• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • کوئٹہ: لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے احتجاجی ریلی ۔۔۔ حال احوال

کوئٹہ: لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے احتجاجی ریلی ۔۔۔ حال احوال

 

کوئٹہ میں لاپتہ افراد کے لواحقین نے 19 نومبر بروز سوموار ایک احتجاجی ریلی نکالی، جو لاپتہ افراد کے کیمپ سے نکل کر مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی میں‌ مرد و زن کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مختلف سیاسی جماعتوں، طلبا تنظیموں، سول سوسائٹی کے افراد سیکڑوں کی تعداد میں شریک ہوئے اور لاپتہ افراد کے ورثا سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

ایک روز قبل لاپتہ افراد کے ورثا خصوصآ خواتین اور معصوم بچوں کی جانب سے احتجاجی ریلی میں شمولیت کے پمفلٹ بھی شہریوں می تقسیم کیے گئے۔ بچوں کے پمفلٹ تقسیم کرنے کی تصویریں سوشل میڈیا پہ وائرل ہونے سے شرکا کی تعداد میں‌ خاصا فرق پڑا اور نوجوانوں نے ایک دوسرے سے کمیونیکیشن کر کے ایک دوسرے کو ریلی میں شمولیت کا پیغام پہنچایا۔

مظاہرین نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے مطالبات اور نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکا اس حوالے سے نعرہ بازی بھی کرتے رہے۔

مظاہرین سے خطاب کرنے والے مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے پیاروں کی بازیابی کو یقینی بنائے اور صوبہ بھر میں ماورائے عدالت گرفتاریوں کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے قانون کے خلاف کوئی کام کیا ہے، تو ان پر مقدمہ درج کیا جائے، عدالتوں میں پیش کیا جائے اور قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ اس طرح ماورائے قانون شہریوں کی گمشدگی ریاست کے کردار پر سوالیہ نشان پیدا کرتی ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ اگر ریاست اپنے شہریوں کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہو جائے تو شہری انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی طرف دیکھنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ جس کی ذمہ داری ریاستی اداروں پر عائد ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں سیاسی کارکنوں اور شہریوں کی گمشدگی کا سلسلہ ایک دہائی سے جاری ہے۔ جس کے حوالے سے ماما قدیر بلوچ اور وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز گزشتہ کئی برسوں سے آواز اٹھاتے آ رہے ہیں۔ البتہ حالیہ احتجاج میں اس وقت شدت دیکھنے کو آئی جب آواران سے طلبا تنظیم کے لاپتہ کارکن شبیر بلوچ کی ہمیشرہ اور اہلیہ اس کیمپ میں پہنچیں۔ ان کے احتجاج کے بعد دیگر لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ خصوصآ خواتین نے اس کیمپ کو جوائن کیا۔ جس کے بعد اس احتجاج میں دن بدن شدت دکھائی دے رہی ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors

• لاپتہ افراد کے لواحقین کا کہنا ہے کہ اگر انہیں انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کا سخت سے سخت ذریعہ اپنانے سے گریز نہیں کریں گے، جس کی ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ پر عائد ہو گی۔

Facebook Comments

حال حوال
یہ تحریر بشکریہ حال حوال شائع کی جا رہی ہے۔ "مکالمہ" اور "حال حوال" ایک دوسرے پر شائع ہونے والی اچھی تحاریر اپنے قارئین کیلیے مشترکہ شائع کریں گے تاکہ بلوچستان کے دوستوں کے مسائل، خیالات اور فکر سے باقی قوموں کو بھی آگاہی ہو۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply