اللہ کریم

اللہ کریم
احسان عابد
ہمارے معاشرے میں خدا کا تصور کچھ اس طرح سے بن گیا ہےکہ جیسے وہ خدا نا ہو بس ایک ایسا شخص جسکے ہاتهوں میں ایک بهاری سا ڈنڈا ہو، لال آنکهیں، چہرے پر غیض و غضب. ہر وقت تیور چڑهے ہوئے. بهاری، غصیلی، گرجیلی آواز. مزاج ایسا ہیبت ناک کہ ہر وقت بس سزا دینے کیلئے تیار. بس چهوٹی سی لغزش ہوئی نہیں کسی کمزور بندے سے ،کہ اسکے جلال کا ڈنڈا سر پر برسا نہیں. ایک ایسا خدا جو معمولی سے گناه پر اپنے بندوں کو جلا بهنا کر تہس نہس کر دے۔
ایسا خدا جس سےکبھی سابقہ ہو تو انسان دور سے کنی کر جائے. جس کے پاس معافی نام کی کوئی چیز نہیں. یوں محسوس ہوتا ہے اس نے اپنی خلقت کو صرف مارنے، جلانے، سزا دینے اور اپنے مقام و مرتبہ اور جلال کی نمائش کرنے کیلئے پیدا کیا ہو. اور اگر اہل علم سے خدا کا تعارف پوچھ لیا جائے تو کہتے ہیں خدا سے ڈرو ،اسکے غیض و غضب کو تم جانتے نہیں. اسکے قہر سے ڈرو. اگر وہ جلال میں آیا تو تمہیں عبرت بنا دیگا. پهر خلقت کیوں نا خدا سے ڈرے اور سہمے۔
بهلا اس سے بهی قربت حاصل ہو سکتی ہے جس سے آپکو خوف ہو؟ قربت تو اسی کی اچهی لگتی ہے جس سے آپکو محبت ہو. جس کے اخلاق اور شائستگی سے دل کهنچا چلا جائے. جو رحیم ہو ،کریم ہو. جو خیال رکهے. جو معاف کر دے. جو حفاظت کرے. جو مشکل وقت میں کام آئے. جو غم میں دلاسا دے. جو ٹوٹے دلوں کو تسلی دے. جو خالی جهالیاں بهر دے.
در اصل ہمیں خدا کا تعارف غلط انداز سے کروایا گیا ہے. اگر خدا کیذات کو سمجھنا ہے تو اسکے نبی ص کو دیکھ لیجئے. اس نے ایسا نبی بهیجا جو اخلاق کے اتنے بلند مرتبہ پر فائز کہ اس سے زیادہ با اخلاق پوری کائنات میں کوئی نہیں. جو دینے پر آئے تو سب کچھ لٹا دے. جس کے پاس معافی ہے ،بدلہ نہیں. جو ظالم کو بهی معاف کر دے. بڑے سے بڑا گناہ گار آجائے تو اسکے لیے بهی امید. جو گفتگو کرے تو لفظوں سے پهول جهڑیں. جو مسکرا کردیکهے تو سارے غم دور ہو جائیں. جسکی ناراضگی میں بهی رحمت ہو. جو دشمنوں کےلئے بهی دعائیں کرے. جو غیروں کو اپنا کہے. جسکے پاس نفرت نام کی کوئی چیز نہیں. جو اپنا بدلہ معاف کر دے. جسے دشمن بهی صادق و امین کہیں. جو بچوں، جوانوں، بوڑهوں، خواتین سب کیلئے رحمت ہو. جو اپنے پرائے میں فرق نہ کرے. سب کو برابر نوازنے والا. اس پر جو ظلم کرے اسے بهی سینے سے لگانے والا. بد دعا جس کا نا پسندیدہ ترین عمل ہو. وه جسکے پاس جو بهی آیا نا مراد نہ لوٹا.
اب آپ بتائیں وہ خدا جس نے نبی اس قدر کریم بهیجا وہ خود کتنا رحیم و کریم ہوگا!!

Facebook Comments

احسان عابد
نا معلوم منزل کا راہی

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply