قتلِ ناحق۔۔۔عمران حیدر

نوٹ:آج عمران حیدر کی پہلی برسی ہے۔مکالمہ گروپ عمران حیدر کو آج بھی اسی طرح یاد کرتا ہے،اور اُن کے لیے دعا گو ہے کہ اللہ رب العزت انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں ۔آمین!

میرا قتل ہوا تھا۔۔۔
یہی کوئی تین سال پہلے گھر سے نکلا تو دو موٹر سائیکل سواروں نے گولی مار دی
جب تک جسم سے نکل کر انکا چہرہ دیکھتا وہ جا چکے تھے۔۔
ویسے چہرہ دیکھ بھی لیتا تو کیا کرتا، ایک مرا ہوا شخص کر ہی کیا سکتا ہے؟
ایک بیٹا تھا ایک بیوی، ماں باپ کو بڑھاپے میں جو درد دیا تھا انکا سامنا کرنے کی ہمت نہیں  ہوئی۔ سو وہیں سے قبرستان چلا آیا۔
اپنی بے وقت موت کا دکھ تو تھا مگر شکر ہے قبرستان میں اچھے ساتھی ملے جنہوں نے کافی حوصلہ دیا ۔آج تین سال ہونے کو ہیں جب بھی گھر سے کوئی آتا ہے تو قبر سے نکل کر دور چلا جاتا ہوں۔
اماں کے تو خیر گھٹنوں میں درد رہتا ہے شروع شروع میں آتی رہیں بعد میں آنا چھوڑ دیا ۔ کچھ ماہ پہلے آنے والے ماسٹر جی بتاتے ہیں اب اماں کے لیے چلنا ممکن نہیں  رہا، ہر وقت بیمار رہتی ہیں گلی محلہ بھی اچھا ہے زیادہ بیمار ہوں تو ہسپتال بھی لے جاتے ہیں ۔
یہی سوچ کر دل کو تسلی دیتا ہوں کہ میرا بیٹا جوان ہوجائے گا تو دادی کو سنبھال لے گا ۔
اور ابا شاید ناراض ہیں کبھی عید شب برات  پر بھی  ملنے نہیں  آتے ۔ جنازے کے ساتھ بھی آئے تو جنازہ پڑھ کے چل دیے۔
میری خواہش ہی رہی کہ جب قبر میں اتاریں گے تو ایک بار گلے لگا لوں گا۔۔مگر خیر غلطی تو میری ہی تھی اگر اس دن انکا کہا مان کر گھر میں رک جاتا تو آج شاید یہاں نہ  ہوتا ۔
میری بیوی اکثر بیٹے کے ساتھ آتی ہے
ساتھ کی قبر والے شیخ صاحب بتا رہے تھے میرے بیٹے کو قبر کی تختیاں پڑھنا آگئی ہیں اور سارا وقت اپنی ماں کو قبروں کے کتبے سناتا رہتا ہے۔۔
میری بیوی خاموشی سے قبر دیکھتی رہتی اور پھول چڑھا کر چلی جاتی ہے
پورے قبرستان میں صرف میری قبر ہے جس پر چنبیلی کے پھول ہوتے ہیں حالانکہ میری بیوی کو پھولوں سے الرجی تھی چنبیلی کا پھول تو دور سے دیکھ کر ہی اسے چھینکیں آنے لگتیں۔
میں اکثر اسے کہتا کہ مجھے چنبیلی کے پھول پسند ہیں اور شرارتا ً چنبیلی کا پھول اسے تنگ کرنے کے لیے خرید لاتا
وہ خوف سے آنکھیں بند کر لیتی اور میں وہ پھول اسکے ناک کے قریب کرتا کبھی اس پر پھینک کر قہقہے لگاتا
ناجانے اب کیسے وہ چنبیلی کے پھول خریدتی ہوگی ؟ اسکو تو ان سے الرجی تھی اور خوف کھاتی تھی۔
وہ پھول جب تک قبر پر پڑے رہیں میری ہمت نہیں  ہوتی کہ انکے قریب بھی جا سکوں۔
آج بھی وہ آئی تھی۔۔۔۔۔۔
میں رات کے اس پہر قبر سے باہر ان پھولوں کے سوکھ کے اڑ جانے کا انتظار کر رہا ہوں
اب مجھے بھی چنبیلی کے پھولوں سے الرجی ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors

Save

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply