ، کوئی انہیں تنگ کرنے والا، کوئی انہیں ڈرانے والا نہ تھا۔

گو کہ ہم یہاں شفٹ ہو گئے  پر پہلے والے مکان کی یادیں تو بہرحال ہمارے دل میں موجود رہیں گی۔ کیا زبر دست جگہ تھی۔ میرے شوہر نے اسے کھوجا تھا۔گو کہ یہ دو منزلہ عمارت ، جس کی بالائی منزل پر ہم رہتے تھے اور نچلی منزل ایک عرصے سے خالی تھی، سالخوردہ اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی ، مگر ہمیں اسکی یہی خامی بہت پسند آئی۔یہاں پڑوسیوں کا بھی کوئی مسئلہ نہیں تھااور آبادی بھی کافی دور تھی۔ بچے آرام و سکون سے پوری عمارت میں گھومتے رہتے اور چھپن چھپائی جیسا ہمارا خاندانی اور من پسند کھیل کھیلتے رہتے۔

کچھ عرصے بعد اسی مکان میں میرا شوہر بھی مجھ سے ہمیشہ کیلئے بچھڑگیاتھا۔وہ گو کہ بڑا مہذب اور شریف تھا۔ مگر اسے لوگوں کو تنگ کرنے میں بڑا مزہ آتا تھا۔ میں اسکی اس عادت سے سخت خفا رہتی تھی۔ اور اس کو سمجھایا کرتی کہ بیکار کسی کو تنگ نہ کیا کرو۔پریشان نہ کیا کرو۔ یہ شریفوں کا شیوہ نہیں۔کبھی کوئی پلٹ کر جواب بھی دے سکتا ہے۔ پر وہ میری سنتا کب تھا۔ اسے اپنے اس اکلوتے شوق میں بہت لطف آتا تھا۔ لیکن  وہ تنگ کرنے سے آگے کبھی نہیں بڑھا، مگر پھر بھی شومئی قسمت اسے اسکا نتیجہ بھگتنا پڑا ، جب اس کی حرکتوں پر کسی نے اسکا جواب دیا اور وہ مجھ سے ہمیشہ کیلئے دورچلا گیا۔ نجانے وہ کس جہان میں اور کس عالم میں ہو گا،کسے خبر، کون جانے۔

پھر ایک دن اچانک وہ کڑا وقت آ ہی گیا، جس کو سوچ کر ہی میری روح فنا ہوتی تھی۔ نچلی منزل میں نجانے کہاں سے ایک فیملی آکر آباد ہوگئی۔ میں نے بچوں کوگھر میں چھپا لیا ۔ان کے باہر نکلنے پر پابندی عائد کردی اور ہنگامی بنیادوں پر کسی نئی رہائش کی تلاش شروع کردی۔

Advertisements
julia rana solicitors london

یہاں آکرہم سبھی نے سکون کا سانس لیا تھا ۔ ہم لمبی لمبی سیروں پر جاتے، پہاڑ چڑھتے ، ویرانوں میں گھومتے۔اور خوب مزے کرتے۔اسی بے فکری میں کئی مہینے گزر گئے ۔مگر، جب ایک صبح ہم سیر پر نکلے تو پایا کہ آس پاس کے علاقے میں بڑے بڑے ہولڈنگ لگ رہے ہیں۔ زمین کی پیمائش کی جا رہی ہے ۔ اور بلڈوزروں کے چلنے سے زمین کانپ رہی ہے اور میں بچوں کو چپکا کر سو چ رہی ہوں کہ اب پھر سے کوئی دوسرا ٹھکانہ ڈھونڈنا پڑے گا۔

Facebook Comments

عامر صدیقی
لکھاری،ترجمہ نگار،افسانہ نگار،محقق۔۔۔ / مائکرو فکشنسٹ / مترجم/شاعر۔ پیدائش ۲۰ نومبر ۱۹۷۱ ؁ ء بمقام سکھر ، سندھ۔تعلیمی قابلیت ماسٹر، ابتدائی تعلیم سینٹ سیوئر سکھر،بعد ازاں کراچی سے حاصل کی، ادبی سفر کا آغاز ۱۹۹۲ ء ؁ میں اپنے ہی جاری کردہ رسالے سے کیا۔ ہندوپاک کے بیشتر رسائل میں تخلیقات کی اشاعت۔ آپ کا افسانوی مجموعہ اور شعری مجموعہ زیر ترتیب ہیں۔ علاوہ ازیں دیگرتراجم و مرتبہ نگارشات کی فہرست مندرجہ ذیل ہے : ۱۔ فرار (ہندی ناولٹ)۔۔۔رنجن گوسوامی ۲ ۔ ناٹ ایکیول ٹو لو(ہندی تجرباتی ناول)۔۔۔ سورج پرکاش ۳۔عباس سارنگ کی مختصرسندھی کہانیاں۔۔۔ ترجمہ: س ب کھوسو، (انتخاب و ترتیب) ۴۔کوکلا شاستر (ہندی کہانیوں کا مجموعہ ) ۔۔۔ سندیپ میل ۵۔آخری گیت اور دیگر افسانے۔۔۔ نینا پال۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۶ ۔ دیوی نانگرانی کی منتخب غزلیں۔۔۔( انتخاب/ اسکرپٹ کی تبدیلی) ۷۔ لالٹین(ہندی ناولٹ)۔۔۔ رام پرکاش اننت ۸۔دوڑ (ہندی ناولٹ)۔۔۔ ممتا کالیا ۹۔ دوجی میرا (ہندی کہانیوں کا مجموعہ ) ۔۔۔ سندیپ میل ۱۰ ۔سترہ رانڈے روڈ (ہندی ناول)۔۔۔ رویندر کالیا ۱۱۔ پچاس کی دہائی کی بہترین ہندی کہانیاں(۱۹۵۰ء تا ۱۹۶۰ء) ۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۱۲۔ ساٹھ کی دہائی کی بہترین ہندی کہانیاں(۱۹۶۰ء تا ۱۹۷۰ء) ۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۱۳۔ موہن راکیش کی بہترین کہانیاں (انتخاب و ترجمہ) ۱۴۔ دس سندھی کہانیاں۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۱۵۔ قصہ کوتاہ(ہندی ناول)۔۔۔اشوک اسفل ۱۶۔ ہند کہانی ۔۔۔۔جلد ایک ۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۱۷۔ ہند کہانی ۔۔۔۔جلد دوم۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۱۸۔ ہند کہانی ۔۔۔۔جلد سوم ۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۱۹۔ہند کہانی ۔۔۔۔جلد چہارم ۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۲۰۔ گنگا میا (ہندی ناول)۔۔۔ بھیرو پرساد گپتا ۲۱۔ پہچان (ہندی ناول)۔۔۔ انور سہیل ۲۲۔ سورج کا ساتواں گھوڑا(مختصرہندی ناول)۔۔۔ دھرم ویر بھارتی ۳۲ ۔بہترین سندھی کہانیاں۔۔۔ حصہ اول۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۲۴۔بہترین سندھی کہانیاں ۔۔۔ حصہ دوم۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۲۵۔سب رنگ۔۔۔۔ حصہ اول۔۔۔۔(مختلف زبانوں کی منتخب کہانیاں) ۲۶۔ سب رنگ۔۔۔۔ حصہ دوم۔۔۔۔(مختلف زبانوں کی منتخب کہانیاں) ۲۷۔ سب رنگ۔۔۔۔ حصہ سوم۔۔۔۔(مختلف زبانوں کی منتخب کہانیاں) ۲۸۔ دیس بیرانا(ہندی ناول)۔۔۔ سورج پرکاش ۲۹۔انورسہیل کی منتخب کہانیاں۔۔۔۔ (انتخاب و ترجمہ) ۳۰۔ تقسیم کہانی۔۔۔۔حصہ اول۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۱۔سورج پرکاش کی کہانیاں۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۲۔ذکیہ زبیری کی بہترین کہانیاں(انتخاب و ترجمہ) ۳۳۔سوشانت سپریہ کی کہانیاں۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۴۔منتخب پنجابی کہانیاں ۔۔۔۔حصہ اول۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۵۔منتخب پنجابی کہانیاں ۔۔۔۔حصہ دوم۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۶۔ سوال ابھی باقی ہے (کہانی مجموعہ)۔۔۔راکیش بھرامر ۳۷۔شوکت حسین شورو کی سندھی کہانیاں۔حصہ اول۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۸۔شوکت حسین شورو کی سندھی کہانیاں۔حصہ دوم۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) ۳۹۔شوکت حسین شورو کی سندھی کہانیاں۔حصہ سوم۔۔۔۔(انتخاب و ترجمہ) تقسیم کہانی۔ حصہ دوم(زیرترتیب ) گناہوں کا دیوتا(زیرترتیب ) منتخب پنجابی کہانیاں حصہ سوم(زیرترتیب ) منتخب سندھی کہانیاں حصہ سوم(زیرترتیب ) کبیر کی کہانیاں(زیرترتیب )

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply