کیا مودی بیوقوف ہے؟ زاہد خان

نریندر مودی کو میں قطعاً بیوقوف نہیں سمجھتا وہ اپنے اقتدار میں انے سے اب تک ہندوستان کو بہت آگے لے گیا ہے۔ اس نے ستمبر دو ہزار چودہ میں سرخ سیارے مریخ کے مدار میں ہندوستانی خلائی مشن کم ترین لاگت اور کم ترین وقت میں پہنچا کر ہمیں جہالت کی گہری تاریکیوں میں پڑے رہنے کا احساس دلایا تھا اور اس کے کچھ ہی دنوں بعد مارک زکر برگ سے جھپھی ڈال کر جو فوٹو کھنچوائی تھی وہ ہمیں ذہنی اذیت پہنچانے کے لیے کافی تھی۔ اس نے مڈل ایسٹ میں پہلا مندر تعمیر کر کے ہندؤں کا محمود غزنوی بن کر دکھایا تھا، وہ حرمین شریفین کی گود میں بھی جا بیٹھا اور انہوں نے اسے اپنے سر کا تاج بھی بنایا تھاکیا یہ اس کی کامیابی نہیں تھی؟

خارجہ پالیسی کے میدان میں ان کی وزیر خارجہ اور وہ ہر جگہ ہمیں ہزیمت کا شکار کرتے رہے اور وہ چاہتے ہیں تو سارک کانفرنس ہوتی ہے وہ نا چاہیں تو آپ کا بولنے سے معزور بوڑھا وزیر خارجہ بھی ہزیانی انداز میں چلا چلا کر سارک کے بچونگڑوں کو اسلام آباد نہیں لا سکتا۔ وہ ایران اور افغانستان کو اپنا دوست کہتا ہے اور وہ اسے اپنا دوست کہتے ہیں کیا یہ ہماری شکست اور مودی کی فتح نہیں؟ وہ برطانیہ کو دھمکی دیتا ہے کہ اگر ایم کیو ایم کے رہنما پر دہشت گردی پھیلانے کے لیے بھارت سے فنڈز لینے کا مقدمہ چلایا گیا تو وہ برطانیہ سے اقتصادی رابطے توڑ لے گا اور برطانیہ دبک کر بیٹھ جاتا ہے اس کے باوجود کہ اس کی پارلیمنٹ یہ مقدمہ چلانے کا مطالبہ کرتی ہے۔ کیا یہ مودی کی کامیابی نہیں؟

وہ چاہتا ہے تو اس کا فیس بکی دوست آپ کے سوشل میڈیا پیج اُس کے کہنے پر کسی وقت بھی بند کر دیتا ہے۔ اور آپ اُسے بیو قوف کہتے ہیں۔ وہ اگر اپنی عوام کو یہ احساس دلا رہا ہے کہ اگر اس کے انیس فوجیوں کو مارا گیا ہے تو انتقام لے گا تو وہ کیا غلط کر رہا ہے؟ وہ تو اپنی قوم کو احساس دلا رہا ہے کہ ان کا لیڈر ایک فون کال پر ڈھیر ہونے والا نہیں بلکہ حملہ کرنے والا ہے۔ آپ کے اسی فوجی امریکیوں نے مار دیئے تھے تو آپ کے وزیر اعظم نے کیا کیا تھا؟ کیا ہندوستانی وزیرآعظم سے بھی آپ یہی توقع رکھتے ہیں؟ ہمارے چینلز جو کچھ بتا رہے اُُُس کے مطابق ہندوستانی فوج ایک کمزور فوج ہے اور وہ پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ۔ اللہ کرے کہ یہ بات سچ ہو اور وہ واقعی پاک فوج کے آگے ڈھیر ہو جائے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ امر پاک فوج نے ثابت کرنا ہے کہ وہ پچھلی تمام شکستوں کو فتح میں بدل دینے کی پوزیشن میں آ چکے ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

میرا سادہ سا سوال ہے مودی کو جھوٹا اور بے وقوف کہنے والوں سے کہ کیا پاکستان کی سیاسی قیادت نے اندرا گاندھی اور گولڈا میئر کی طرح ایک ایک شکست کے بعد جیسے اپنی فوج کو طاقتور کیا تھا کیا ہمارے کسی حکمران نے بھی ایسا کیا ہے؟ میری اطلاع کے مطابق تو انہوں نے پاکستان سے اربوں ڈالر لوٹ کر ملک سے باہر پہنچائے ہیں ۔ اس لیے میں تشویش میں مبتلا ہوں کہ کیا ہم اب اگر جنگ ہو گی تو اکہتر کا بدلہ لے سکیں گے؟ ایک طرف میڈیا ہماری فوجی برتری کا چیخ چیخ کر اظہار کر رہا ہے اور دوسری جانب اسی باقاعدگی سے انڈین فلمیں اور ڈرامے دکھائے جا رہے ہیں۔ قوم کو یہ طے کرنا چاہیئے کہ وہ دراصل غلام کس کے ہیں غیر ملکی فنڈڈ میڈیا کہ یا کرپٹ سیاسی قیادت جنہوں نے پاکستان کو ستر بلین ڈالر کا مقروض کیا ہوا ہے۔ کیا قرضوں میں بال بال ڈوبا ہوا یہ ملک اور کرپٹ سیاسی قیادت کے شکنجوں جکڑا ہوا ملک چند روز بھی جنگ سہہ سکتا ہے؟ وہ قیادت جو لندن اور دبئی میں رہتی ہو وہ پاکستان کی کیا حفاظت کرے گی؟

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply