امریکی کمانڈوز بمقابلہ عزیزی

“خبر ہے کہ دو گھنٹے قبل بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ سے صرف 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ضلع پشین کے علاقے میں افغانستان سے دو امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز میں آئے نیول سیل کمانڈوز کی جانب سے تھانہ صدر پشین سے چند قدم کے فاصلے پر موجود ایک عمارت میں خفیہ آپریشن کیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں امریکن سی آئی اے کو انتہائی مطلوب داعش کے ایک سرکردہ کمانڈر علی سعید بن عبدالرحمان الحوری سمیت 7 لوگوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ امریکی کمانڈوز جاتے ہوئے مذکورہ ہدف کی نعش بھی ساتھ لے گئے اور کمپاؤنڈ کو ملبے کے ڈھیر میں بدل گئے۔ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا۔ وزارت خارجہ و داخلہ اور آئی ایس پی آر سمیت کسی جانب سے تا حال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا”

ہم نے با آواز بلند “خبر” پڑھی تو عزیزی نے گویا بادل نخواستہ سمارٹ فون پہ چلتی گیم کو “پاز”   کرتے ہوئے سوالیہ و استعجابیہ نظروں سے ہماری جانب دیکھا۔ عزیزی خود موڈ میں نا ہوں تو انہیں کسی علمی، سیاسی یا فقہی مباحثے میں گھسیٹنا جوئے شیر لانے سے کم نہیں۔ یوسفی صاحب کی “آب گم” کے لافانی کردار بشارت کی طرح جو ہر افتاد پہ اپنی زوجہ کے اس سوال پر کہ اب کیا ہوئے گا؟؟ بے نیازی سے کندھے اچکا کر جواب دیتا تھا کہ “دیکھ لیویں گے” ایسے ہی خدا غارت کرے جب سے اس کمبخت سمارٹ فون نے عزیزی کو اپنا اسیر بنایا ہے ان کے سامنے کیسا ہی گھمبیر و سنجیدہ خاندانی، علاقائی یا عالمی مسئلہ رکھا جائے، کوئی ذاتی مشکل بیان کی جائے، ممکنہ حل پیش کر کے رائے طلب کی جائے ان کا جواب بس یہی ہوتا ہے کہ “ڈیہدے ہائیں” (دیکھتے ہیں)

عزیزی کو ہمہ تن گوش پاتے ہی ہم نے نیم فاتحانہ و نیم ملتجیانہ انداز میں کہانی ڈالی۔ قبلہ!!! امریکی صدر ٹرمپ کی نئی افغان پالیسی کے اعلان کے موقعہ پر پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ، امریکی وزارت خارجہ اور جرنیلوں کے تند و تیز بیانات اور سچی جھوٹی دشنام طرازیوں کے تناظر کو ذہن میں رکھتے ہوئے بتائیے کہ ہمارے منہ میں خاک، اگر جو ہرزہ سرائی ہم نے آپ کو متوجہ کرنے کیلئے فرمائی ہے دنوں، ہفتوں یا مہینوں میں اس سے ملتی جلتی کسی کاروائی کی سچ مچ خبر آ گئی تو پھر کیا ہوئے گا؟؟

Advertisements
julia rana solicitors london

سگ باش برادر خورد نہ باش، عزیزی نے پہلے تو خشمگیں نظروں سے ہمیں گھور کے گویا ڈانٹ پلائی پھر بھنویں اچکائیں اور آخر میں مسکراتے ہوئے موبائل پہ گیم کو “ریزیوم” کرتے ہوئے بولے “ڈیہدے ہائیں”

Facebook Comments

کاشف حسین
مجموعہ خیال ابهی فرد فرد ہے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply