• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • بھارت نےستلج میں دوبارہ پانی چھوڑدیا،راوی میں سیلاب،متعدددیہات زیرآب

بھارت نےستلج میں دوبارہ پانی چھوڑدیا،راوی میں سیلاب،متعدددیہات زیرآب

مون سون بارشوں سےڈوبتے بھارت نے ستلج میں دوبارہ پانی چھوڑ دیا۔ستلج میں پانی کی دوسری اننگز نے تباہی مچانا شروع کر د, تلمبہ میں دریائے راوی کی سیلابی صورت حال دن بہ دن خطرناک ہوتی جارہی ہے,پانی دریا کے کناروں سے باہر نکل کر فصلوں میں داخل ہونے لگا,متعدد دیہات زیرآب آگئے،لوگ نقل مکانی کرنے پرمجبور ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق احمد پور شرقیہ کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں 6 فٹ تک اضافہ ہوگیا ہے۔پتن ایمن والہ کے قریب وسیع پیمانے پر فصلیں بھی زیر آب آگئی ہیں،پانی کپاس،مونگی کی فصلوں سمیت چارہ میں داخل ہوگیا،ہیڈ پنجند پر پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،دریائے ستلج ،دریائے چناب کا پانی ہیڈ پنجند سے گزرہا ہے۔

ایری گیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ پنجند پر پانی کی آمد 40 ہزار 2 سو 85 کیوسک ہے،جبکہ ہیڈ پنجند سے پانی کا اخراج 30 ہزار 5 سو 85 کیوسک ہے۔

رینالہ خورد/دریائے راوی کی سیلابی صورتحال

رینالہ خورد دریائے راوی میں کنڈ بوہڑ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔دریائی پانی قریبی فصلوں میں داخل ہوچکا ہے ،جس سے زمینداروں کی کاشت کی گئی تل،دھان ،مکئی اور گنا وغیرہ کی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں،اگر پانی کی سطح میں یونہی اضافہ ہوتا رہا تو مزید نقصان کا اندیشہ ہے۔

قصور/دریائےستلج میں تباہی،متعدددیہات زیرآب

قصور میں مون سون بارشوں سےڈوبتے بھارت نے ستلج میں دوبارہ پانی چھوڑ دیا۔ستلج میں پانی کی دوسری اننگز نے تباہی مچانا شروع کر دی،سیلابی پانی نگر، دھوپ سڑی، بھکی ونڈ ، چندا سنگھ ، کالو واڑا اور حاکم والا کے دیہات میں داخل ہوگیا،ستلج کا پانی بھکی ونڈ کے گورنمنٹ اسکول میں داخل ہوگیا،ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح بڑھ کر20 فٹ کراس کر گئی،65 ہزار کیوسک سے زائد پانی کے بہاؤ نے فصلوں میں بھی تباہی مچا دی،سیلاب سے متاثرہ افراد اپنی پرائیویٹ کشتیوں پر سازوں سامان منتقل کرنے پر مجبور ہوگئے۔

بہاولنگر/دریائےستلج میں پانی کی سطح میں پھراضافہ،زمینی کٹاؤ جاری

بہاولنگر کے مقام پر دریائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ اور ہیڈ سلیمانکی کے مقام پانی کی سطح میں پھر اضافہ ہوگیا ہے۔ہیڈ گنڈا سنگھ پر پانی کی آمد 63300 کیوسک ہوگئی۔سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 57196 اور اخراج 46186 کیوسک ہوگیا ہے۔دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی ضلع بہاولنگر کی حدود میں نچلے درجے کا سیلاب ہےجبکہ سیلابی ریلے سے دریائی پٹی سے ملحقہ علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں اور پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے متعدد حفاظتی بند ٹوٹ گئے ہیں جس کی وجہ سےسیلابی پانی سے ہزاروں ایکڑ قیمتی فصلیں تباہ ہوگئیں ہیں۔پانی کے تیز بہاو ٔکے باعث زمینی کٹاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔

سیلابی ریلے کی وجہ سے درجنوں رہائشی ڈیرے ، آبادیاں شدید متاثر ہوئی ہیں،متاثرہ علاقوں کےہزاروں لوگوں کی نقل مکانی بھی جاری ہے،سیلابی پانی کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہیں،سیلابی پانی سے موضع عاکوکا ، ماڑی میاں صاحب، سنتیکا ، بہادرکا ، چاویکا اور دیگر مواضعات میں دریائی کٹاؤ جاری ہے،علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کررہے ہیں اور متاثرین حکومت کی جانب سے ریلیف پیکج کے منتظر ہیں۔

جلالپور بھٹیاں/ دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ

جلالپور بھٹیاں میں ہیڈ قادرآباد کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے، دریائے چناب میں ہیڈ قادرآباد کے مقام پر پانی کا بہاؤ 106306 کیوسک ہے، جب کہ پانی کا اخراج 96306 کیوسک ہے۔

میانوالی/دریائےسندھ کی صورتحال

میانوالی میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو گئی،میانوالی جناح بیراج کالاباغ کے مقام پر پانی کی آمد 3 لاکھ 12 ہزار جبکہ اخراج 3 لاکھ 2 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیاہے۔چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 3 لاکھ 47 ہزار جبکہ اخراج 3 لاکھ 46 کیوسک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔جناح اور چشمہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

چترال میں ہر سو سیلاب نے تباہی مچادی، کوغذی ، ایون ، رمبور ، دنین،اوچشٹ سمیت کئی مقامات میں سیلاب سےدرجنوں مکانات، دکانیں تباہ وبرباد ہوگئیں۔سیلاب کے باعث سڑکیں بند، زرعی اراضی اور نہریں برباد ہو گئیں۔ علاقے میں سیلاب کے باعث مزید تباہی کے خدشات لاحق ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ لوئر چترال میں سیلاب سے 39 اور اپر چترال میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ترجمان محکمۂ ریلیف کا کہنا ہے کہ اپر چترال کے متاثرہ خاندانوں کو امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ لوئر چترال کے حساس علاقوں کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لوئر دیر روڈ کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔

سبی میں سیلاب /رابطہ پل بہہ گیا

سبی میں بولان کے علاقے مچھ کولپور میں بارش سے قومی شاہراہ پنجرہ پل کے مقام پر سیلابی ریلا گزارنے کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے،قومی شاہراہ n65بند،پنجرہ پل کے قریب عارضی راستہ ایک بار پھر بہہ گیا،این 65 قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی،کوئٹہ کا سکھر سے رابطہ منقطع ہوگیا،بولان میں دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔بولان میں مسافر وں کی گاڑیاں پھنس گئیں،پنجرہ پل کے قریب ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافر بولان میں سفر کرنے سے گریز کریں،سیلابی پانی کم ہوتے ہی قومی شاہراہ کو بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

واشک/مون سون بارشوں نے بسیمہ میں تباہی مچا دی

بسیمہ کے نواحی علاقے پتک میں دوکانیں،گھر وں کی دیواریں موسلادھار بارشوں اور سیلابی ریلوں کی زد میں آ گئیں،ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی ریلہ گھروں اور بازار میں داخل ہوگیا،بسیمہ کے نواحی علاقے پتک میں سیلابی ریلے سے متعدد مکانات اور دوکانیں زمین بوس ہوگئے۔

بسیمہ شہر میں کئی کچی دیواریں بھی طوفانی بارشوں سے گر گئی،پتک اور شیرینزہ میں سیلابی ریلے نے سینکڑوں ایکٹر پر تیار پیاز کی فصلیوں کو تباہ کردیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ لیویز فورس بسیمہ موقع پر پہنچ کر امدادی کاموں میں مصروف ہے،قریبی پل کو مقامی زمیندار نے بند کیا تھا جس سے سیلابی ریلہ مقامی آبادی میں داخل ہوا۔طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث انگور کے باغات بھی بری طرح متاثر ہوئے ۔

دادو/سیلابی ریلےنےتباہی مچادی

دادو میں کھیر تھر کے پہاڑی سلسلے اور کاچھو میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی،گاج ندی میں 12 فٹ سے زائد طغیانی ریکارڈ کی گئی ہے،گاج ندی کے سیلابی ریلے نے تباہی مچادی ہے،واہی پاندھی – جوھی روڈ کو ماچھی ڈھورو کے مقام پر زیر آب آگئیں جبکہ حاجی خان، چھنی، ڈرگھ بالا روڈ بھی مختلف مقامات سے زیر آب آگئے ہیں،سو سے زائد چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں کا دادو سے رابطہ منقطع ہوگیا۔زمینی رابطے منقطع ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو دشواری کا سامنہ کرنا پڑرہا ہے۔

پنجاب کے دریاؤں کی تازہ صورتحال/پی ڈی ایم اے

آئندہ 48 گھنٹے میں دریائے راوی چناب اور جہلم میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے. ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نےمتعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی۔

این ڈی ایم اے رپورٹ

ملک بھر میں دریاؤں کے بہاؤ کی مجموعی صورتحال معمول کے مطابق ہے. جبکہ دریائے سندھ کے بالائی کیچمنٹ علاقوں میں گزشتہ دنوں کی بارشوں کیوجہ میں بہاؤ قدرے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

میکلوڈگنج میں محنت کش نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا،نوید کلیا 4بچوں کاباپ اور گھر کا واحد کفیل تھا۔میکلوڈگنج متوفی کوگھر میں کرنٹ لگا بیوی نے بچانے کی کوشش کی جس میں بیوی بھی زخمی ہوگئی۔

خیبر پختونخوا/مختلف حادثات میں4افرادہلاک

Advertisements
julia rana solicitors london

خیبر پختون خوا میں تیز بارشوں سے پیش آئے حادثات و واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور 1 شخص زخمی ہو گیا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply