• صفحہ اول
  • /
  • کالم
  • /
  • موجودہ بجٹ آئی ایم ایف کا عوام پر چھوڑا گیا معاشی وائرس ہے جو معاشرتی تباہی پھیلائے گا۔۔ ناصر منصور

موجودہ بجٹ آئی ایم ایف کا عوام پر چھوڑا گیا معاشی وائرس ہے جو معاشرتی تباہی پھیلائے گا۔۔ ناصر منصور

موجودہ حکومت نے کرونا کی آڑ میں آئی ایم ایف کا عوام دشمن معاشی ایجنڈہ بجٹ کی شکل میں مسلط کر دیا ہے۔ یہ آئی ایم ایف کا بجٹ، آئی ایم ایف کے نمائندوں کی جانب سے، آئی ایم ایف کے لیے ہے۔ یہ معاشی جبر کا شکار عوام پر ناقابلِ برداشت بوجھ ڈالنے کو نسخہ ہے جسے پاکستان کے عوام خصوصاً محنت کش طبقہ مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
71 کھرب 37 ارب کے اس بجٹ میں نہ تو وفاق کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا اور نہ ہی ریٹائرڈ ملازمین کی پیشن میں اضافہ کیا گیا ہے۔ جب کہ وفاقی کے زیر انتظام صنعتی ، مالیاتی اور دیگر اداروں کے ورکرز کی کم از کم اجرت میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا حالانکہ کرونا کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر یہی محنت کش طبقہ ہوا ہے۔ لیکن اسی اثنا میں نیب، ایف آئی اے، عدالتی سٹاف اور نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے اہل کاروں کی تنخواہوں میں ہوش ربا اضافہ کیا گیا ہے۔ بجٹ میں پیش کردہ عوام دشمن اقدامات ایک طرح سے صوبائی حکومتوں کو بھی راہ دکھا رہے ہیں وہ بھی اسی طرح عوام دشمن اقدامات کو یقینی بنائیں۔

اس بجٹ میں سبسیڈی کی مد میں پچھلے سال کی نسبت 48 فی صد کمی کی گئی، جو کہ 350 ارب سے کم کر کے 180 ارب کر دی گئی ہے۔ جبکہ وفاقی ترقیاتی بجٹ بھِی پچھلے سال کے 950 ارب سے کم کرکے 650 بلین کر دیا گیا ہے۔ جب کہ صوبوں کے ترقیاتی اخراجات بھی 912 ارب سے کم کر کے 674 ارب روپے کر دیے ہیں۔
حکومتی اعدادوشمار کے مطابق کرونا وبا کے باعث اب تک ساٹھ لاکھ سے زائد محنت کش مکمل یا جزوی طور پر ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جب کہ ایک اندازے کے مطابق بےروزگاروں کی تعداد تقریباً ایک کڑور اسی لاکھ مزدور تک پہنچ جائے گی۔ لیکن ان کی مالی معاونت کے لیے صرف 200 ارب رکھے گیے ہیں جو کروڑوں محنت کش گھرانوں کے ساتھ بھیانک مذاق ہے۔
حکومت ایک طرف یہ کہہ رہی ہے کہ یہ بجٹ ٹیکس فری بجٹ ہےجبکہ دوسری جانب اس نے نئے مالی سال کے لیے6۔57 ٹریلین ریونیو جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ یہ اس بات کی جانب واضح اشارہ ہے کہ عوام کی جیب سے مزید پیسہ چرایا جائے گا اور مہنگائی کا مزید بوجھ عوام پر لادا جائے گا۔

آئی ایم ایف کے تیار کردہ بجٹ نے زندگی کے کسی شعبہ کو بھی نہیں بخشا، ایسے وقت میں جب پوری دنیا میں تیل اور ماِئع گیس کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے تو حکومت کو تو چاہِیے تھا کہ وہ ملکی ایکسپورٹ اور ملکی صنعتی پیداوار بڑھانے کے لیے گیس اور بجلی کے نرخوں میں کمی کرتی۔ حکومت نے اس کے برعکس انرجی پر دی جانے والی 24 ارب روپے کی ریاستی سبسڈی کم کر کے 10 ارب روپےکر دی ہے۔ اس کا نتیجہ صنعتی شعبہ خصوصاً ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی مکمل تباہی کی صورت نمودار ہوگا جو کہ بے روزگاروں کی نئی فوج وجود میں لائے گا۔

ملک کی لیبر فورس جو کہ 6 کروڑ اسی لاکھ کے قریب ہے، کا 75 فی صد حصہ ٹیکسٹائل، گارمنٹس، چمڑہ، کھیلوں کا سامان، سرجیکل اور قالین بافی کی صنعت سے وابستہ ہے اور یہی پانچ شعبے غیر ملکی زرِ مبادلہ کے حصول کا بڑا ذریعہ ہیں۔ ان شعبوں کی ترقی کے لیے موجود ” زیرو ریٹنگ” کے نظام کو آئی ایم ایف کی ایما پر پچھلے برس ختم کر کے ملکی معشیت کی ریڑھ کی ہڈی میں خنجر گھونپا گیا۔ امید کی جا رہی تھی کہ موجودہ بحرانی کیفیت میں یہ نظام بحال کیا جائے گا لیکن ایسا نہ کر کے مزدوروں کے روزگار اور ایکسپورٹ کی صنعت کو مزید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ان ترقی دشمن اقدامات کے نتیجے میں نہ صرف اشد ضروری غِیر ملکی زرمبادلہ میں کمی واقع ہوگی بلکہ کروڑوں افراد بے روزگار ہو جائیں گے۔ یہ صورت حال مزید معاشی، سماجی اور سیاسی ابتری کو جنم دے گی۔
وفاقی حکومت کی ناعاقبت اندیش پالیسی کی وجہ سے کرونا وائرس نے 22 کروڑ سے زائد انسانوں کو بٌری طرف اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، لاکھوں انسان اس مہلک وبا کا شکار ہو رہے ہیں اور ہزاروں، زندگی کی باز ی ہار چکے ہیں۔ لیکن حکومت ہے کہ مسلسل لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے۔ عوام کو وبا سے بجانے کے لیے ڈاکٹرز، نرسز ، پیرا میڈیکل سٹاف فرنٹ لائن زندگی محافظ بن کر کھڑے ہوگئے، اپنی قیمتی جانیں کھو رہے لیکن حکومت نے انہیں بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے۔

بے حسی کی انتہا ہے کہ موجودہ بجٹ میں بھی حکومت نے صحت جیسے اہم شعبہ کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا ہے۔ جبکہ ضروری یہ تھا کہ صحت سے متعلق افرادی قوت کو بڑھانے، مراعات دینے اور صحت کےشعبے کو سب سے زیادہ ترجیح دی جاتی اور خطیر رقم صحت کی سہولیات جنگی بنیادوں پر عوام تک پہنچانے کے منصوبوں کے لیے مختص کی جاتی۔ شرم کا مقام ہے کہ صحت کے شعبہ کے لیے صرف 20 ارب مختص کیے گئے اور زرعی شعبہ کی ترقی کے لیے 12 ارب رکھے گئے جب کہ حکومت نے غیر پیداواری اخراجات خصوصاً دفاع کے لیے بارہ فی صد اضافہ کے ساتھ بارہ کھرب نوے ارب روپے مختص کر کے اپنی ترجیحات کا ایک بار پھر واضح اعلان کر دیا ہے۔

حکومت ایک جانب شہریوں کے روزگار اور دیہاڑی دار محنت کشوں کے دکھ میں مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہے تو دوسری جانب کرونا کی آڑ میں 43 پبلک سیکٹرز کے اداروں کی نجکاری، 8 اداروں کو مکمل طور پر بند کرنے، 34 اداروں کو ضم کرنے کے خطرناک منصوبے کے ذریعے لاکھوں محنت کشوں کو بے روزگار کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ جس کی ابتدا اسٹیل ملز کے 9350 ملازمین کی جبری برطرفی کی شکل میں ہو چکی ہے۔

عالمی سطح پر غیر ملکی قرضہ جات موخر کئے جانے کے اعلان کےباوجود نئے بجٹ میں 2۔94 ٹریلین روپے ان قرضوں کی ادائیگیوں کے لیے رکھنا سمجھ سے بالا ہے۔ یہ رقم عوامی بہبود کے منصوبوں ترقیاتی، صحت کی سہولیات مہیا کرنے اور بےروزگاری الاؤنس کی مد میں رکھی جا سکتی تھی۔

Advertisements
julia rana solicitors london

موجودہ حالات میں چند ایک ہنگامی نوعیت کے اہم مطالبات
تمام سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ ،
صحت، تعلیم اور عوامی بہبود کی ترقی کے لیے مختص رقم دفاعی اخراجات کے مساوی کرنا ،
تمام شہریوں کو سوشل سکیورٹی کے تحت رجسٹر کیا جانا ،
غیر ملکی قرضہ جات سے انکار اور یہ رقم عوام کی ترقی پر خرچ کیا جانا،
نجکاری کا عمل فی الفور روکنا،
سٹیل ملز سمیت تمام سرکاری و نجی اداروں کے برطرف ملازمین کی بحالی،
ایکسپورٹ سیکٹرز کے لیے “زیرو ریٹنگ ” نظام کی از سرِنو بحالی،
ریاستی سبسڈی کی مکمل بحالی،
اشیا ءخوردونوش پر سیلز ٹیکس کا خاتمہ اور
ادویات کی قیمتوں میں پچاس فی صد تک کمی شامل ہیں!

Facebook Comments

ناصر منصور
محنت کی نجات کے کوشاں ناصر منصور طالبعلمی کے زمانے سے بائیں بازو کی تحریک میں متحرک ایک آدرش وادی ہیں

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply