نکی کتنی بڑی ہو گئی

حال ہی میں اقوام متحدہ ميں تعینات ہونے والی امريکی سفير نکی ھیلے نے پاکستان اور بھارت کے درميان کشمير سميت تمام تنازعات کے حل کے لئے امريکی کردار کی بات کی تو تمام بھارتی قيادت اور حزب اختلاف کی جماعتیں اس کے گلے پڑ گئيں۔بھارتی النسل ہونے کے باوجود نکی کئی روز تک بے جی پی اور دیگر جماعتوں کے زیر عتاب رہیں۔نکی کا تعلق ايک سکھ گھرانے سے ہے جوکہ بھارتی پنجاب کے ضلع امرتسر سے امريکہ آيا۔نکی کا پيدائشی نام تو نمر تا رندھاوا تھا مگر اس کے والد اجيت سنگھ رندھاوا اور والدہ راج کور ہميشہ اسے پنجابی زبان ميں نکی يا چھو ٹی بچی کہہ کر پکارتے رہے۔نمرتا کو يہ پيار بھرا نام اتنا پسند آيا کہ اس نے نکی کو پہلے نام کے طور پر اپنا ليا۔ اب امريکہ اور ديگر ممالک ميں بہت کم لوگ ہی اسے نمرتا کے نام سے جانتے ہيں۔ 20 جنوری 1972 کو امريکہ ميں پيدا ہونے والی نکی نے ساؤتھ کيرولينا ميں ابتدائی تعليم حاصل کی۔ بعد ميں اکاونٹس ميں ڈگری لينے کے بعد عملی زندگی کا آغاز کيا۔ کئی امریکی کمپنيوں ميں چيف فنانشل آفيسرکی ذمہ دارياں ادا کيں۔ 2004 ميں امريکی سياست ميں قدم رکھا۔ تين مرتبہ ايوان نمائندگان کی رکن منتخب ہوئيں۔ 2010 ميں ساؤتھ کيروليناکی پہلی سکھ گورنر منتخب ہوئيں۔ تارکين وطن کے حوالے سے متعدد قوانين کی تياری اور نفاذ ميں اپنا کردار ادا کيا۔2014 ميں وہ دوبارہ گورنر منتخب ہوئيں مگر جنوری 2017 ميں استعفی ٰ دينا پڑا کيوں کہ ان کی تعيناتی اقوام متحدہ ميں سفير کے طور پر ہوچکی تھی۔ اسرائيل کے لئے نرم گوشے کی وجہ سے عموماً پاکستانی اور مسلم ممالک سے آئے تارکين وطن اسے پسند نہيں کرتے مگر پاک، بھارت مذاکرات کے سلسلے ميں ان کے موقف نے ان کے بارے ميں تاثر کو تھوڑا سا تو ضرور بدلا ہے۔ نکی اب اتنی بڑی ہوگئی ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ ختم کرنے کے قابل ہے۔

Facebook Comments

محمد لقمان
محمد لقمان کا تعلق لاہور۔ پاکستان سے ہے۔ وہ پچھلے 25سال سے صحافت سے منسلک ہیں۔ پرنٹ جرنلزم کے علاوہ الیکٹرونک میڈیا کا بھی تجربہ ہے۔ بلاگر کے طور پر معیشت ، سیاست ، زراعت ، توانائی اور موسمی تغیر پر طبع آزمائی کرتے ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply