باقی کام چھوڑو بس آپ حلوہ پکاؤ۔۔۔سیٹھ وسیم طارق

ایک لوک کہانی کچھ یوں ہے کہ کسی ملک کا بادشاہ وفات پاگیا۔ اس کی تدفین کے بعد رعایا کو اپنا ایک بادشاہ چننا تھا۔ ان کے بادشاہ کے انتخاب کا طریقہ کار کچھ یوں تھا کہ تمام لوگ جو کہ بادشاہ بننے کے خواہشمند ہوتے تھے وہ ایک کھلی گراؤنڈ میں اکٹھے ہو جاتے اور ایک پرندہ ہوا میں چھوڑ دیا جاتا  تھا۔ وہ پرندہ جس کے سر پہ آ کر بیٹھ جاتا وہ ان کا اگلا بادشاہ بن جاتا۔ اپنے اصول کے مطابق انہوں نے پرندے کو ہوا میں  چھوڑا اور وہ ایک بندے کے سر پہ جا کر بیٹھ گیا۔ اب سب لوگ اس بندے کی طرف متوجہ ہو گئے کہ آخر یہ خوش قسمت کون ہے۔ وہ بندہ اس ہجوم کے مقصد سے ناواقف تھا۔ لوگوں نے مبارکباد دی کہ بھائی مبارک ہو آپ ہمارے ملک کے بادشاہ بن گئے ہیں۔

وہ بندہ کہنے لگا کہ لوگو میں تو آپ کے شہر کا نہیں ہوں ،روزی کی تلاش میں گھر سے نکلا تھا ہجوم دیکھا تو یہاں آ کر رک گیا۔ لوگوں نے کہا کہ آپ جو بھی تھے لیکن اب   آپ ہمارے بادشاہ ہیں۔ آپ جو بھی حکم دیں گے ہمیں من و عن منظور ہوگا۔ جو خواہش کریں گے وہ پوری کریں گے۔

بندہ کوئی درویش صفت انسان تھا۔ اس نے ایک منٹ سوچا اور پھر بادشاہ بننے کی حامی بھر لی اور اعلان کروا دیا کہ پورے ملک میں حلوے کی دیگیں پکائی جائیں۔ ہمیں کھلایا جائے اور تمام عوام کو بھی۔ لوگں نے حکم بجا لایا۔ اور حلوہ پکا کر کھلا دیا گیا۔ اگلے دن دربار لگا فریادی اپنی اپنی فریاد لے کر آئے بادشاہ نے فریاد سنی اور حکم دیا کہ حلوہ پکایا جائے اور اس فریادی کو بھی اور ہمیں بھی کھلایا جائے ۔

اب یہ روز کا معمول بن گیا جو بھی فریادی فریاد لیکر آتا اس کو حلوہ کھلا کر فارغ کر دیا جاتا اور اس کی فریاد کو نظر انداز کر دیا جاتا تھا۔ تمام لوگ بشمول فریادی حیران تھے کہ یہ کیسا بادشاہ ہے جو ہر وقت حلوے کے پکانے کا حکم دیتا رہتا ہے اور ہمارے بنیادی مسائل پہ توجہ ہی نہیں دیتا۔ آہستہ آہستہ یہ خبر دشمنوں تک پہنچ گئی کہ اس ملک کا بادشاہ ایک دم نکما اور بے وقوف ہے۔ حلوے کا بہت شیدائی ہے چنانچہ انہوں نے موقع غنیمت جانا اور حملہ بول دیا۔

سپاہیوں نے آکر بتایا کہ بادشاہ سلامت ساتھ والے ملک نے ہم پہ حملہ بول دیا ہے ہمارے لیے کیا حکم ہے بادشاہ نے حکم دیا کہ حلوہ پکاو مجھے بھی کھلاؤ اور خود بھی کھاؤ۔ حکم کی تعمیل کر دی گئی ۔ کچھ دیر بعد ایک سپاہی اور آیا اور بولا کہ بادشاہ سلامت حملہ آوروں نے ہمارا آدھا رقبہ اپنے قبضے میں لے لیا۔ کیا حکم ہے ہم بھی جوابا ً حملہ بول دیں؟؟ بادشاہ نے بات سنی ان سنی کر دی اور حلوہ پکانے کا فرمان پھر سے جاری کر دیا۔ جس پہ عمل ہو گیا۔

ایک  سپاہی اور دوڑتا ہوا آیا اور عرض کیا سرکار دشمن ہمارے قلعے تک پہنچنے والا ہے ہمیں بتائیے کہ اب ہمارے لیے کیا حکم ہے بادشاہ نے کہا کہ ایسا کرو آپ پھر حلوہ پکاؤ۔ آپ بھی کھاؤ اور مجھے بھی کھلاؤ۔ اتنی دیر میں دشمن قلعے پر چڑھ دوڑے تو ایک وزیر بولا کہ بادشاہ سلامت اب کیا حکم ہے دشمن تو گھر میں گھس گیا ہے۔ بادشاہ نے کہا کہ آپ ایسا کرو کہ میرا وہ ڈنڈا اور گٹھٹری مجھے لا کر دو اب میں اپنے گھر چلتا ہوں۔ اب آپ لوگ جانو اور تمہارا دشمن جانے میں تو بس چند دن حلوہ کھانے کیلئے آیا تھا۔ مجھے آپ اور آپ کے اس ملک سے کوئی سروکار نہیں۔ میں تمہارا بادشاہ نہیں ہوں۔ اتنا کہا اور بادشاہ سلامت نے گٹھڑی سر پہ رکھی اور اپنے گھر کو ہولیا۔

ہمارے ملک کی کہانی بھی اس لوک کہانی سے مختلف نہیں ہے۔ شہباز شریف صاحب نے الودعائیہ خطاب کیا اور اس میں بیان دیا کہ اب آپ لوگ جانو اور آپ کی لوڈ شیڈنگ جانے مجھے کل کوئی کچھ نہ کہے میں اپنے گھر جا رہا ہوں اب۔ حالانکہ 2013  میں اس بندے کا منشور ہی یہی تھا کہ دو ماہ میں بجلی کے بحران پہ قابو پا لیا جائے گا۔ اور پورے پانچ سال حلوہ کھانے میں گزار دی لیکن بجلی نہ بن پائی۔ ملک میں اچھے ہسپتالوں کی کمی ہے لیکن جناب نے پورے پانچ سال صرف سڑکوں کو ہی اہمیت دی۔ ملک پانی کے مسئلہ سے دوچار ہونے والا ہے لیکن کسی کو کوئی پرواہ نہیں سب نے اپنے اپنے حصے کا حلوہ کھا لیا ہے اب جب دن ختم ہو گئے ہیں تو اپنا اپنا بوریا بستر سمیٹ کر کہتے ہیں کہ اب آپ جانو یا آپ کے مسائل ہمیں کوئی کچھ نہ کہے۔

Advertisements
julia rana solicitors

اب آپ لوگ بتائیں کہ اس میں بادشاہ کا قصور ہے یا اس عوام کا جس نے اندھے ہو کر ان کو اپنا بادشاہ من و عن قبول کیا اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ قصور سراسر ہماری عوام کا ہی ہے۔ اب بس منت ہی ہے کہ خدارا اب کی بار آنکھیں کھول کر اور بریانی کے ڈبے کو پس پشت ڈال کر  کسی ایسے کو ووٹ دیں جو کہ حلوہ کھانے والا نہ ہو بلکہ لوگوں کے اور ملک کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کیلئے حقیقی معنوں میں کوئی سدباب کر نے والا ہو ۔ اگر پھر اب کی بار ایسا نہ کیا تو تم لازمی مٹ جاؤ گے۔ وہ پانچ سال بعد پھر اپنی گٹھڑی کندھے پہ رکھ کر لندن کو جاتا ہوا کہے گا کہ بھئی آپ لوگ جانو یا آپ کے مسائل میرا اب آپ سے کوئی تعلق واسطہ نہیں ہے۔

Facebook Comments

سیٹھ وسیم طارق
ھڈ حرام ، ویلا مصروف، خودغرض و خوددار

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply