• صفحہ اول
  • /
  • ادب نامہ
  • /
  • نظم ِ نو سیریز/تصویریں کب عمر رسیدہ لگتی ہیں۔۔ڈاکٹر ستیہ پال آنند

نظم ِ نو سیریز/تصویریں کب عمر رسیدہ لگتی ہیں۔۔ڈاکٹر ستیہ پال آنند

وقت کا بوڑھا جپسی یہ کہتا ہے مجھ سے
لوگ جو اتنی جلدی بوڑھے ہو جاتے ہیں
تو کیسے لگنے لگتے ہیں
رخساروں پر زردی
آنکھوں کے نیچے بد رنگ گڑھے سے ۔۔۔
کاجل جیسے بہہ کر دھبوں کی صورت میں پھیل گیا ہو
اور آنکھوں کے دونوں جانب
کسی پرندے کے پنجے کے نقش سے جیسے گڑے ہوئے ہوں
بال سفید تو تھے ہی، لیکن
زردی مائل ہو کر جیسے
گاڑھی مٹی کی رنگت میں رنگے گئے ہوں
اور خمیدہ کمر نے اونچی اٹھی ہوئی
اکڑی گردن کو
جیسے جھک کر
نیچے دیکھ کے چلنے پر مجبور کیا ہو

ہنستے ہنستے وقت کا بوڑھا جپسی یہ کہتا ہے مجھ سے
آنندصاحب، آپ بتائیں
کیا یہ حالت آپ کی بھی ہونے والی ہے؟

Advertisements
julia rana solicitors london

اور میں اپنی نظمیں
اپنے جیون کی ساری تصویریں
لفظوں سے مربوط وہ خاکے
جن میں نصف صدی سے میں نے
قوس ِ قزح کے رنگ بھرے ہیں
الٹ پلٹ کر اطمینان سے رکھ دیتا ہوں
اور کہتا ہوں وقت کے بوڑھے جپسی سے میں
بابا، دیکھو
میرا اصلی ’’میں‘‘ تو یہ تصویریں ہی ہیں ۔۔۔
جب یہ تم کو بوڑھی لگنے لگ جائیں ،تو
بے شک آ کر مجھ سے میرا حال پوچھنا

Facebook Comments