ماہ مبارک بائیکاٹ

ماہ رمضان المبارک کو عملی طور پر ماہ بائیکاٹ بنانے پر اہلیان وطن کو مبارکباد ۔۔۔ بچپن سے آج تک میں یہی سمجھ رہی تھی کہ ماہ رمضان میں شیطان کو قید کر کے گناہوں کا ہی بائیکاٹ کیا جاتا ہے۔۔ مگر امسال پاکستانی عوام نے یہ راز بھی افشاں کیا کہ جی نہیں ماہ رمضان میں ہم گناہوں کا بائیکاٹ کریں نہ کریں مگر مہنگی اشیاء کا بائیکاٹ واجب ہے لہذا اب پھلوں کے کامیاب بائیکاٹ کے بعد پیش خدمت ہے “موبائیل فون نیٹ ورکنگ بائیکاٹ”۔سہ روزہ پھل بائیکاٹ کے بعد سہ روزہ موبائل نیٹ ورک بائیکاٹ۔۔۔ اور اسی طرح پھر برانڈ اور کپڑے والوں کا بائیکاٹ۔۔۔ درزیوں کا بائیکاٹ۔۔۔۔ گوشت فروشوں کا بائیکاٹ۔
عزیز من حیرانی کس بات پر۔۔۔ عید سے پہلے ان سب نے بھی تو مہنگا ہونا ہی ہے، اور اسی طرح یہ ٹیسٹ بائیکاٹ سیریز کا شاندار سلسلہ پورے جوش و جذبے کے ساتھ آپ عوام ہی کے بھرپور تعاون سے چلنا اور دوڑنا ہے۔اس ماہ میں مہنگی اشیاء کے ساتھ کھیلے جانے والی بائیکاٹ سیریز سے کوئی مثبت اور نفع بخش نتائج حاصل ہوں یا نہ ہوں مگرہماری قوم کے ایجاد کردہ ماہ رمضان کے ایک نئے اور اہم فلسفے یعنی”بائیکاٹ”سے آگاہی ضرور ہوگئی ہے۔میری باشعور عوام الناس سے درخواست ہے کہ سہ روزہ بائیکاٹ کی سیریز میں ماہ رمضان کے اسپیشل بائیکاٹ یعنی کھانے پینے کے بائیکاٹ کے ساتھ اخلاقی و معاشرتی برائیوں کا بائیکاٹ، تکبر کا بائیکاٹ، گناہِ کبیرہ و صغیرہ اور نفسانی خواہشات کا بائیکاٹ بھی شامل کیا جائے تاکہ جلد ہی موثر و حقیقی اور عملی نتائج حاصل ہوسکیں ۔

Facebook Comments

بنت الہدی
کراچی سے تعلق ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply