افغان صدر کی پاکستان کو مذاکرات’کی پیشکش

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)   افغانستان کے صدر اشرف غنی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں کشیدہ تعلقات کے خاتمے کے لیے پاکستان کو ‘جامع مذاکرات’ کی پیشکش کردی۔دیگر مسلمان ممالک کی طرح افغانستان میں بھی آج عید الاضحیٰ منائی جارہی ہے، جبکہ پاکستانی کل بروز ہفتہ (2 ستمبر) عید الاضحیٰ منائیں گے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق افغان صدر کا کہنا تھا، ‘پاکستان کے ساتھ پر امن تعلقات ہمارا قومی ایجنڈہ ہے’، ساتھ ہی انہوں نے عسکریت پسندوں پر ہتھیار ڈالنے پر زور دیا۔واضح رہے کہ کابل کی جانب سے اکثر و بیشتر پاکستان پر دہشت گردوں کی پشت پناہی کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں، جنہیں اسلام آباد یہ کہہ کر مسترد کرتا آیا ہے کہ افغانستان میں چھپے دہشت گرد پاکستان میں کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ یاد رہے کہ رواں برس جون میں کابل میں افغانستان کے حوالے سے ہونے والی بین الاقوامی امن کانفرنس کے دوران اشرف غنی نے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے ملک کے خلاف ’غیر اعلانیہ جنگ‘ مسلط کر رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان کو اس بات پر کس طرح قائل کیا جاسکتا ہے کہ ایک مستحکم افغانستان، اسے اور اس خطے کو مدد فراہم کرے گا۔مختلف مواقع پر تعلقات میں اتار چڑھاؤ کے علاوہ دونوں ممالک کو علیحدہ کرنے والی سرحد ‘دیورنڈ لائن’ بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان تنازع کا باعث ہے، برطانیہ کی بنائی ہوئی تقریباً ایک صدی پرانی اس سرحد کو دنیا بطور عالمی سرحد کے تسلیم کرچکی ہے لیکن افغانستان یہ حقیقت تسلیم کرنے سے اب تک گریزاں ہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply