سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کیلئے رضامند

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)سری لنکا میں کرکٹ کے امور چلانے والا ادارہ ’سری لنکا کرکٹ‘ رواں برس دورہ پاکستان کے لیے اپنی قومی کرکٹ ٹیم بھیجنے کے لیے رضا مند ہوگیا۔سری لنکن کرکٹ چیف تھیلنگا سوماتھیپالا نے کہا کہ سیکیورٹی کی جانچ پڑتال کے بعد کرکٹ ٹیم کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے جن میں سے کم از کم ایک لاہور میں کھیلا جائے گا۔خیال رہے کہ 3 مارچ 2009 کو دہشت گردوں نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس کو اُس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا، جب وہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم جارہے تھے۔اس واقعے میں پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے جواںمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کردیا تھا اور سری لنکن ٹیم کی بس کے ڈرائیور نے ٹیم کو اسٹیڈیم تک پہنچا دیا تھا تاہم دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 پولیس اہلکاروں سیمت 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں سری لنکن ٹیم کے 7 کھلاڑی زخمی ہوگئے تھے، جبکہ پاکستانی امپائر احسن رضا بھی اس حملے میں دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بننے کے بعد زخمی ہوگئے تھے۔سری لنکا کرکٹ کے چیف سوما تھیپالا نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے ایک سیکیورٹی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور وہاں پر سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا جس کے بعد سری لنکا ٹیم کو پاکستان جاکر کھیلنے کی اجازت دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا اور پاکستان آئندہ ماہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سریز کھیلیں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ ان میں سے ایک میچ لاہور میں کرایا جائے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply