فرانس کے شہنشاہ نپولین بوناپارٹ کا ا یک ہیٹ پیرس میں ایک نیلامی میں ریکارڈ بیس لاکھ گیارہ ہزار ڈالر میں فروخت ہوا ہے۔
شہنشاہ فرانس نپولین بونا پارٹ کا سیاہ بائیکورن ہیٹ پر فرانسیسی پرچم کے رنگوں والا نیلا، سفید اور سرخ تمغہ بھی چسپاں ہے۔ اس سے پہلے یہ ٹوپی فرانسیسی تاجر ژاں لوئس نوزیز کی ملکیت تھی جن کا گزشتہ برس انتقال ہو گیا تھا۔
فونٹین بلیو میں واقع نیلام گھر نے اس ٹوپی کے خریدار کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ تاہم ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ آخری بار نپولین کی ایک اور ہیٹ سن 2014 میں جنوبی کوریا کے ایک تاجر نے 1,884,000 یورو میں خریدا تھا، اس طرح یہ پرانا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔
نیلام کرنے والے ژاں پیئر اوسنٹ نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ہیٹ نپولین کا ٹریڈ مارک سمجھا جاتا تھا اور وہ اپنی زندگی میں ایسی 120 ہیٹ کے مالک تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نپولین ہیٹ کو اس طرح پہنتے تھے کہ اس کے کونے ہمیشہ ان کے کندھوں کے ساتھ مطابقت رکھتے تھے، جب کہ اس دور میں بیشتر لوگ اس کے کونے آگے اور پیچھے کی جانب رکھ کر پہنتے تھے۔
یادرہے نپولین کے حالات زندگی پر بننےوالی ہالی وڈ کی ایک فلم ریلیز کی منتظر ہے ۔
ڈائریکٹر رڈلے سکاٹ کی فلم ’نپولین‘ میں فرانس کے بادشاہ نپولین بونا پارٹ اور ان کی اہلیہ جوزفین کے تعلقات پر خصوصی طور پر توجہ دی گئی ہے۔
تاہم سکاٹ رڈلے کی جانب سے ایک حالیہ تبصرے کی وجہ سے، جس میں انھوں نے نپولین کا موازنہ سکندر اعظم، ہٹلر اور سٹالن سے کیا، یہ فلم ریلیز ہونے سے قبل ہی بحث کا موضوع بن گئی ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں