ریلی میں شامل گاڑی نے 12 سالہ بچہ کچل ڈالا

نواز شریف کی ریلی میں شامل گاڑی نے 12 سالہ بچہ کچل ڈالا
مکالمہ(مانیٹرنگ ڈیسک) جہلم سے لاہور جانے والی ریلی میں نوازشریف کے قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے 12 سالہ بچے کو کچل ڈالا۔ لالہ موسیٰ کے قریب نوازشریف کے قافلے میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے ایک 12 سالہ بچے کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں بچے کی ہلاکت واقع ہوگئی۔جبکہ بچے کا والد اپنے بیٹے کی لاش دیکھ کر بے ہوش ہو گیا جسے فوری ہسپتال پہنچایا گیا مگر بچے کے والد کو تا حال ہوش نہیں آیا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 12 سالہ حامد سڑک کنارے کھڑا تھا کہ نوازشریف کے اسکواڈ میں شامل ایلیٹ فورس کی گاڑی نے اسے ٹکر مار دی اور برق رفتاری سے آگے کی جانب نکل گئی جب کہ قافلے میں شامل کسی بھی گاڑی یا اہلکار نے بچے کو اٹھانے کی زحمت گوارہ نہیں کی۔ عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو قریبی اسپتال پہنچایا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
جاں بحق ہونیوالے لڑکے کا چچا کا کہنا ہے میں نے مدد کے لئے بہت منتیں کیں، لیکن کوئی گاڑی نہیں رکی اور نہ کوئی ایمبولینس پہنچی۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی کا نمبر 256 ہے جس کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق ہوا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے واقعے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی ریلی پاکستان بچانے کی ریلی ہے اور پاکستان کے لیے لاکھوں انسانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ یہ بچہ بھی پاکستان کے لیے قربان ہوا ہے۔ اللہ اس کے درجات بلند کرے۔دوسری طرف واقعے پر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کی مکمل انکوائری کی جائے گی، میاں صاحب کے قافلے کی رفتار انتہائی سست تھی۔ انہوں نے کہا نوازشریف کی گاڑی سے ٹکر کا امکان نہیں ہے۔ لوگ نواز شریف کے قافلے کیساتھ ساتھ چل رہے ہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply