• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • ڈاکٹر حسن منظر اور لیو ٹالسٹائی/ ایک نشست، گفتگو اور مکالمہ/ جمع و ترتیب : مسلم انصاری

ڈاکٹر حسن منظر اور لیو ٹالسٹائی/ ایک نشست، گفتگو اور مکالمہ/ جمع و ترتیب : مسلم انصاری

سوالات : ثریا صدیق، مسلم انصاری

میرے لئے سب سے مشکل اس سوال کا جواب دینا ہے کہ : “معاصرِ زمانہ یا ابتدائی ادوار کا کون سا فکشن نگار ناول یا افسانے کے اعتبار سے میرا پسندیدہ ہے؟” کیونکہ ایسا تو ممکن نہیں میں نے سب ہی کو پڑھا ہو اور پھر کسی ایک کا نام لینا دوسرے فرد کی دل آزاری ہو سکتی ہے!

ایسا ادیب جو لوگوں سے اس لئے ملنا پسند نہیں کرتا کہ دوسرے افراد و ادیب اس کے پائے کے نہیں اس ادیب کے ادیب ہونے میں ڈاؤٹ ہے یا یہ بھی کہا جا سکتا ہے وہ اپنے پیشے سے مخلص نہیں!

میں صبح اٹھتا ہوں نماز اور قرآن مجید کی تلاوت “زیادہ پڑھا لکھا نہیں ہوں بس قرآن پڑھا لکھا ہوں” اور ان دنوں مختلف تفاسیر پڑھتا ہوں پھر یہ اخبار وغیرہ
میں نے زیادہ تر وہی کتابیں مکمل پڑھیں جو مانگی ہوئیں تھیں کہ انہیں واپس لوٹانا تھا جو خود خریدیں وہ اس لئے نہیں پڑھ سکا کہ اپنی ہی ہیں اب بیچ بیچ میں سے کوئی نا کوئی کتاب پڑھ لیتا ہوں کسی کتاب کو مکمل کرنے کا ارادہ نہیں ہے اور طبیعت بھی ۔۔۔۔!

نہیں! میرا پوتا تو نہیں ہے اور بچوں، پوتیوں میں سے بھی کوئی اس جانب نہیں گیا ہے دو بہنیں اس (ادب) جانب کچھ مبذول ہیں والد صاحب کو انگلش لٹریچر بہت پسند تھا
(مسکراتے ہوئے) مجھے نہیں پتہ میرے بعد میری کتابوں کا کیا ہوگا!

ادبی حلقوں میں کم دکھتا ہوں میں نے ٹالسٹائی سے 3 چیزیں سیکھی ہیں جو کہ وہ زور دیتا ہے یعنی اس ایک کر دار  میں ان تین چیزوں کو انسان دشمن سمجھتا ہے
1- غصہ : وہ غصہ نہیں جو کوئی باپ اپنے بیٹے کو غلط کام سے روکنے کے لئے کرتا ہے بلکہ وہ غصہ جس میں آپ اپنا آپ کھو دیتے ہیں
2 -لسٹ/ lust : وہ نہیں جو بیوی کو شوہر سے ہے
3- بھوک : حد سے زیادہ کی طلب

ٹالسٹائی کے نزدیک یہ تین چیزیں انسان کو ذلیل کرواتی ہیں اسی طرح 3 چیزیں/اصول میرے ہیں جس کی میں دعا مانگتا ہوں کہ خدا مجھے اس سے بچائے
1-شہرت

2- عزت کا  لالچ کہ مجھے کوئی بڑا رتبہ ملے اور لوگ جھک کر سلام کریں

3- دولت

میرا خیال ہے کہ کسی بھی ادب میں لیو ٹالسٹائی کے جنگ اور امن کے پائے کا ناول نہیں ہے وہ اپنی جگہ ہے وہ چیز کچھ ایسی ہے کہ جس کے لئے اتنے بڑے پیمانے پر سوچا گیا ہے کہ اگر ایک آدمی نے رامائن، مہا بھارت لکھی ہے جیسا کہ ایک آدمی کو اس کا کریڈٹ بھی دیا جاتا ہے حالانکہ وہ ایک آدمی کا کام نہیں ہے لیکن ٹالسٹائی کا جنگ اور امن پڑھتے ہوئے مجھے ہمیشہ تعجب ہوا کہ یہ آدمی تھا یا کیا تھا؟ جس نے یہ لکھا اور 17 مرتبہ لکھا اور مطمئن نہیں ہوتا تھا میرا خیال ہے اتنی محنت سے کسی نے نہیں لکھا میرے لئے بڑا ناول یہی ہے!

میں نے خود وقت نکال کر کوئی کہانی افسانہ ایک دفعہ لکھا ہے زیادہ سے زیادہ یہ کیا ہے کہ کسی کتاب کے بعض حصّے دوبارہ لکھے ہیں کبھی ایک حصہ لکھا تو 50 سال کے بعد اس کا باقی حصہ لکھا ایک دو تو ایسے ہیں جنہیں 30 ، 40 برس پہلے شروع کیا تھا اور اب ان کے لئے کوشش کررہا ہوں اور دعائیں مانگتا ہوں کہ اس کے لئے مجھے زندہ مت رکھ لیکن اگر ہے زندگی تو اے اللہ اسے پورا کروادے کیونکہ اتنی محنت میں نہیں کرسکتا کوئی نہیں کرسکتا جتنی ٹالسٹائی نے اپنے جنگ و امن کے لئے کی!

گورکی، پریم چند جیسے تین چار مل کر ایسا ناول لکھ سکتے ہیں!

ایک چیز میں آپ کو بتاؤں! جب لوگ کسی ادیب کے بارے میں لکھتے ہیں تو اپنی پسند کا جو پوائنٹ ہے اسے لاتے ہیں اجاگر کرتے ہیں دوسرا پہلو بھول جاتے ہیں جیسے کہ لوگوں نے لکھا ہے کہ ٹالسٹائی عورتوں کی آزادی کے خواہاں تھے وغیرہ! نہیں!! بلکہ ایک مقام آتا ہے جہاں وہ اپنے ناول ڈرامہ (نام : Kreutzer Sonata) میں اس تک کے مخالف ہوجاتے ہیں کہ ہاسپٹل میں لڑکیاں نرسیں نہیں ہونی چاہئیں یعنی مردوں کے ہسپتال میں مرد ڈاکٹرز اور عورتوں میں عورتیں نرسیں!

ٹالسٹائی آخری عمر میں مسلمان ہوچکے تھے! آپ لوگ اگر ٹالسٹائی کے اوپر کام کریں آذربائیجان سے خط و کتابت کریں تو آپ کو وہاں سے بہت کچھ مل سکتا ہے کیونکہ عیسائی دنیا میں بہت کچھ چھپایا گیا ہے اسی طرح لیو ٹالسٹائی کی ایک کتاب تھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اوپر وہ چھپ کر کہاں گئی؟ وہ ملتی نہیں ہے! یہ ایک ایسا کام ہے جس کی ذمہ داری لے لی جائے تو آپ ٹالسٹائی کو بہتر طور پر جان سکتے ہیں!

یعنی کہ (ٹالسٹائی) انسان تھے فرشتے نہیں تھے ان کی خوبی یہ تھی کہ اپنی روزی خود پیدا کرنا چاہتے تھے حالانکہ بڑے زمین دار تھے انہوں نے موچی کا کام بھی کیا ان کے بنائے جوتے کسی نے پہنے ہی نہیں پھر ایک دن اینا کرینینا کی طرح اختتام میں نکل گئے اور۔۔ بس!

(جی آپ لوگ جب چاہیں ملنے آ سکتے ہیں میں یہیں ہوتا ہوں بس آنے سے پہلے ایک گھنٹہ قبل بتادیں تاکہ میں شب خوابی کا لباس بدل لوں)

Advertisements
julia rana solicitors london

نوٹ : مذکورہ باتیں محترم ڈاکٹر حسن منظر صاحب (ستارہ امتیاز) کی جانب سے فقط جوابات ہیں سوالات ہمارے نا سمجھ طالب علم ذہن کے مطابق تھے اسی لئے انہیں ہٹادیا ہے!

Facebook Comments

مسلم انصاری
مسلم انصاری کا تعلق کراچی سے ہے انہوں نے درسِ نظامی(ایم اے اسلامیات) کےبعد فیڈرل اردو یونیورسٹی سے ایم اے کی تعلیم حاصل کی۔ ان کی پہلی کتاب بعنوان خاموش دریچے مکتبہ علم و عرفان لاہور نے مجموعہ نظم و نثر کے طور پر شائع کی۔جبکہ ان کی دوسری اور فکشن کی پہلی کتاب بنام "کابوس"بھی منظر عام پر آچکی ہے۔ مسلم انصاری ان دنوں کراچی میں ایکسپریس نیوز میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply