• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • پاک چین دو طرفہ تعاون کے 15معاہدوں، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

پاک چین دو طرفہ تعاون کے 15معاہدوں، مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

وزیراعظم عمران خان کی آج گریٹ ہال میں چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات ہوئی، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے دوران دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعظم عمران خان اور چینی وزیراعظم نے اپنے اپنے ملکوں کے وفود کی قیادت کی۔ پاکستانی وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر خزانہ اسد عمر شامل تھے۔ دونوں ملکوں میں زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں معاونت، پاک چین اعلیٰ تعلیم، وفاقی دارالحکومتوں کی پولیس اور صنعتی اداروں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ پاکستان میں اقتصادی زونز کے قیام سے متعلق چین پاکستان کی معاونت کرے گا۔ دوسری جانب جنگلات، ارضیاتی سائنس اور الیکٹرونکس مواد کے تبادلے کے لئے یادداشت پر دستخط بھی کئے۔ اس موقع پر پاک چین وزرائے خارجہ سطح کے تذویراتی مذاکرات کے لئے دستاویز پر دستخط بھی کئے گئے۔ وزیراعظم عمران خان جب گریٹ ہال پہنچے تو چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ اور ان کی کابینہ ارکان نے ان کا استقبال کیا، جہاں ان کے اعزاز میں خیر مقدمی تقریب ہوئی اور وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان تیانمن سکوائر پہنچے تھے، جہاں انہوں نے پیپلز ہیروز کی یادگار پر پھول چڑھائے تھے۔ وزیراعظم کی آج چین کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات بھی طے ہے۔ 4 نومبر کو وزیراعظم سینٹرل پارٹی سکول میں خطاب کے بعد شنگھائی روانہ ہوں گے، جہاں وہ چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں شرکت کریں گے۔ چین کے صدر 4 نومبر کو امپورٹ ایکسپو میں شریک رہنمائوں کے اعزاز میں ضیافت دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان 5 نومبر کو شنگھائی میں ویت نام کے وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جبکہ اسی روز وہ شنگھائی کی مقامی قیادت سے ملاقات اور پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے اور پھر وطن واپس روانہ ہوں گے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply