ننھی گڑیا کا ملک سے باہر اپنے بابا کو ایک خط ۔۔محمد فیاض حسرت

بابا جان آپ ٹھیک ہیں نا؟
بابا آپ کی گڑیا اب ٹھیک نہیں۔
میں اب بہت اداس رہتی ہوں ہر وقت سہمی سی رہتی ہوں ۔ ہر وقت اک خوف سا رہتا ہے کہ کوئی وحشی آئے گا اور مجھے کچل کے چلا جائے گا ۔مجھے مار کر کہیں پھینک دے گا ۔بابا میں اس وجہ سے سکول بھی نہیں جاتی ۔ بابا آپ وہاں سن رہےہوں گے نا کہ یہاں اب کیا کیا شروع ہو گیا ہے ۔

بابا اگر آپ نے نہ سنا ہو تو میں آپ کو بتاتی ہوں کہ میں کیوں اب ٹھیک نہیں ؟ کیوں میں ہر وقت ڈری رہتی ہو ں؟ کیوں میں ہر وقت خوف میں مبتلا ہوتی ہوں؟بابا اس ملک میں ایسے انسان آ گئے ہیں جو مجھ جیسی چھوٹی چھوٹی بچیوں کو بے دردی سے کچل دیتے ہیں ۔ہاں ہاں بابا وہ انسان مجھ جیسی بچیوں کو کھا جاتے ہیں ۔وہ انسان چھپ کہ دیکھ رہے ہوتے ہیں جب بھی کہیں ننھی بچی اکیلی ہوتی ہے اسے اٹھا کہ لے جاتے ہیں ، اس کو مار دیتے ہیں اور پھر اسے کہیں پھینک آتے ہیں ۔بابا میں کل ٹی وی پہ دیکھ رہی تھی کہ وہی انسان مجھ جیسی ننھی بچی کو اکیلا دیکھ کر اسے اٹھا کہ لے گیا ، اسے مار کے پھر اسے جھاڑیوں میں پھینک آیا ۔ہاں بابا میں جھوٹ نہیں بول رہی میں سچ کہہ رہی ہوں اس دن بھی ٹی وی پہ دکھا رہے تھے کہ ایک چھوٹی بچی کو مار کر کوڑے میں پھینک دیا تھا ۔ بابا تب سے مجھے اور بہت ڈر لگنے لگا ہے ۔ میں ڈر کے مارے سوچتی ہوں کہ اگر ماما نے مجھے ایک پل کے لیے بھی تنہا چھوڑا تو وہ انسان مجھے بھی اٹھا کہ لے جائے گا پھر وہ مجھے بھی مار دے گا ۔ بابا آپ ماما کو کہیں نا کہ وہ مجھے کبھی بھی اکیلا چھوڑ کہ کہیں نہ جائیں۔
بابا یہ انسان کہاں سے آئے ہیں ؟
یہ کہاں رہتے ہیں ؟
یہ کیوں مجھ جیسی بچیوں کو مار رہے ہیں ؟
بابا انہیں کیا ملتا ہے چھوٹی بچیوں کو مار کر ؟
بابا کیا یہ روٹی کی جگہ چھوٹی بچیوں کو کھاتے ہیں؟

بابا یہ سب میں ماما سے پوچھتی ہوں وہ کچھ بتاتی ہی نہیں ۔ بس چپ ہو جاتی ہیں ۔ بابا آپ مجھے ضرور بتانا۔ بابا یہاں تو بہت سارے انسان آ گئے ہیں جو چھوٹی بچیوں کو کھا جاتے ہیں ۔ میں اب یہاں نہیں رہنا چاہتی ۔ اب یہاں کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں مجھے ڈر نہ لگے ۔بابا آپ بتائیں اگر یہاں کوئی ایسی محفوظ جگہ ہو تو میں ماما کے ساتھ وہی چلی جاؤں ۔

بابا آپ کب آ رہے ہیں ؟جلدی سے آئیں اور مجھے اور ماما کو بھی اپنے ساتھ واپس وہی لے جائیں ۔میں یہ بھی جانتی ہوں جتنی بھی چھوٹی بچیاں اس انسان نے مار کر پھینکی ہیں ان سب کے بابا ان کے پاس نہیں تھے ۔
بابا آپ بھی میرے پاس نہیں ہیں نا آپ جلدی سے میرے پاس آ جائیں نا ۔
بابا میں مرنا نہیں چاہتی ۔ بابا میں مرنا نہیں چاہتی ۔

Advertisements
julia rana solicitors

آپ کی پیاری گڑیا !!!

Facebook Comments

محمد فیاض حسرت
تحریر اور شاعری کے فن سے کچھ واقفیت۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply