• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ موجود ہے، ورلڈ اکنامک فورم

پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ موجود ہے، ورلڈ اکنامک فورم

عالمی اقتصادی ادارے ورلڈ اکنامک فورم نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 2025 تک پاکستان کو درپیش 10 بڑے خطرات میں سے سب سے بڑا خطرہ خوراک کی کمی کا ہو گا جب کہ ملک کو اب بھی ڈیفالٹ کا خدشہ ہے۔

ورلڈ اکنامک فورم نے اپنی گلوبل رسکس 2023 رپورٹ میں بتایا کہ ڈیفالٹ کا سامنا کرنے والے دیگر ممالک میں ارجنٹائن، تیونس گھانا، کینیا، مصر اور ترکی شامل ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ان خطرات کو سامنے رکھ کر اپنی پالیسیاں اور ترجیحات نہیں بنائیں جس کی وجہ سے پاکستان کے لیے خطرات بدستور موجود ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اقتصادی میدان میں پاکستان بحرانی کیفیت سے گزر رہا ہے اور آنے والے وقت میں اس میں شدت آنے کا خدشہ ہے۔ لیکن اس کے باوجود پاکستان کا اس بحران سے نکلنے کے لیے اب تک کوئی روڈ میپ سامنے نہیں آرہا ۔

گلوبل رسک رپورٹ 2023 میں سائبر سیکیورٹی، دہشت گرد حملوں، مہنگائی اور معاشی بحران سمیت پاکستان کو اگلے دو سال میں درپیش 10 بڑے خطرات کا ذکر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، بھارت اور افغانستان سمیت خطے کے دیگر ممالک کو درپیش علاقائی تنازعات میں پانی کے انفراسٹرکچر کو ہتھیار یا ہدف کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ فورم نے علاقائی اور ماحولیاتی خطرات کو بھی رسک قرار دیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی کی رفتار کم ہونے اور افراطِ زر کے باعث اشیاء مہنگی ہونے سے لاکھوں افراد بھوک کا شکار ہو سکتے ہیں۔ خطے میں موجود دیگر ممالک آبی وسائل کو پاکستان کے خلاف علاقائی تنازعات میں بطور ہتھیار بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ ڈیٹا چوری، سائبر جاسوسی سمیت ڈیجیٹل سیکٹر میں اجارہ داری اور قرضوں کا بحران بھی 10 بڑے خطرات کی فہرست میں شامل ہے۔

اکنامک فورم کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے اور ماحول کوان کے مطابق ڈھالنے میں ناکامی قدرتی آفات کا باعث بن سکتی ہے۔عالمی اقتصادی فورم نے عالمی سطح پر جیو اکنامک ٹینشن، انرجی اور فوڈ کرائسز کی بھی نشان دہی کی ہے۔

دوسری جانب ورلڈ بینک نے عالمی معاشی اثرات سے متعلق جاری رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب اور سیاسی بے یقینی نے بُری طرح متاثر کیا۔

Advertisements
julia rana solicitors

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر زرعی زمین کو تباہ کر دیا جس سے ملک میں اجناس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ۔ پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں سمیت مشکل معاشی حالات کا سامنا ہے، دسمبر 2022 میں مہنگائی کی شرح ساڑھے 24 فی صد رہی جو 1970 کی دہائی کے بعد بلند ترین سطح ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply