شریف خاندان کی نیب میں طلبی کے لیے سمن جاری

لاہور(بیورو چیف)نیب نے شریف خاندان کے لندن میں قائم ایون فیلڈ فلیٹس کی انکوئری کا آغاز کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کے بچوں اور داماد کو آج بروز اتوار (20 اگست) کو ایک مرتبہ پھر طلب کرلیا۔نیب ترجمان عاصم علی نواز نے میڈیا کو بتایا کہ نیب لاہور نے سابق وزیراعظم کے ساتھ ساتھ ان کے دونوں صاحبزادوں حسن نواز، حسین نواز اور صاحبزادی مریم صفدر اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو بھی طلب کرنے کے لیے سمن جاری کیے۔ ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کی سربراہی میں نیب کا لاہور ڈویژن اس کیس کی تفتیش کررہا ہے اور پانچوں افراد کو جمعے کے روز طلبی کے نوٹسز بھجوائے گئے تھے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم صفدر اور کیپٹن صفدر نے نوٹسز وصول کیے، تاہم بیرون ملک ہونے کہ وجہ حسن نواز اور حسین نواز نے نوٹسز وصول نہیں کیے۔

Advertisements
julia rana solicitors

نیب ذرائع کے مطابق نیب لاہور ڈویژن شریف خاندان سے ان کی لندن پراپرٹی ایون فیلڈ فلیٹس سے متعلق تفتیش کرے گا۔نیب نے نواز شریف کو 10 بجے، مریم کو 11 بجے جبکہ کیپٹن صفدر کو 12 بجے طلب کیا تھا۔خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے جمعہ کے روز بھی نیب نے نواز شریف اور ان کے خاندان کے دیگر ارکان کو تفتیش کے لیے طلب کیا تھا، یہ تفتیش العزیزیہ اسٹیل مل کیس سے متعلق تھی۔واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں نواز شریف نے سپریم کورٹ میں 3 اپیلیں دائر کی تھیں جن میں نظرثانی اور ان کی نااہلی کا سبب بننے والے پاناما کیس کے فیصلے پر مزید عمل درآمد کو روکنے کی درخواست کی گئی تھی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اندرونی ذرائع کے مطابق ان اپیلوں کے فیصلے تک سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں نے العزیزیہ اسٹیل ملز کیس کی تحقیقات کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) کے لاہور آفس میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔گذشتہ ماہ 28 جولائی کو سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے نواز شریف کو آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت وزارت عظمیٰ کے عہدے سے نا اہل قرار دے دیا تھا جبکہ نیب کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی تحقیقات کی روشنی میں 6 ہفتوں کے اندر راولپنڈی احتساب عدالت میں 4 ریفرنسز دائر کرنے کی ہدایت دی تھی۔

Facebook Comments

طاہر یاسین طاہر
صحافی،کالم نگار،تجزیہ نگار،شاعر،اسلام آباد سے تعلق

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply