• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • جڑانوالہ سانحہ،سیاسی جماعتوں کی مذمت ، نگران وزیراعظم کا ایکشن

جڑانوالہ سانحہ،سیاسی جماعتوں کی مذمت ، نگران وزیراعظم کا ایکشن

جڑا نوالہ میں مسیحی عبادت گاہ پر حملے اورعلاقے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر نگران وزیراعظم نے سخت ایکشن لے لیا۔
تفصیلات کےمطابق جڑانوالہ واقعہ میں نگراں وزیراعظم نے ملوث شرپسند عناصر کو گرفتار کرکے سزا دینے کی ہدایت کردی ،دوسری جانب چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی کہا کہ جڑانوالہ میں مذہبی کشیدگی پر قابو پانے اور قیام امن کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جڑانوالہ میں چرچ کی بے حرمتی، مسیحیوں کے گھر جلانے کے واقعے کی شدید مذمت کی اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پوری قوم کے لئے یہ واقعہ باعث افسوس، قابل مذمت اور باعث ندامت ہے پنجاب حکومت واقعے کا فوری نوٹس لے کر قانون ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کی گرفت میں لائے ،مقامی آبادی کو تحفظ دیاجائے، جلائے جانے والے چرچ اور گھروں کی بحالی یقینی بنائی جائے قیام پاکستان اور دفاع پاکستان میں مسیحی برادری نے اہم کردار ادا کیا، قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ سانحہ 9 مئی کے مجرموں، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو سزا مل گئی ہوتی تو جڑانوالہ جیسے سانحے نہ ہوتے9 مئی کو مساجد، سکول، ایمبولینسز، جناح ہاؤس سمیت سرکاری عمارتوں کو جلایا گیا، شہدا، قومی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی جس ملک میں 9 مئی جیسے سیاہ واقعات کرنے والوں کی پزیرائی کی جائے۔
جبکہ جڑانوالہ میں مسیحی عبادت گاہ پر حملے اورعلاقے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تشویش اور افسوس کا اظہارکیا گیا ۔
تحریک انصاف نے مقامی انتظامیہ ، پولیس اور حکومتی مشینری کیجانب سے امنِ عامہ کی صورتحال بررقرار رکھنے میں ناکامی کی شدید مذمت کی
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ نہایت حساس نوعیت کے معاملے پر ریاستی و حکومتی مشینری کی مجرمانہ ناکامی قابلِ مذمت ہے،رنگ ، نسل، جنس، مذہب کے امتیاز کے بغیر شہریوں کے جان و مال کی سلامتی کا تحفظ ریاست کا بنیادی فریضہ ہے، اسلام امن و آشتی کا دین، دستور اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کا ضامن ہے۔
ریاستی مشینری کی جانب سے دستور سے انحراف شہریوں کے مابین لاقانونیت اور نظامِ عدل کی بےتوقیری کی صورت میں ظاہر ہو رہاہے،پنجاب کی نالائق اور نااہل حکومت جڑانوالہ میں پیش آنے والے واقعات کی تمام پہلوؤں سے تحقیق کرے اور پُر تشدد کارروائیوں کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کو حرکت میں لائے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply