• صفحہ اول
  • /
  • اداریہ
  • /
  • یوم پاکستان کی پر جوش تقریب،دوست ممالک کی افواج نے بھی حصہ لیا

یوم پاکستان کی پر جوش تقریب،دوست ممالک کی افواج نے بھی حصہ لیا

یوم پاکستان کی پر جوش تقریب،دوست ممالک کی افواج نے بھی حصہ لیا
طاہر یاسین طاہر
افراد ہوں یا اقوام آزادی ہی وہ حقیقی مسرت ہے جو فرد یا اقوام کو عالمی برادای اور انسانی سماج میں ممتاز مقام عطا کرتی ہے۔پاکستان جب سے معرض وجود میں آیا ہے 23 مارچ کو یوم پاکستان بڑے جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔اگرچہ بیچ میں ایک عرصہ ایسا بھی آیا جب 23 مارچ کی پریڈ منسوخ کی گئی اور اس کی وجہ دہشت گردوں کا خود کش حملوں کا تسلسل اور ان کے سہولت کاروں کی تیز رفتار سرگرمیاں تھیں۔آپریشن ضرب عضب میں بے شک دہشت گردوں کو شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا اور دہشت گردوں کی قیادت افغانستان میں بیٹھ کر اب پاکستان کے خلاف سازشوں اور خود کش حملوں و تخریب کاری کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ دہشت گردوںکو پاکستانی قوم نے اپنے عزم اور ارادے سے فورسز کے ساتھ مل کر شکست فاش دی ہے۔یہ درست ہے کہ اب بھی دہشت گردی کےواقعات ہو جاتے ہیں مگر اب وہ دم خم دہشت گردوں میں باقی نہیں رہا۔گذشتہ روز ملک بھر میں 77واں ’یوم پاکستان‘ ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔یوم پاکستان پر کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں قومی تقاریب کا اہتمام کیا گیا، جب کہ اس موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔وفاقی دارالحکومت میں شکر پڑیاں کے مقام پر شاندار ورایتی فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں، رینجرز، پولیس اور چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی دستوں نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
تقریب کےمہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے، جب کہ تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،سمیت مسلح افواج کے سربران، وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت اراکین پارلیمان اور دیگر رہنما اور مہمان شریک ہوئے۔
اس تقریب کی خاص بات دوست ممالک کی افواج کی دستوں کا بھی پریڈ میں شریک ہو کر پاکستانیوں کے قومی ولولے کو مہمیز کرنا تھا۔ اس فوجی پریڈ کی تقریب میں سعودی عرب اسپیشل فورسز اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے خصوصی دستوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا، جبکہ ترک ملٹری بینڈ ’مہتر‘ نے بھی پریڈ میں شرکت کی اور ’جیوے جیوے پاکستان‘ سمیت مختلف ملی نغموں کی دھنیں بجائیں۔
ایئر چیف مارشل سہیل امان نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی دی۔ انہوں نے ایف 16 طیارہ میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ یاد رہے کہ یوم پاکستان کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد مسجدوں میں ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔
ملک بھر میں اس عزم کی تجدید کے ساتھ تقریبات ترتیب دی گئیں کہ انتہا پسند اور دہشت گرد قوتوں کوشکست دے کر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے پوری لگن سے کام کیا جائے گا۔یاد رہے کہ 77 سال قبل 1940ء کو لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔پاکستان میں حکومتی سطح پر ہر سال 23 مارچ کو تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، جب کہ فوجی پریڈ کو تقریبات میں منفرد اہمیت حاصل ہے۔
یہ امر واقعی ہے کہ پاکستان کی طرح دیگر آزاد ممالک اور اقوام بھی اپنے مخصوص ایام کو بڑے اہتمام کے ساتھ مناتے ہیں۔چودہ اگست،یوم پاکستان اور پی ایس ایل،کی تقریبات دراصل دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم کے عزم کی تابندہ مثال ہے۔سی پیک کے بعد دشمن قوتیں زیادہ متحرک ہو چکی ہیں، ایسے میں سعودی عرب،ترکی ارو چین کے فوجی دستوں کی شرکت نے بھی پاکستانی قوم کے دل جیت لیے اور یہ عزم مزید پختہ ہوا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پاکستانی فورسز،پاکستانی عوام اور دوست ممالک سب یکجا ہو کر شکست فاش دیں گے انشا اللہ۔

Facebook Comments

اداریہ
مکالمہ ایڈیٹوریل بورڈ

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply