لاہور میں پی ٹی آئی ریلی کے اعلان کے بعد انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے آج ریلی نکالنے کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ر ینجرز کو طلب کر لیا، ریلیاں نکالنے پر پابندی عائد ہوگی۔
نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ نے ایک بار پھر اہم دن پر ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے، لاہور میں آج پی ایس ایل کا ایک میچ، 40 کلومیٹر کی میراتھن اور سائیکل ریس ہونے جا رہی ہے۔
عامر میر کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے دفعہ 144 لگائی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیے اور انہیں بتایا کہ آپ ریلی کی تاریخ کو آگے لے جائیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے رینجرز کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج صبح دفعہ 144 کے باعث زمان پارک سمیت دیگر اہم مقامات پر رینجرز تعینات کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے آج دوپہر 2 بجے انتخابی ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور میں انتخابی ریلی کی قیادت میں خود کروں گا، مجھے پتا ہے انہیں الیکشن سے بھاگنے کیلئے کچھ کرنا ہے، یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، یہ کسی اور کو بھی قتل کروا سکتے ہیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں