• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • ریحام خاں نہیں جانتی ،کون سا نشہ کرنے والا کریش لینڈنگ کیسے کرتا ہے؟۔۔۔۔ غیور شاہ ترمذی

ریحام خاں نہیں جانتی ،کون سا نشہ کرنے والا کریش لینڈنگ کیسے کرتا ہے؟۔۔۔۔ غیور شاہ ترمذی

ریحام خان نے کہا ہے کہ نشہ کرنے والا کریش لینڈنگ کرتا ہے- ان کے اس بیان پر راقم کو جزوی اعتراض ہے- ریحام خان کے بیان کے مطابق کریش لینڈنگ کا مطلب ہے کہ وہ سب کچھ تباہ و برباد کر دیتا ہے- اپنا سب کچھ بیچ باچ کر وہ سڑک پر آ جاتا ہے اور گھر بار, معاشرہ کو تباہ کر دیتا ہے- راقم کا خیال ہے کہ سستا نشہ کرنے والے اور مہنگا نشہ کرنے والے کے نقصانات میں واضح فرق ہوتا ہے- اپنی بات کو واضح کرنے کے لئے آپ کی خدمت میں ایک کہانی پیش کرتا ہوں-

کارمن فلوریس بہت خوبصورت میکسیکن اداکارہ گزری ہے- اس نے سنہ 1981ء سے سنہ 1992ء کے درمیان میکسیکن ٹیلی ویژن کے سب سے طویل اور سب سے زیادہ مشہور ٹیلی ناولہ   (Telenovela) جیوگو ڈی ماریا (Juego de Maria) میں ماریا پیریز (Maria Perez) کا مرکزی کردار ادا کیا ہے- ٹیلی ناولہ ایسی ڈرامہ سیریز ہوتی ہے جس میں مرکزی کردار وہی رہتے ہیں مگر ان کے ارد گرد کی کہانی ہر قسط میں بدل جاتی ہے اور اس کا اختتام مرکزی کردار کی موت یا اس کی شادی وغیرہ پر ہوتا ہے- جیسا کہ پاکستانی ڈرامہ سونا چاندی, اندھیرا اجالا وغیرہ- انڈیا, پاکستان میں اسے سیریلائزڈ سیریز کہا جاتا ہے جبکہ لاطینی امریکہ, یورپ اور بعض دیگر ممالک میں اسے ٹیلی ناولہ کہتے ہیں-

اس مشہور ترین سیریل کی کہانی کے مطابق ماریا میکسیکو کے ایک دوردراز قصبہ ماٹامورس ٹاماؤلیپس (Matamoros, Tamaulipas) میں آباد منشیات کا کاروبار کرنے والے خونخوار قبیلہ کی سردار تھی- ہر ہفتہ کی کہانی میں ماریا پیریز کو خاندانی امور انجام دیتے, ماں کی ذمہ داریاں نبھاتے, منشیات کی خرید و فروخت کا حساب کتاب کرتے اور اس خطرناک کاروبار سے منسلک پرتشدد معاملات کو چلاتے ہوئے دیکھایا جاتا- یہ ڈرامہ اتنا مقبول ہوا کہ سنہ 1987ء میں اسے دیکھنے والوں میں سے 2 کروڑ 20 لاکھ لوگوں کے ووٹوں سے کارمن کو سنہ 1986ء, سنہ 1987ء اور سنہ 1989ء میں میکسیکو کی سب سے خوبصورت خاتون قرار دیا گیا- سنہ 1988ء میں کارمن یہ مقابلہ گلوکارہ ایوا یولانڈا اورٹز (Eva-Yolanda Ortiz) کے مقابلہ میں چند ووٹوں سے ہار گئی- ایوا بلاشبہ بہت خوبصورت عورت تھی-

اس ڈرامہ میں اداکاری سے کارمن کو اتنی آمدنی ہوئی کہ اس نے سنہ 1988ء میں میکسیکو سٹی کے ضلع لا کنڈوسا (La Condesa) میں پھیکے زرد رنگ کے ایک شاندار تین منزلہ گھر کاسا سیریزو (Casa Cerezo) کو خرید لیا- اس نے بہت خوبصورتی سے سفید دھبوں والے شیشہ, بلیچ لکڑی, افریقی مصری (ثعلب) سے ڈیکوریٹ کروایا- یہ اتنا خوبصورت گھر تھا کہ لوگ دور دور سے اسے دیکھنے آتے اور اس کی خوب تعریفیں کرتے-

بدقسمتی سے انتہائی توانا، تندرست، چوکس، محسوس کرنے کی خواہش میں کارمن 1991ء میں منشیات کی عادی ہو گئی اور بتدریج بڑھتے مہنگے نشہ کی طلب پوری کرنے کے لئے اس نے پاؤڈر نیلے رنگ کی کنورٹیبل مرسیڈیز 500SL گاڑی بھی فروخت کر دی- اس کی بڑھتی ہوئی نشہ کی عادت سے اس مشہور ٹیلی ناولہ کے لکھاری, ہدایت کار اور پروڈیوسر اتنے پریشان تھے کہ انہوں نے یکایک سنہ 1992ء کے اواخر میں کارمن کے کردار ماریا پیریز کو ایک مشہور اور رش بھرے سی فوڈ ریسٹورانٹ میں کھانا کھاتے ہوئے قتل کروا دیا- اس مرکزی کردار کی موت کے بعد سیریل کی کہانی سنبھل نہیں سکی اور یہ ٹیلی ناولہ جیوگو ڈی ماریا صرف مزید 9 اقساط کے بعد 1993ء میں اختتام کو پہنچ گیا-

چونکہ کارمن نے اپنا گھر کاسا سیریزو نقد ادائیگی پر خریدا تھا اس لئے وہ قرض ادائیگی جیسے معاملات سے نمٹنے کے لئے اسے کھو دینے کی اذیت سے بچ گئی مگر اب اس کے لئے اس میں رہنا اور اس کی دیکھ بھال رکھنا ناممکن ہو گیا تھا- اس نے کاسا سیریزو  میں قیمتی ڈیکوریشن کو فروخت کرکے سستی ڈیکوریشن سے سجانا شروع کر دیا- اس نے گھر میں خود رہایش رکھنے کی بجائے اسے کرایہ پر امریکن, آسٹریلین اور یورپین سیاحوں کی رہائیش کے لئے مختص کر دیا جہاں وہ ان کے لئے تفریح و دلبستگی کا سامان بھی بن جاتی یا مہیا کرتی-

وقت گزرتا رہا اور آج بھی کاسا سیریزو سیاحوں کی رہائیش کے لئے بہت معروف مقام ہے جس کی 68 سالہ مالکن کارمن فلوریس اپنے مہمانوں کی ٹیرس پر چھت کے باغ (Roof Garden) میں منٹ چائے سے تواضح کرتی ہے جہاں وہ طلوع ہوتے سورج کی کرنیں اپنے چہروں پر پڑتی ہوئی محسوس کرتے ہیں-

سیاحوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کو وہ اپنے ایک کمرہ کی رپائیش گاہ کے کرایہ, روزمرہ اخراجات پورا کرنے اور مہنگے نشہ کے اخراجات پورا کرنے کے لئے استعمال کرتی- اس عمر میں بھی کارمن کے جذبات اور خواہشات بہت بلند ہیں- اگرچہ سنہ 1992ء کے بعد اس نے کبھی کوئی آڈیشن نہیں دیا مگر آج بھی اس کا یہ خیال ہے کہ وہ اپنا اداکاری کا کیرئیر دوبارہ شروع کرے گی اور 1980ء کی دہائی جیسا عروج دوبارہ حاصل کرکے واپس کاسا سیریزو میں شفٹ ہو جائے گی-

ریحام خاں کو معلوم ہونا چاہئے کہ مہنگا نشہ استعمال کرنے والا ہر شخص کارمن کی طرح بھر پور توانائی محسوس کرنے کے ساتھ ساتھ بہت زیاد بولنا پسند کرتا ہے، ایسا شخص ذہنی طور پر الرٹ محسوس کرتا ہے، اسے معمول سے زیادہ اور بہتر دکھائی دیتا ہے، اس کی سننے کی حِس، چھونے کے حس بڑھ جاتی ہے، وقتی طور پر بھوک پیاس اور نیند بھی ختم ہو جاتی ہے، دنیا بھر میں کچھ لوگ کوکین کا استعمال کسی سخت جسمانی یا انتہا ئی انٹیلکچوئل مہم کے لیے بھی کرتے ہیں-

Advertisements
julia rana solicitors

اس تشریح کے بعد ریحام خان کو ثابت ہو چکا ہو گا کہ ان کا بیان سیاق و سباق سے کچھ ہٹ کر ہے- اسے یہ علم ہی نہیں کہ عام نشہ کرنے والا بے شک کریش لینڈنگ کر کے نقصان اٹھاتا ہے مگر مہنگا نشہ کرنے والا اپنی گزربسر کے لئے اپنا شاندار کاسا سیریزو بچا ہی لیتا ہے جس میں غیر ملکی سیاحوں کو کرایہ پر دے کر اپنا خرچہ پورا کر لیتا ہے-

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply