فاف ڈیو پلیسی کی زیر قیادت ورلڈ الیون کا اعلان

لاہور(سپورٹس رپورٹر)   چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی کی زیر قیادت پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔14 رکنی ورلڈ الیون میں جنوبی افریقہ کے پانچ، آسٹریلیا کے تین، ویسٹ انڈیز کے دو جبکہ بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔فاف ڈیو پلیسی کی زیر قیادت ورلڈ الیون 11 ستمبر کو پاکستان آمد سے قبل دبئی میں دو روزہ کیمپ میں شرکت کرے گی جس کے بعد 12، 13 اور 15 ستمبر کو بالترتیب تین ٹی20 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے محفوظ ہے اور تمام غیرملکی کھلاڑیوں نے سیکیورٹی انتظامات پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے، کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان پر آمادہ کرنا بہت مشکل کام تھا لیکن اللہ کے فضل سے ہمیں اس میں کامیابی نصیب ہوئی۔نجم سیٹھی نے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان فاف ڈیو پلیسی کے ساتھ ساتھ اسکواڈ میں انگلینڈ کی 2010 ورلڈ ٹی20 جیتنے والی ٹیم کے کپتان پال کولنگ وڈ بھی شامل ہیں جنہوں نے جولائی میں انگلینڈ میں جاری نیٹ ویسٹ ٹی20 بلاسٹ میں 68 گیندوں پر 108 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اسکواڈ میں دو مرتبہ کی ورلڈ ٹی20 چیمپیئن ویسٹ انڈین ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی، مشہور جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملا، بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال، موجودہ دور میں محدود اوورز کے بہترین بلے باز تصور کیے جانے والے جنوبی افریقی بلے باز ڈیوڈ ملر کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کے ٹی20 اسپیشلسٹ گرانٹ ایلیٹ اور سابق آسٹریلین کپتان جارج بیلی بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ناموں کے اعلان کے بعد اب اسپانسر کا فیصلہ کریں گے کیونکہ اسپانسرز کی شرط تھی کہ پہلے ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے تو پھر وہ سیریز کو اسپانسر کریں گے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ورلڈ الیون کی ٹیم کے میچز کے سلسلہ میں ستمبر کے پہلے ہفتے میں سیکیورٹی ٹیم پاکستان آئے گی جو حکومت پنجاب کے عہدیداران اور سیکیورٹی آفیشلز سے ملے گی۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میرا اگلا ٹارگٹ کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کروانا ہیں اور اس مقصد کے لئے متعلقہ انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے۔فاف ڈیو پلیسی نے کہا کہ میری نظریں اپنے پہلے دورہ پاکستان پر اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں مدد کرنے پر مرکوز ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے خلاف چند بہترین میچوں کا حصہ رہا ہوں لیکن پاکستان میں پرجوش شائقین کے سامنے کھیلنا ایک انوکھا تجربہ ہو گا۔ڈیو پلیسی نے کہا کہ مجھے اور میری ٹیم کے تمام اراکین کو سیکیورٹی ماہرین کے فیصلے پر مکمل اعتماد ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ اس سیریز میں حصہ لینے والے تمام افراد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں کھیلنے کے لیے بھاری رقم دی جارہی ہے لیکن سیکورٹی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اگر ہم سیریز کے دوران اپنے آپ کو محفوظ نہیں سمجھیں گے تو بڑی سے بڑی رقم بھی ہمیں کھیلنے پر مجبور نہیں کرسکتی ۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply