تبدیلی رے تبدیلی۔۔۔۔عنائیت اللہ کامران

1۔             موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام کو جو سہانے سپنے دکھائے تھے اور جو وعدے کئے تھے، یوں محسوس ہو رہا ہے کہ وہ سب محض اقتدار کے حصول کیلئے ایک سیاسی سٹنٹ تھے، . نہ تو لوٹی ہوئی قومی دولت کی واپسی کے لئے حکومت کوئی واضح روڈ میپ دے رہی ہے اور نہ ہی معاشی صورتحال حکومت کے کنٹرول میں نظر آ رہی ہے.

اقتدار میں آنے سے قبل وزیر اعظم جناب عمران خان صاحب نے واضح اعلان کیا تھا کہ وہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے بلکہ ان کے الفاظ سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں کہ وہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کی بجائے خود کشی کر لیں گے لیکن گزشتہ چند روز سے میڈیا میں مسلسل آرہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے آگے گھٹنے ٹیکنے والی ہے.

جناب عمران خان صاحب نے کنٹینر پر کھڑے ہو کر بارہا غریبوں کو جینے کے حق دینے کی بات کی تھی اور اس وقت کے حکمرانوں کے خوب لتے لئے تھے، انہوں نے بجلی گیس اور پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف بھی تشویش کا اظہار کیا تھا اور وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آکر وہ قیمتیں کم کردیں گے بلکہ وزیر خزانہ اسد عمر کے حوالے سے تو یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ پٹرول کی قیمت 46 روپے فی لیٹر ہونی چاہیے، لیکن یہ سب باتیں شاید اقتدار سے قبل محض ووٹ لینے کے لیے کی گئی تھیں کیونکہ اقتدار میں آنے کے بعد پی ٹی آئی حکومت نے ان میں سے کوئی ایک بات بھی پوری نہیں کی اور کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا ۔اس کے برعکس مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتیں بڑھی ہیں، حکومت آئی ایم ایف کے پاس قرض لینے جارہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہوئی ہے اور ایک اخباری اطلاع کے مطابق 51 دن میں2800 ارب روپے کا ملکی معیشت کو نقصان ہوا ہے. اوپر سے حکومتی وزراء جس قسم کی زبان اپنی پریس کانفرنسز  میں استعمال کررہے ہیں اس پر بھی تنقید ہورہی ہے.

حقیقت یہ ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ پی ٹی آئی کے لئے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں، اگرچہ سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کارکنان اپنی حکومت کے ہرجائز و ناجائز اقدامات کا بھرپور دفاع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن تبدیلی کی یہ ہنڈیا جو 51 دن میں ہی پھوٹ گئی ہے اب اس کی بچت مشکل ہی نظر آتی ہے.

وزیر اعظم یا ان کا کوئی وزیر جب کرپشن کے خلاف بات کرتا ہے تو بھی مختلف حلقوں کی جانب سے یہ بات دہرائی جاتی ہے کہ وہ اپنے دائیں بائیں کرپٹ لوگوں کو بٹھا کر کرپشن کے خاتمے کے دعوے کرتے ہیں، ہم کیسے یقین کرلیں. ٹیکس نیٹ میں اضافے کی باتیں اچھی ہیں اضافہ ہونا چاہیے  لیکن سردست ضمنی مالیاتی بل یا بجٹ میں سارا بوجھ غریب عوام پر ہی پڑا ہے. وزیراعظم صاحب فرماتے ہیں کہ صرف 70 ہزار افراد ٹیکس ادا کرتے ہیں لیکن حقیقت میں پوری پاکستانی قوم بلاواسطہ یا بالواسطہ سوئی سے لیکر واشنگ مشین تک ہر چیز پر ٹیکس ادا کررہی ہے. بجلی کے بلوں میں درجنوں ظاہری و پوشیدہ ٹیکس دے رہی ہے. نیلم جہلم ڈیم سرچارج اور پی ٹی وی فیس بھی بجلی کے بلوں میں ادا کررہی ہے جبکہ نہ ابھی تک نیلم جہلم ڈیم بنا ہے اور نہ ہی پی ٹی وی لوگوں کو میعاری معلومات اور خبریں فراہم کر رہا ہے.

حکمرانوں کے لئے میرا مشورہ یہی ہے کہ وہ میچورٹی اختیار کریں، اب وہ اپوزیشن میں نہیں بلکہ اقتدار میں ہیں اور 100 روزہ پلان سے لیکر وہ تمام وعدے اور دعوے جو عوام کے ساتھ آپ نے کئے تھے ان کی تکمیل کے لئے واضح روڈ میپ عوام کے سامنے پیش کریں. سود میں اضافے کی بجائے اس میں بتدریج کمی کرتے ہوئے اس کے خاتمے کا منصوبہ بنایا جائے.

عوام کے فنڈز سے ڈیم نہیں بن سکتا اور نہ ہی آئی ایم ایف ڈوبتی معیشت کو سہارا دے سکتا ہے، ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے کرپشن کا خاتمہ ازحد ضروری ہے اور جب تک قومی صنعتوں کو فروغ نہیں دیا جائے گا اور امپورٹ ایکسپورٹ میں توازن پیدا نہیں کیا جائے گا اس وقت تک زرمبادلہ کے ذخائر اسی طرح کم رہیں گے.

Advertisements
julia rana solicitors london

سب سے بڑی چیز اعتماد ہے. حکومت عوام کا اعتماد بحال کرے، جب عوام کو یقین ہوگا کہ ہمارے وسائل ضائع نہیں کئے جا رہے اور انہیں قومی تعمیر و ترقی پر خرچ کیا جا رہا ہے، ان وسائل کو حکمران وی آئی پی پروٹوکول اور اپنی سکیورٹی پر خرچ نہیں کررہے، حکومت عوامی وسائل عوام پر ہی خرچ کررہی ہے تو ٹیکس نیٹ میں ازخود اضافہ ہو گا. اپنی پریس کانفرنسوں میں اوئے وغیرہ جیسے الفاظ کا استعمال ختم کریں. سرکاری اداروں میں عام آدمی کی سفارش کے بغیر رسائی ممکن بنائی جائے. تھانہ کلچر حقیقتاً تبدیل کیا جائے. نیب اور الیکشن کمیشن پاکستان جیسے اداروں کوخودمختاری دی جائے، اور بیوروکریسی کو حقیقی معنوں میں عوام کا خادم بنایا جائے.

Facebook Comments

عنایت اللہ کامران
صحافی، کالم نگار، تجزیہ نگار، سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ سیاسی و سماجی کارکن. مختلف اخبارات میں لکھتے رہے ہیں. گذشتہ 28 سال سے شعبہ صحافت سے منسلک، کئی تجزیے درست ثابت ہوچکے ہیں. حالات حاضرہ باالخصوص عالم اسلام ان کا خاص موضوع ہے. اس موضوع پر بہت کچھ لکھ چکے ہیں. طنزیہ و فکاہیہ انداز میں بھی لکھتے ہیں. انتہائی سادہ انداز میں ان کی لکھی گئی تحریر دل میں اترجاتی ہے.آپ ان کی دیگر تحریریں بھی مکالمہ پر ملاحظہ کرسکتے ہیں. گوگل پر "عنایت اللہ کامران" لکھ کربھی آپ ان کی متفرق تحریریں پڑھ سکتے ہیں.

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply