• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • پختون ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے کالام فیسٹیول کا آغاز

پختون ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے کالام فیسٹیول کا آغاز

اسلام آباد(کلچرل رپورٹر)خیبرپختونخوا کی ثقافت و سیاحت کے فروغ اور رونمائی کیلئے ٹورازم کارپوریشن اور محکمہ ثقافت کے باہمی اشتراک سے کالام فیسٹیول  کا رنگا رنگ تقریب سے آغاز ہوگیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل و امور نوجوانان محمد طارق تھے، ان کے ہمراہ ڈپٹی سیکرٹری محکمہ کھیل و سیاحت عادل سعید، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں، جشن کالام کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ہونگے جبکہ اختتامی تقریب 17 ستمبر کو منعقد ہوگی۔ محکمہ ثقافت اور ٹورازم کارپوریشن کے زیراہتمام منعقدہ کالام فیسٹیول میں 30 سے زائد صوبائی ثقافت پر مبنی سٹالز، صوبہ کے روایتی کھانے، بچوں کیلئے پلے لینڈ، موسیقی نائٹ، فوک ڈانس پرفارمنس، محفل شعر و شاعری، مختلف ثقافتی و روایتی کھیل، آتش بازی کا مظاہرہ اور اس کے علاوہ بہت کچھ شامل ہے، تاہم موسیقی نائٹ میں صوبہ کے نامور گلوکار جن میں شاہ سوار، ہمایون خان، میر وائس، عظمٰی فاروق، بسمہ نور، راشد خان، شاہد ملنگ اور دیگر اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کرینگے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت محمد طارق نے کہاکہ کالام کی تعمیر و ترقی کیلئے جاری ٹیڈو پراجیکٹس سے کالام میں سیاحت فروغ پائے گی اور امید ہے یہاں کی سڑکوں کی تعمیر اور بازار میں بیوٹیفیکیشن کے پراجیکٹ کے اس سیزن میں مکمل ہونے سے سیاح کثیر تعداد میں کالام کا رخ کرینگے۔ منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ کالام فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد کالام کے سیاحتی مقام کو پورے سال کیلئے آباد کرنا ہے تاکہ صرف سیاح گرمی کے سیزن میں ہی اس علاقہ کا رخ نہ کریں بلکہ سردیوں میں بھی ان مقامات کا رخ کیا جائے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply