پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے کینیڈا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 35واں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے لئے کینیڈا بھجوایا جائے گا۔ اس حوالے سے پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن (PWCTA) اور حکومت پنجاب کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
اجلاس میں پنجاب کی تاریخ میں ہسپتالوں کی تعمیر ومرمت کے سب سے بڑے پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔ ہسپتالوں کے6لاکھ مربع فٹ سے زائدایریا کی اپ گریڈیشن اورتعمیر وتوسیع کیلئے اضافی فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی ہے۔
سیکرٹری صحت نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں پہلی بار 15ہزار نئے بیڈز فراہم کیے جارہے ہیں۔ ہسپتالوں میں پہلی بار جدید ترین ماڈیولرآپریشن تھیٹر قائم کیے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن پراجیکٹس کی تکمیل تک وزراء اورسیکرٹریز کو مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹس کی تکمیل تک ہر سطح پر کاوشیں جاری رکھی جائیں۔
دوران اجلاس کینسر کے مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی کے پروگرام میں توسیع کی منظوری دی گئی ہے۔ پنجاب کابینہ نے نوارٹس کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کی منظوری دے دی۔ سی ایم ایل پراجیکٹ کے تحت کینسر کے مریضوں کوانتہائی مہنگی ادویات Afinitor اور Jakaviمفت فراہم کی جائیں گی۔
دوران اجلاس سیکرٹری آبپاشی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 10سال بعد 2200نہروں کی بھل صفائی اور کناروں کی تعمیر و مرمت کی جارہی ہے۔ 231 نہروں پر بھل صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ بھل صفائی مہم کا پہلا اوردوسرا مرحلہ 15فروری میں مکمل ہوگا۔بھل صفائی مہم کا تیسرا مرحلہ مارچ میں شروع کیا جائے گا۔
اجلاس میں قیام پاکستان کے بعد پہلی دفعہ پنجاب میں مسیحی برادری کیلئے میرج اورطلاق کے قوانین کا نفاذ یقینی بنانے کیلئے پنجاب کرسچن میرج رولز 2023 ء کی منظوری دی گئی ہے۔
پنجاب کابینہ نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب کابینہ نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کیلئے گندم مختص کرنے کی درخواست کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کلاؤڈ بورڈ قائم کیا جائے گا۔ آئندہ ڈیٹا سینٹرکی ضرورت نہیں رہے گی۔
تعلیمی سیشن 25-2024 کے لیے مفت نصابی کتب کی فراہمی کے لیے فنڈز کے اجراء کی منظوری دیدی گئی۔ سی بی ڈی پنجاب میں ڈپلومیٹک انکلیو میں نئے چینی قونصلیٹ کے قیام کیلئے این او سی کے اجراء کی منظوری بھی دیدی گئی۔
ایس او ایس،چلڈرن ولیج، چلڈرن ہوم، یوتھ ہوم اور سکولزرحیم یار خان کے قیام کے لیے زمین کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ لاہور میں شہریوں کو ان کے گھروں میں سروسز کی فراہمی کے پروگرام ”دستک“ کے نفاذ کی منظوری دیدی گئی ہے۔ نادرا اور محکمہ داخلہ پنجاب کے درمیان معاہدے میں توسیع کی منظوری بھی دیدی گئی۔
گجر کالونی میں بائیو گیس پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام-24 2023 میں شامل کرنے اورفنڈز کے اجراء کی منظوری دیدی گئی۔ سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق پنجاب گورنمنٹ سرونٹ (کنڈکٹ) رولز 1966 کے ضابطہ 21 اور 22 میں ترمیم کی منظوری دیدی گئی۔ پنجاب اینیمل ہیلتھ ایکٹ کے ضابطہ 7، 13 اور3 کے تحت نوٹیفیکیشن کے اجراء کی منظوری دیدی گئی ہے۔
پنجاب ایگریکلچر اینڈ میٹ کمپنی (PAMCO) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کیلئے نامزدگیوں کی منظوری دیدی گئی۔ پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پرائیویٹ ممبرز شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی،بورڈ آف ریونیواور محکمہ جنگلات کے درمیان سہ فریقی معاہدے میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دیدی گئی ہے۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ میں دو تکنیکی ماہرین کی نامزدگیوں کی منظوری دیدی گئی۔
پنجاب میں تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیزکے چیئرمین صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر ہوں گے۔ جس کی کابینہ نے منظوری دے دی۔
جی ٹی روڈ (بے نظیر چوک) سے لاہور – سیالکوٹ موٹروے (واہنڈو) تک دو رویہ سڑک پر سروس ایریاز کے قیام اور ٹول کے لیے اراضی پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کو منتقل کرنے کی منظوری دیدی گئی۔
فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے آرٹسٹ انڈومنٹ فنڈ کے لیے فنڈز کے اجراء اور ممبران کی نامزدگی کی منظوری دیدی گئی۔
اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 14ویں اور 15ویں اورکابینہ سٹینڈنگ کمیٹی قانونی امور و نجکاری کے 12ویں اجلاسوں کی کارروائی کی توثیق کی گئی۔
اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، آئی جی،ایڈووکیٹ جنرل، سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں