امریکی صدر کا گوانتا ناموبے جیل کھلی رکھنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدنام زمانہ گوانتا ناموبے جیل کھلی رکھنے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹیٹ آف دی یونین سے اپنے پہلے خطاب میں کیوبا میں قائم گوانتا ناموبے جیل کھلی رکھنے کا اعلان کردیا۔

اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک سال میں نمایاں پیشرفت کی۔ گزشتہ سال امریکا کو نئے ہیروز ملے۔ ہماری قوم کو مختلف مسائل درپیش تھے۔ ہماری کامیابیوں سے امریکیوں کے خواب شرمندہ تعبیر ہوں گے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایک سال میں ترقی اورخوشحالی کے ریکارڈ قائم کیے۔ سب مل کر امریکا کو پرامن اور خوشحال بنا رہے ہیں۔ ایک سال کے دوران کئی چیلنجز کا سامنا رہا۔ امریکیوں نے چیلنجز کو بہادری کے ساتھ قبول کیا۔

اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں اختلافات کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہوگا۔ ’امریکی عوام مضبوط ہیں اس لیے اسٹیٹ آف دی یونین بھی مضبوط ہے‘۔

انہوں نے سابق صدر اوباما کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اوباما ہیلتھ کیئر سے نقصان ہوا، انفرادی مینڈیٹ کا زمانہ گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مذہبی آزادی کا تحفظ یقینی بنایا۔ کانگریس عوام کی خدمت میں کوتاہی برتنے والے سرکاری اہلکاروں کو فارغ کرنے میں مدد کرے۔ امریکا سے باہر جانے والی کمپنیاں بہتر معاشی حالات کے باعث واپس لوٹ رہی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کے لیے ٹیکس 35 فیصد سے گھٹا کر 21 فیصد کر دیا۔ امریکی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے قانون بنایا جائے گا۔ امیگریشن اور سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے قانون سازی کریں گے۔ ’ہم اپنے شہریوں کا رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر تحفظ کریں گے۔ ڈیمو کریٹ اور ری پبلکن بلا امتیاز ہر شہری کے تحفظ کو یقینی بنائیں‘۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ کھلی سرحدوں کا مطلب امریکا میں منشیات اور گینگز کی آمد ہے۔ کھلی سرحدوں سے ہمارے کم آمدنی والے طبقے کو نقصان ہوا۔ ’حالیہ دنوں میں نیویارک میں ہونے والے دہشت گرد حملے ویزا لاٹری پروگرام کی وجہ سے ممکن ہوئے۔ دہشت گردی کے اس دور میں ہم ویزا لاٹری جیسے منصوبوں کا رسک نہیں لے سکتے‘۔

صدر ٹرمپ نے تارکین وطن کے بچوں ’ڈریمرز‘ کو 12 سال میں شہریت دینے کا اعلان بھی کیا۔ ’بغیر دستاویزات والدین کے ساتھ آنے والوں کو تعلیم کی بنیاد پر شہریت دیں گے۔

امریکی صدر نے گوانتانا موبے جیل قائم رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گوانتانا موبے جیل قائم رکھنے کے صدارتی حکم نامے پر دستخط کر کے آیا ہوں۔ داعش کے خاتمے تک جنگ اور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ ’آج کانگریس پر زور دیتا ہوں کہ ایم ایس 13 اور دیگر جرائم پیشہ گروہوں کو راستہ دینے والے لوپ ہولز کو بند کر دے‘۔

انہوں نے کہا کہ امریکی جوہری ہتھیاروں کو مزید جدید بنائیں گے۔ چین اور روس ہمارے مفادات کو چیلنج کر رہے ہیں۔ کانگریس دفاعی اخراجات میں کٹوتی ختم کر کے فوج کو معاشی تعاون فراہم کرے۔ ’طاقت ہی ہمارادفاع ہے‘۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ افغانستان میں مصنوعی ڈیڈ لائنز بتا کر دشمنوں کو چوکنا نہیں کریں گے۔ شمالی کوریا سے متعلق پچھلی حکومت کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔ ایران سے جوہری معاہدے میں خامیوں کی کانگریس نشاندہی کرے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو شمالی کوریا سے خطرات ہیں۔ امریکی امداد دوستوں کے پاس جانی چاہیئے، دشمنوں کے پاس نہیں۔ ’ہم نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا ہے‘۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply