• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • نیب قوانین کے خاتمے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر

نیب قوانین کے خاتمے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر

نیب قوانین کے خاتمے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر
کراچی(مکالمہ نمائندہ خصوصی)سندھ میں اپوزیشن جماعتوں نے نیب قوانین کے خاتمے سے متعلق حکومتی قانون سازی کو کالعدم قرار دینے کے لئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔ گزشتہ روز سندھ کی جانب سے صوبے بھر میں احتساب آرڈیننس 1999ء کا اطلاق ختم کردیا گیا تھا جب کہ محکمہ قانون کی جانب سے آرڈیننس ختم کرنے سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔ تاہم صوبے کی اپوزیشن جماعتیں اس فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ پہنچ گئی ہیں اور انہوں نے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لئے درخواست بھی دائر کردی ہے۔ نیب قوانین کی منسوخی کے خلاف درخواست ایم کیو ایم پاکستان، فنکشنل لیگ اور مسلم لیگ (ن) نے دائر کی ہے۔
درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں نیب قوانین کا بل بحث کے بغیر منظور کرایا اور احتجاج کے باوجود اپوزیشن ارکان کو بولنے کا موقع نہیں دیا گیا، جب کہ گورنر سندھ کے اعتراض کے باوجود بل میں ترمیم کئے بغیر غیر آئینی بل کو دوبارہ منظور کرا لیا گیا، صوبے میں پیپلز پارٹی بھرپور کرپشن میں ملوث ہے اور ان کے رہنماؤں کی بڑی تعداد اور افسران کے خلاف نیب ریفرنس اور تحقیقات زیر التوا ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد فوجداری قوانین کا معاملہ وفاق اور صوبے دونوں کے دائرہ کار میں آتا ہے لہذٰا نیب قوانین کی منسوخی کے ایکٹ کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا جائے جب کہ درخواست کا فیصلہ آنے تک نیب کے مقدمات اور تحقیقات کو منتقل ہونے سے روکا جائے۔عدالت نے وفاقی و صوبائی حکومت کو 16 اگست کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ نیب آرڈیننس کے خلاف درخواست فنکشنل لیگ نے ہمارے ساتھ مل کر دائر کی ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply