• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • مراسلے میں سازش ثابت ہو گئی تو استعفیٰ دیکر گھر چلا جاؤں گا، شہباز شریف

مراسلے میں سازش ثابت ہو گئی تو استعفیٰ دیکر گھر چلا جاؤں گا، شہباز شریف

اسلام آباد: نو منتخب وزیراعظم میاں شہباز شریف نے سپریم کورٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیا۔

ایوان میں 174 ووٹ حاصل کرنے کے بعد وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے والے میاں شہباز شریف نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ سلیکٹڈ کو گھر کا راستہ دکھایا، عمران خان کے جاتے ہی ڈالر 8 روپے سستا ہوا۔

میاں شہباز شریف نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ اگر مراسلےمیں سازش ثابت ہو گئی تو استعفیٰ دے کر گھر چلا جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کی کاوش سے اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بچا لیا ہے، یہ پہلا تاریخی موقع ہے کہ پاکستان میں کسی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی اور باطل کو شکست و حق کی فتح ہوئی۔

میاں شہبازشریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ آج کا دن پوری قوم کے لیے عظیم دن ہے کہ ایوان نے سلیکٹڈ اور جھرلو کی پیدوار وزیراعظم کو گھر کا راستہ دکھایا، عوام کے لیے خوشی کی بات اور کیا ہوگی کہ آج ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 8 روپے اونچا ہوا جس کی وجہ سے ڈالر 190 سے واپس 182 پر آگیا۔

انہوں نے کہا کہ کہا جاتا تھا کہ ڈالر ایک روپیہ اوپر جائے تو وزیراعظم کرپٹ ہوتا ہے، یہ 8 روپے نیچے گیا ہے تو اب کیا کہا جائے گا؟ یہ عوام اور ایوان کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا گزشتہ کئی دنوں سے جھوٹ بولا جارہا تھا اور ڈرامہ کیا جارہا تھا کہ کوئی خط آیا ہے، مجھے ابھی تک خط نہیں دکھایا گیا نہ میں نے خط دیکھا تاہم اس حوالے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجانا چاہیے۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ عوام اور ایوان کے ارکان جاننا چاہتے ہیں کہ اس خط کی حقیقت کیا ہے؟ عدم اعتماد کے حوالے سے ہم کئی دن پہلے فیصلہ کرچکے تھے لیکن اگر یہ جھوٹ ہے تو سب کے سامنے آنا چاہیے تاکہ یہ بحث ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے۔

انہوں ںے بحیثیت وزیراعظم پارلیمنٹ میں اعلان کیا کہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی میں خط پیش کیا جائے جس میں مسلح افواج کے سربراہان موجود ہوں، جس میں ڈی جی آئی ایس آئی، سیکرٹری خارجہ اور وہ سفیر بھی ہوں، میں بلا خوف تردید کہتا ہوں کہ اگر اس حوالے سے رتی برابر ثبوت مل جائے کہ ہم کسی بیرونی سازش کا شکار ہوئے یا ہمیں کسی بیرونی وسائل سے مدد ملی تو میں ایک سیکنڈ میں وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے کر گھر چلا جاؤں گا۔

میاں شہباز شریف نے واضح طور پر اعلان کیا کہ میں پہلی فرصت میں اِن کمیرہ سیشن کا انتظام کروا کر خط پر بریفنگ کرواتا ہوں۔

پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھانے والے نو منتخب وزیراعظم میاں شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گزشتہ حکومت کو میثاق معیشت کی پیش کش کی تھی، میری میثاق معیشت کی پیشکش کا دو مرتبہ حشر نشرکیا گیا۔

انہوں ںے دعویٰ کیا کہ اگر یہ زعم و تکبر میں نہ ہوتے اور وہ پیشکش قبول کرلیتے تو آج ملک آگے جارہا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رواں مالی سال سب سے بڑا بجٹ خسارہ کرنے جارہا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ ہونے جارہا ہے، 60 لاکھ لوگ بیروزگار ہو چکے ہیں اور دو کروڑ سے زائد افراد خط غربت سے نیچے جا چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کھربوں کے قرض لیے لیکن ایک اینٹ تک نہیں لگائی۔

Advertisements
julia rana solicitors london

نو منتخب وزیراعظم میاں شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ فرنٹ مین کے ذریعے کسان کو کھاد منہگی دی گئی، گزشتہ ماہ حکومت نے گندم و کھاد کو اسمگل کروایا، پاکستان گندم اور چینی کا برآمدکنندہ تھا لیکن آج درآمد کنندہ بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں کیا کیا بات کروں؟ فیکٹریوں کی چمنیاں بند ہوگئیں لیکن آج ہم ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کررہے ہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply