پاکستان مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچ گئی ہے۔ نواز شریف سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس کیخلاف اپیلوں کے کاغذات پر دستخط کروائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئی ہے۔ سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور بیرسٹر ظفر اللہ ایئرپورٹ پہنچے۔ سینیٹ میں قائد ایوان اسحاق ڈار اور امجد پرویز بھی وی آئی پی لاؤنج میں پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق قانونی ٹیم نواز شریف سے ملاقات کرے گی۔ نواز شریف سے سیاسی وقانونی امور پر مشاورت ہوگی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نوازشریف ائیر پورٹ سے باہر نہیں آئیں گے۔ لاؤنج میں ہی ملاقات ہوگی۔ عدالتی عملہ بھی ائیرپورٹ پہنچ گیا۔ بائیو میٹرک سلپ کی کاپی نوازشریف کو دی جائے گی۔
سابق وزیرقانون نے غیررسمی گفتگو میں کہا کہ حفاظتی ضمانت پر قانونی عمل مکمل ہوجائے گا۔
دوسری جانب العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں تیار کرلی گئی ہیں۔ نواز شریف اسلام آباد ائیر پورٹ پر العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر دستخط کریں گے۔
بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کی قانونی ٹیم پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کرے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی اپیلیں عدم حاضری پر خارج کردی تھیں۔
نواز شریف اسلام آباد ہائیکورٹ سے سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرکے سزائیں کالعدم قرار دینے کی استدعا کریں گے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں