عوامی عدالت نے نااہل کو اہل کردیا، مریم نواز

مانسہرہ میں سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 2 دن پہلے لودھراں کی عوامی عدالت نے اپنا فیصلہ دیا ہے اور عوامی عدالت نے نااہل کو اہل کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لودھراں کی عوامی عدالت نے عام انتخابات سے پہلے ہی مخالفین کو سزا سنادی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو عوام سے دور رکھنے کی سازش نے نواز شریف سے محبت کو عشق میں بدل دیا ہے اور یہ عشق ہی ہے کہ بار بار ہر عوامی عدالت سے نواز شریف کے حق میں فیصلہ آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ نواز شریف کا مقدمہ عوام نے اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے اور اب نواز شریف کا فیصلہ عدالتوں نے نہیں بلکہ آپ نے کرنا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کا رتی برابر بھی قصور ہوتا تو یوں ایک کے بعد ایک عوامی عدالت سے حق میں فیصلہ نہ آرہا ہوتا۔ اب ’مجھے کیوں نکالا‘ کا مذاق بنانے والے خود آج کہتے ہوں گے نواز شریف کو کیوں نکالا۔

انہوں نے کہا کہ کبھی کہتے ہو نواز شریف ملک کے اندر نہيں آسکتے تو کبھی کہتے ہو باہر نہیں جاسکتےا اور پہلے سات سال نواز شریف کو باہر رکھا لیکن اب کہتے ہو باہر نہیں جاسکتے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ضرورت نہيں۔ ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں اور نواز شریف اور بچے یہیں رہیں گے۔

اس سے قبل مریم نواز (ن) لیگ کے سوشل میڈیا یوتھ کنونشن میں شرکت کیلئے مانسہرہ پہنچیں تو لیگی کارکنان کی جانب سے ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست تبصرہ تحریر کریں۔

Your email address will not be published. Required fields are marked *