قسطیں کبھی نہ کروائیں/زید محسن

زندگی تجربات کا نام ہے جس میں ہم دن رات ہزاروں نئے تجربات سے گزرتے ہیں ، اور کیا ہی اچھا  ہو کہ اپنے تجربات کو ہم ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں اور معاملات سے آگاہ رہیں ۔

آج ایک تجربے سے یہ سبق حاصل ہوا کہ:”کبھی بھی بجلی وغیرہ کے بل کی قسطیں نہیں کروانی چاہئیں ۔”
کیونکہ جب ہم قسطیں کرواتے ہیں تو بجائے بوجھ ہلکا ہونے کے مزید بڑھنے کے خدشات  میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔اور وہ کچھ اس طرح ہوتا ہے کہ اگر آپ کا بل قسطوں میں چل رہا ہے اور اسی دوران بجلی کے ریٹ بڑھ جاتے ہیں تو ہماری “معزز کمپنی” بجائے ان نئے ریٹس کو اگلے مہینے سے لاگو کرنے کے ، آپ کے پورے کے پورے بل پر لاگو کر دیتی ہے اور یوں آپ کے پچھلے ادھار پر بھی نئے ریٹ فی یونٹ کے حساب سے لاگو ہو جاتے ہیں۔  جس کو یوں سمجھیں کہ اگر آپ نے ماہِ اگست میں دو سو (200) یونٹ استعمال کئے اور آپ کا بل   5000  آیا لیکن آپ کسی بھی وجہ سے پورا بل نہ بھر سکے اور اقساط بنوا کر ستمبر اور اکتوبر میں بھرتے رہے اور یوں آپ نے  50  یونٹ کا بل بھر دیا ، پھر اسی دوران بجلی مہنگی ہو گئی اور فی یونٹ 25  روپے سے بڑھ کر  35  روپے کا ہو گیا تو اب جو آپ کے پچھلے  150 ہیں ، ہماری “معزز کمپنی” ان پر بھی فی یونٹ کے حساب سے   10  روپے بڑھا دے گی اور دیکھتے ہی دیکھتے یا یوں کہہ لیجیے  کہ ایک چھڑی گھومتے ہی آپ کے باقی ماندہ  3,750 بڑھ کر  5,250  میں تبدیل ہو جائیں گے۔

اور یوں آپ جو ایک سہولت سے فائدہ اٹھا رہے تھے صرف اور صرف دیدے پھاڑے بل ہی دیکھتے رہیں گے کہ جتنے کا بل نہیں آیا تھا اس سے زیادہ کا بھرنا پڑے گا۔  اور اگر غلطی سے آپ کسٹمر کئیر پر چلے گئے تو حل یہی نکالا جائے گا کہ “نہیں بھر سکتے تو قسطیں بنوا لیں” تاکہ ایک بار پھر وہی پرانا کھیل دہرایا جا سکے اور اگر آپ نے اس پالیسی پر اعتراض کر دیا “کہ میری پچیس روپے کی خریدی ہوئی چیز کیسے پینتیس کی ہو گئی” تو قریب ہی لگے بورڈ کی طرف توجہ دلائی جائے گی کہ “جائیں اور وفاقی محتسب میں ہمارے اوپر کیس کر دیجیے ۔” پھر کیس ، وکیل ، سماعتیں ، کاغذات اور پتہ نہیں کیا کیا آپ کی زندگی کا مستقل حصہ بن جائیں گے ۔

اسی لئے اس جھنجھٹ سے بچیے اور مکمل بل یکمشت ہی ادا کر دیجیے ۔کہ “نہ ہوگا بانس نہ بجے گی بانسری”

Advertisements
julia rana solicitors

(یہ کراچی کا حال ہے ، دیگر شہروں کی پالیسیوں کے بارے میں ضرور بتائیں)

Facebook Comments

زید محسن حفید سلطان
ایک ادنی سا لکھاریسیک ادنی سا لکھاری جو ہمیشہ اچھا لکھنے کی کوشش کرتا ہے!

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply