مقبول ترین کامیڈی شو کے اینکر کا پراسرار انتقال

مشہور امریکی کامیڈی شو ’فرینڈز‘ میں چینڈلر بِنگ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے میتھیو پیری کا 54 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔
امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق سنیچر کی شام کو میتھیو پیری اپنے گھر کے باتھ روم ٹب میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
متعلقہ حکام کے مطابق شام کو 4 بجے میتھیو پیری کے گھر سے کال موصول ہوئی تھی جہاں پہنچنے پر اداکار مردہ حالت میں پائے گئے۔
موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاہم جائے وقوعہ سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئیں اور نہ ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کسی غیرمعمولی عوامل کے ملوث ہونے کا عندیہ دیا ہے۔
میتھیو پیری کے ترجمان کی جانب سے فی الحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
اداکار کی اچانک موت پر مختلف حلقوں کی جانب سے حیرت اور دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
فرینڈز کی سیریز پروڈیوس کرنے والے ٹیلی ویژن گروپ وارنر بروس نے کہا ’اپنے پیارے دوست میتھیو پیری کی موت پر انتہائی صدمہ ہے۔ میتھیو ایک قابل اداکار تھے اور ہمیشہ کے لیے وارنر برادرس کا حصہ تھے۔۔۔ یہ انتہائی دل دکھانے والا دن ہے۔‘
22 ستمبر 1994 کو فرینڈز کی دس سیزنز پر مشتمل پہلی قسط نشر ہوئی تھی اور آئندہ دس سال تک یہ شو تواتر سے دکھایا جاتا رہا۔
ہر جمعرات کو شام 8 بجے اس کامیڈی شو کی تقریباً 23 منٹ طویل قسط کا شائقین کو شدت سے انتظار رہتا۔
یہ شو صرف امریکہ میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں مشہور ہوا اور دس سال کے اس عرصے میں لوگوں کی زندگیوں کا باقاعدہ حصہ بن گیا۔
6 مئی 2004 کو جب اس شو کی آخری قسط نشر ہوئی تو یہ شائقین کے لیے ایسا ہی تھا جیسے ان کی زندگی کا ایک اہم باب اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہو۔
فرینڈز کے تمام سیزنز نشر کرنے والے چینل این بی سی نے غم و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میتھیو ملر نے اپنی حسِ مذاح سے دنیا بھر کے سینکڑوں اور لاکھوں افراد کی زندگیوں میں خوشیاں بکھیریں۔
’ان کی میراث ان گنت نسلوں تک زندہ رہے گی۔‘
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے بچپن کے دوست میتھیو پیری کی ناگہانی موت پر حیرت اور غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’سکول میں جو ہم ایک ساتھ کھیلتے تھے وہ کبھی نہیں بھولوں گا۔ مجھے معلوم ہے کہ دنیا بھر سے بھی لوگ نہیں بھولیں گے جو خوشیاں وہ ان کی زندگیوں میں لایا۔‘
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جسٹن ٹروڈو نے مزید لکھا ’ہنسانے کا شکریہ میتھیو۔ تمہیں سب بہت پیار کرتے تھے اور تمہیں یاد کریں گے۔‘

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply