فروٹ بائیکاٹ،جمعہ اور رمضان

اللہ تعالی ٰنے بہت سی چیزوں کودوسری چیزوں پر فضیلت دی ہے،بعض دنوں کو دوسرے دنوں پر فضیلت حاصل ہے،اور بعض راتوں کو راتوں پر،اسی طرح جمعہ کو سرداری و شرف حاصل ہے۔جمعہ باقی دنوں میں سید الایام ہے،اس کی وجہ تسمیہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ اس روز حضرت آدم علیہ اسلام کے اجزائے تخلیق جمع کیے گئے۔۔۔جمعہ کی فضیلت اس لیئے بھی ثابت ہے کہ اس دن کا خصوصی امتیاز اور شرف صرف امت ِ محمدیہ ﷺ کو بخشا گیا کسی اور امت کو نہیں۔

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اس دن کی فضیلت و برکت میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے،آج رمضان المبارک کا پہلا جمعہ ہے۔۔مجھے یاد ہے کہ بچپن میں جب بھی رمضان شروع ہوتا تو جو رمضان سے پہلے کوئی نیا سوٹ بنتا تو اماں کہتیں جمعہ کے روز پہننا،افطاری میں معمول سے ہٹ کر کچھ بنانا ہوتا،یا کسی کی افطار دعوت کرنا ہوتی تب بھی جمعہ کا انتخاب کیا جاتا،جھنگ بازار میں جمعہ بازار لگتا،جو آج بھی لگتا ہے،وہیں جھنگ بازار میں موتی مسجد کے پاس بٹ گوشت والے کی دکان تھی،یہ دکان آج بھی اسی جگہ موجود ہے،ابا جمعہ کے روز پورے ہفتے کا گوشت وہاں سے خرید کر لاتے، سبزی و پھل فروشوں کی کمائی بھی عام دنوں کی نسبت کچھ زیادہ ہوتی۔۔شاید وہ لوگ بھی اپنے بچوں کی فرمائش کے جواب میں جمعہ تک انتظار کرنے کا کہتے ہوں گے۔

Advertisements
julia rana solicitors

یہ بات اس لیئے یاد آگئی کہ آج پھل فروشوں کیخلاف تین روزہ ہڑتال کا پہلا دن ہے۔۔اور میں سوچ رہی ہوں کہ کتنے ریڑھی والوں نے اپنے بچوں سے یہ کہہ رکھا ہوگا کہ بیٹا جمعہ کو اچھی افطاری کھائیں گے،اس روز صاحب لوگوں کی چھٹی ہوتی ہے،مال زیادہ بِکتا ہے۔میں ہر گز یہ نہیں کہوں گی کہ آپ پہلے بڑے برینڈز کیخلاف ہڑتال کریں انہیں نتھ پہنائیں پھر ان چھوٹے لوگوں کی طرف آئیے گا،اگر آپ کسی پوش ایریا میں رہتے ہیں تو آپ پر ہرگز فرض نہیں ہے کہ آپ وہاں کھڑے کسی ریڑھی والے سے چار سو کا گرما خریدیں ،بلکہ وہی پھل اپنے علاقے سے باہر آکر خرید لیں،یقین مانیں پھل مناسب نرخوں پر دستیاب ہے،فروٹس کی دکان کو اسٹیٹس سمبل نہ سمجھیے،آج کے دن اور مہینے کی حرمت کا ہی کچھ خیال کریں، افطاری کے وقت کسی غریب کے خالی دستر خوان کو حسرت سے دیکھتے بچوں کے بارے میں ہی سوچ لیں،تحریک چلائیں،بائیکاٹ کریں،لیکن کسی کی زندگی اس پر تنگ نہ کریں، آپ تین دن میں کوئی انقلاب نہیں لا سکتے۔ہاں یہ ضرور ہوگا کہ بہت سے گھروں میں چولہا نہیں جلے گا،شام کی ہانڈی نہیں بنے گی،کوئی اپنے گھر میں موجود کسی بیمار کی دواء کے لیئے پیسے پورے نہ کر پائے گا،مہم ضرور چلائیے لیکن ماہِ مقدس کی فضیلت و حرمت کا پاس بھی رکھیے۔

Facebook Comments

اسما مغل
خیالوں کے سمندر سے چُن کر نکالے گئے یہ کچھ الفاظ ہی میرا تعارف ہیں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply