لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پولیس مجھ سے بات کرے، سیاستدان ہوں، معقول راستہ نکال لوں گا۔
انہوں نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پولیس کو کہا ہے جو بات کرنی ہے، مجھ سے کریں، قا نون پر عمل کرنے کیلئے ہم درمیانی راستہ نکالتے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا یہ لوگ ملک میں افرا تفری پھیلانا چاہتے ہیں؟پی ٹی آئی کوئی خون خرابہ نہیں چاہتی۔
سابق وزیر خارجہ نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے استعمال کو فی الفور بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہم باہمی مشاورت سے ایک راستہ نکالنے کیلئے تیار ہیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کل کی ریلی اور مینار پاکستان جلسے کے اعلان کے بعد حکومت حواس باختہ ہوگئی ہے، ہم املاک اور جان کا نقصان نہیں چاہتے ہیں، ہم نے عدالتوں کا سہارا لیا ہے، ہمارے امیدوار حلقوں میں کاغذات جمع کروانے کیلئے گئے ہیں، مجھے قانونی طور پر قائل کر دیں۔
انہوں نے کہا مجھے وارنٹ دکھائیں، میں پڑھوں گا اور عمران خان سے بات کروں گا، میں نے کارکنان سے گزارش کی ہے کہ ہم نے پرامن رہنا ہے، ہمارے کارکنا ن پر شیلنگ اور تشدد کیا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا عمران خان پارٹی چیئرمین ہیں اور رہیں گے، پولیس بات کرے، ہوسکتا ہے ہم از خود گرفتاری دینے کیلئے تیار ہو جائیں، ہم قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے، 18 مارچ کو ہم عدالت میں پیش ہونے کیلئے تیار ہیں، آج کی کارروائی بلا جواز ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں