عورت ہونے کا گناہ۔۔محمد وقاص رشید

پہلا سانحہ 
مخبر۔۔۔ پاکستانی قوم کی ایک بیٹی سے زیادتی ہوئی ہے۔۔
ملائیت۔۔۔ جینز شرٹ میں ملبوس تھی ؟
مخبر۔۔۔ جی ہاں
ملائیت۔۔۔ شلوار قمیض پہنتی ناں،اسی کا قصور ہے!

 دوسرا سانحہ 
مخبر۔۔۔ملت کی ایک اور بیٹی سے درندگی کا واقعہ ہوا ہے
ملائیت۔۔۔جینز شرٹ میں ملبوس تھی ؟
مخبر۔۔۔۔نہیں شلوار قمیض دوپٹے میں تھی۔۔
ملائیت۔۔۔دوپٹے کی جگہ چادر کیوں نہ لی۔وہی گنہگار ہے!

تیسرا سانحہ 
مخبر۔۔۔حوّا کی ایک اور بیٹی کی عصمت دری کی گئی۔۔
ملائیت۔۔۔بس دوپٹہ کاندھے پر رکھا ہو گا ؟
مخبر۔۔۔جی نہیں چادر سے خود کو ڈھانپا ہوا تھا
ملائیت۔۔۔ وہی تو چادر کی جگہ گاؤن یا برقعہ پہنتی تو ایسا نہ ہوتا۔۔۔ سراسر اسکی غلطی!

چوتھا سانحہ 
مخبر۔۔۔ہوس کے پجاریوں نے ایک اور لڑکی کی بے حرمتی کر دی۔۔
ملائیت۔۔۔چادر لے رکھی ہو گی رنگین اور پُر کشش جس سے نیک مرد بھی بہک جائیں۔۔
مخبر۔۔۔نہیں نہیں باقاعدہ برقعہ پہن رکھا تھا۔۔
ملائیت۔۔۔ آج کل کے فیشن ایبل گاؤن بھی نہ بس۔۔۔۔مت پوچھو۔۔۔ ٹوپی والا برقعہ اسی لیے بہترین پردہ تھا، اسے پہن لیتی تو بچ سکتی تھی ۔ اب بھگتے!

پانچواں سانحہ 
مخبر۔۔۔ پاکستانی قوم کے بھائیوں نے اپنی قومی بہن کی عصمت دری کر دی۔۔
ملائیت۔۔۔ فیشن ایبل برقعہ پہنا ہو گا۔۔ نری دعوت گناہ
مخبر۔۔۔ نہیں نہیں ٹوپی والا برقعہ تھا۔۔۔
ملائیت۔۔۔ گھر سے نکلی ہی کیوں۔۔۔ اسلام عورتوں کو گھر میں رکنے کا حکم دیتا ہے۔۔۔ محرم کے بغیر تو حج اور عمرہ بھی نہیں ہوتا!

چھٹا سانحہ 
مخبر۔۔ایک چند سالہ معصوم بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔۔۔ او خدایا
ملائیت۔۔اصل میں نکاح جو عام نہیں۔۔ عورتیں ایسے ویسے لباس پہن کر گھومتی ہیں۔۔ اب مرد کوئی روبوٹ تو نہیں۔۔ یہی وجہ ہے۔۔۔ فحاشی اور عریانی اتنی پھیل گئی، اسی وجہ سے اسلام پردے کا حکم دیتا ہے، وہی عورتیں قصوروار ہیں جن کی وجہ سے مردوں کو شہوت ملتی ہے اور پھر آسان شکار بچے بچیاں انکا نشانہ بنتی ہیں ۔ ہر خرابی کی جڑ عورتوں کی بے پردگی ہے!

Advertisements
julia rana solicitors

ساتواں سانحہ 
مخبر۔۔۔ ایک پاکستانی عورت کے ساتھ جنسی پراگندگی کی انتہا کر دی گئی
ملائیت۔۔۔۔ لباس۔ ؟
مخبر۔۔۔۔۔ کفن تھا کفن۔۔ کل مری تھی۔۔۔گنہگار کہیں کی،قبر کا عذاب ہو گا ۔عورت ہونے کے گناہ کا عذاب۔۔۔ ہے ناں۔۔۔۔ ملاں صاحب ؟؟؟

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply