• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • کرم ایجنسی، دھماکے میں کیپٹن سمیت سکیورٹی فورسز کے چار اہلکارشہید

کرم ایجنسی، دھماکے میں کیپٹن سمیت سکیورٹی فورسز کے چار اہلکارشہید

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)  پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں ایک کیپٹن سمیت سکیورٹی فورسز کے چار اہلکار شدت پسندوں کے حملے میں شہید ہوئے ہیں جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں کو کرم ایجنسی میں خرلاچی کے مقام پر ایک دیسی ساختہ بم کا نشانہ بنایا گیا۔فوج کے ترجمان ادارے نے کہا ہے کہ یہ اہلکار اس سرچ پارٹی کا حصہ تھے جنھوں نے چند روز قبل ایک کینیڈین امریکی خاندان کو بازیاب کروایا تھا۔آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کے نام بھی دیے گئے ہیں جن میں کیپٹن حسنین کا نام بھی شامل ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے پاک فوج نے کینیڈین شہری جوشوا بوئل، اور اُن کی امریکی اہلیہ اور تین بچوں کو قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں ایک آپریشن کر کے بازیاب کروایا تھا۔ اس خاندان کو 2012 میں افغانستان سے اغوا کیا گیا تھا۔اس کارروائی کے بعد امریکی حکام اور خاص طور پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی تعریف کی تھی۔ٹرمپ نے ہفتے کے روز ٹویٹ کیا: ‘پاکستان اور اس کے رہنماؤں کے ساتھ ہم بہت بہتر تعلقات کو فروغ دینے کی ابتدا کر رہے ہیں۔ میں مختلف محاذوں پر ان کے تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔’گذشتہ ماہ کی 15 تاریخ کو کرم ایجنسی میں ایک امریکی ڈرون حملے میں تین افراد مارے گئے تھے۔ کچھ ذرائع کا کہنا تھا کہ حملے میں ہلاک ہونے والے تینوں افراد کا تعلق حقانی گروپ سے تھا تاہم اس بات کی مکمل طور پر تصدیق نہیں کی جا سکی۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی افغان پالیسی کے اعلان اور پاکستان پر دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کے الزام کے بعد یہ پہلا ڈرون حملہ تھا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply