حیران کن میگا انفرا سٹرکچر کی تعمیر کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے چین فن تعمیر کا ایک اور شاہکار اور اپنی نوعیت کا انوکھا پراجیکٹ مکمل کرنے جارہا ہے۔ شنگھائی شہر میں زیر زمین لگژری ہوٹل کی تیاری جاری ہے جس کی 17 منزلیں زمین کی سطح سے نیچے ہیں۔ ڈیپ پٹ نامی اس ہوٹل کو خوبصورت تیمانیا پہاڑوں کے بیچوں بیچ تعمیر کیا جارہا ہے جس کے لئے 100 میٹر زیر زمین کھدائی کی گئی ۔ 19 منزلوں والے اس ہوٹل کی 17 منزلیں زمین سے نیچے اور 2 زمین کے اوپر ہیں۔ ویسے تو یہ پراجیکٹ 2006 میں شروع کیا گیا تھا تاہم اس کی سائنسی فزیبیلٹی تحقیق، ارضیاتی پیچیدگیوں اور بنیادوں سے جڑے تعمیری مسائل اور مشکلات کو حل کرنے میں 7 سال لگ گئے جس کے بعد 2013 میں اس عمارت کی تعمیر کا آغاز ہوا اور اب یہ میگا سٹرکچر تعمیر کے مراحل تیزی سے طے ک ررہا ہے۔ نقشے کے مطابق مین بلڈنگ میں ہوٹل کی لابی، کانفرنس رومز، انٹرٹینمنٹ اور دیگر حصے ہوں گے جبکہ مجموعی طور پر ہوٹل 370 کمروں پر مشتمل ہوگا جس میں ابتدائی دو منزلیں پانی کے اندر ہوں گی اور سیاح ان کمروں میں زیر سمندر جیسے ماحول کا مزہ لے سکیں گے۔ منصوبے کے تحت اس پراجیکٹ میں ان ڈور اور آئوٹ ڈور گارڈن اور آبشاریں بھی بنائی جائیں گی۔
Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں