ڈاکٹر عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کےلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا۔ تیئس جون کو قبر کشائی کی جائے گی۔عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ بشریٰ نے عدالتی فیصلہ کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے لئے چھ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ قبر کشائی23 جون کو صبح ساڑھے نو بجے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر کی جائے گی۔
میڈیکل بورڈ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا ہے۔ایڈیشنل پولیس سرجن شاہد نظام،ایچ او ڈی فرانزک میڈیسن جناح پرویز مخدوم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔فرانزک ایکسپرٹ ڈاکٹر ہری رام، ڈاکٹر گلزار علی سولنگی اور ایم ایل او ڈاکٹر اریب بقائی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ بشریٰ عدالت پہنچ گئیں۔ وکلا کے مطابق انہوں نے قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم سے متعلق جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کی سرٹیفائیڈ کاپی حاصل کرلی۔
و کلا کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ کی جانب سے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نےمعروف ٹی وی شخصیت اور رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت کے تحریری حکم نامے کے مطابق ورثا کا مؤقف ہے کہ عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے ان کی قبر کی بے حرمتی ہوگی تاہم جب موت مشکوک ہو اور جرم کا بھی خدشہ ہو تو انصاف کے نظام کو حرکت میں آنا چاہیے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پس پردہ حقائق کو سامنے آنا چاہیے۔ واضح ہے کہ عامر لیاقت کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور عامر لیاقت کی موت کی وجہ پتہ نہ چلنے سے سوال پیدا ہوتے ہیں کہ موت قدرتی ہے یا نہیں۔
یاد رہے کہ9 جون کو اچانک اپنے گھر میں مردہ پائے جانے والے عامر لیاقت کو کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں سپردِ خاک کیا گیا تھا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں