انٹرویو کی تیاری اور ممکنہ سوالوں کے جوابات

انٹرویو کی تیاری اور ممکنہ سوالوں کے جوابات’’’’

بڑھتی ہوئی آبادی اور بیروزگاری کے سبب جاب مارکیٹس میں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ مسابقت بڑھتی چلی جا رہی ہے. جاب ہنٹنگ اب کسی کے لئے بھی اتنا آسان نہیں رہا ، چاہے وہ کوئی پروفیشنل ہو یا کوئی انٹرن.
کسی بھی جاب کے لئے اپنی سی وی بھیجنا ایک بہت آسان اور سادہ سی بات ہے لیکن اگلے مرحلے تک جانا اور ممکنہ ایمپلائر کے ساتھ آمنے سامنے بیٹھ کے انٹرویو دینا ایک بالکل الگ کہانی ہے . اس مضمون کا مقصد اپنے محترم دوستوں کے ساتھ کچھ اپنے ذاتی تجربات اور کچھ اہم باتیں شئیر کرنا ہیں جو شائد دوستوں کو جاب سیکیور کرنے میں مدد دیں .

ایک کامیاب انٹرویو کسی بھی جاب کے حصول میں یقینی طور پہ پہلا قدم تصور کیا جاتا ہے. کسی بھی فیس ٹو فیس انٹرویو میں پہلا لفظ بولنے سے پہلے ہی آپ اپنا تاثر انٹرویور کو دے چکے ہوتے ہیں . اور وہ تاثر آپ اپنے لباس سے دیتے ہیں . بلا شبہ آپ کا لباس آپ کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے .
آپ جب بھی کسی انٹرویو کے لئے جایئں، چاہے وہ کسی بھی ارگنائزیشن میں ہو اور کوئی سی بھی پوزیشن ہو آپ کوشش کیجئے کہ سوٹ کا استعمال کریں .
سوٹ ایسا زیب تن کیجیے جو آپ کو فٹ ہو نہ کہ ایسا کہ آپ اس میں فٹ ہونے کی کوشش کریں .سوٹ کے لئے سولڈ یا نیوٹرل کلرز کا استعمال کیا جا سکتا ہے .اگر آپ ڈارک کلر کا سوٹ استعمال کر رہے ہیں تو اس کے ساتھ ہلکے کلر کی شرٹ کا استعمال کیجیے .اگر آپ ٹائی استعمال کر رہے ہیں تو کوشش کریں کہ فلیشی کلرز سے اجتناب کریں .البتہ نیوٹرل کلرز کے ساتھ
Vivid کلرز کی ٹائی استعمال کریں.
اپنی ٹائی کی لمبائی کا خیال رکھیں جو کہ عموما لوگ نہیں رکھتے.آپ کی ٹائی کا کا سرا آپکی بیلٹ کو ہلکا سا چھوتا ہوا ہو، نا تو اس سے بہت اوپر نہ بہت نیچے .
بیلٹ لگاتے وقت یہ خیال ضرور رکھیں کہ بیلٹ ہمیشہ آپ کے جوتوں سے میچ ہونی چاہیے نہ کہ آپ کے سوٹ سے .اگر آپ براؤن جوتے پہنے ہیں تو براؤن ہی بیلٹ استعمال کریں اور اگر بلیک جوتے پہنے ہوئے ہیں تو بیلٹ بھی بلیک کلر کی استعمال کریں .
شوز کے معاملے میں خاص احتیاط برتیں. اپنی جرابوں کا کلر اپنے جوتوں سے میچ کریں نا کہ سوٹ سے. ایک اچھا پرفیوم استعمال کریں لیکن خیال رہے کہ انٹرویوز کے لئے کبھی بھی تیز خوشبو والا پرفیوم مت لگایں. (خوشبو کے استعمال سے متعلق میرا مضمون اسی ویب سائٹ پر دیکھا جا سکتا ہے )
کسی بھی انٹرویو میں جانے سے پہلے ڈریس کوڈ پوچھنے سے مت گھبرائیں.اور اپنے لباس کے معاملے میں ‘’Dress to impress’’ کا فارمولا اپنائیں .

زندگی کی ہر فیلڈ میں سیکھنے کا سب سے بہتر طریقہ یہ ہوتا ہے کہ ہم دوسروں کی غلطیوں سے سیکھیں.لہٰذا کوشش کریں کہ جو غلطیاں آپ کے ارد گرد لوگ دہراتے ہیں ان سے اجتناب کریں.جیسا کہ ایک غلطی جو مجھ سے ہمیشہ سر زد ہوتی ہے اور وہ یہ کہ میں کہیں بھی ٹائم پر نہیں پہنچ پاتا.انٹرویوز میں یہ چیز بہت معنی رکھتی ہے . اگر آپ دیے ہوئے وقت سے لیٹ ہیں تو میرے نزدیک آپ ٥٠ پرسنٹ پہلے ہی لوز کر چکے ہیں لہذا اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہمیشہ وقت پر پہنچنے کی کوشش کریں . انٹرویو کے لئے وقت پر پہنچنے کا مطلب ہے کہ دئیے ہوئے وقت سے ٥ /١٠ منٹ پہلے پہنچنا.
انٹرویور سے گرمجوشی سے مصافحہ آپ کا اچھا تاثر چھوڑتا ہے .لیکن خیال رہے کہ مصافحہ گیلے یا چپ چپے ہاتھوں سے نہ کیا جاۓ. مصافحہ آپ کی شخصیت کی خود اعتمادی کو بھی ظاہر کرتا ہے اس لئے مصافحہ کرنے میں پہل کرنے میں ہچکچائیں مت .
آپ کی باڈی لینگویج ہمیشہ سٹرونگ ہونی چاہیے. انٹرویوز کے دوران گھبراہٹ ہونا اک فطری عمل ہے لیکن اسے خود پہ حاوی مت ہونے دیں. خود کو ریلیکس رکھنے کی کوشش کریں لیکن یہ بھی یاد رکھیں کہ ضرورت سے زیادہ ریلیکس ہونا آپکی باڈی لینگویج کو کمزور کر دے گا. اس طرح آپ کی شخصیت کا منفی پہلو ابھرے گا.اپنی باڈی لینگویج کو سٹرونگ رکھنے کے لئے انٹرویو کے دوران اپنے بیٹھنے کے انداز پر خاص دھیان دیں اور کوشش کریں کہ اپنی باڈی کو سیدھا رکھیں اپنے ہاتھ اپنی گود میں یا گٹھنوں پر رکھیں.کرسی سے ٹیک لگانے سے گریز ہی کریں .ٹانگ پہ ٹانگ رکھ کے بیٹھنا بھی قدرے نا مناسب ہے.
انٹرویور کی بات کو پوری توجہ دیں اسکی بات کو دھیان سے سنیں اور بیچ میں مت ٹوکیں . اگر آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں تو پہلے اس کی بات مکمل ہونے دیں .
کچھ بھی کہنے یا کسی بات کا جواب دینے سے پہلے ٢ سے ٣ سیکنڈ کا وقفہ لیں اور بات کرتے وقت کوشش کریں کہ نظریں ملا کہ بات کریں .
ہمیشہ کوشش کریں کہ اپنے سینئرز کے تجربات سے سے سیکھیں .ان سے بات کریں ان کے ماضی کے تجربات اور غلطیوں سے سیکھیں تا کہ آپ ان کو دہرانے سے بچ سکیں .جس جگہ انٹرویو کے لئے جایں وہاں کے لوگوں سے بات کریں ایسا کرنے سے آپ کو ارگنائزیشن اور انٹرویور کے مزاج کو سمجھنے میں مدد ملے گی .
یہاں میں اک اہم بات ان دوستوں کے لئے ضرور کہنا چاہوں گا جو نئے نئے جاب مارکیٹ میں وارد ہوئے ہیں کہ آپ اس بات کو لے کر بالکل بھی پریشان مت ہوں نہ ہی اپنا کونفیڈینس لوز کریں کہ آپ تو بالکل فریش ہیں۔ اپنی فیلڈ میں اور کوئی تجربہ نہیں ہے تو میں آپ کو بتاتا چلوں کہ آج کل گلوبل مارکیٹ میں یہ ٹرینڈ ہے کہ فریش جاب سیکرز زیادہ موٹیویٹڈ اور بہت فوکسڈ ہوتے ہیں. آپ اپنی انہی خصوصیات کو اپنی سی وی میں بہتر انداز میں ہائی لائٹ کریں اور انٹرویو کے دوران بھی انہی پر فوکس کریں. (سی وی کو بہتر بنانے کے بارے میں پھر کسی مضمون میں بات کروں گا )
یہ بات ضرور یاد رکھیں کہ آج کل زیادہ تر کمپنیز جاب سیکرز سے یہ توقع رکھتی ہیں کہ وہ ٹیکنالوجی کی اچھی خاصی سمجھ بوجھ رکھتے ہوں ، کام کے اوقات اور کام کی نوعیت کے بارے میں ان کا رویہ لچکدار ہو ۔اور خاص طور پہ پوری ٹیم کے ساتھ بہترین انداز میں گھل مل کر کام کر سکیں ۔یعنی اک اچھا ٹیم پلیئر ہو . تو آپ کسی بھی انٹرویو کے لئے جاتے ہوئے ان باتوں کو ضرور ذہن نشین کر لیں اور انٹرویو کے دوران اپنی انہی خصوصیات کو ہائی لایٹ کریں گے تو یہ یقیناً آپ کے بہت مدد گار ثابت ہوں گی.
اپنے انٹرویو کے دوران خود اعتمادی کو یقینی بنائیں. خود کو پروفیشنل بنا کر پیش کریں چاہے یہ آپ کا پہلا انٹرویو ہی کیوں نہ ہو .اپنی کمیونیکیشن سکلز کو بہتر کریں . خود کو متعلقہ جاب کے لئے اہل ثابت کرنے کی کوشش میں بہت زیادہ عاجز بنا کر بھی پیش مت کریں یہ رویہ آپکو فائدہ دینے کی بجاۓ نقصان دیتا ہے .
میں نے اکثر انٹرویوز میں دیکھا ہے کہ نوجوان کہتے ہیں کہ اگر ہمیں یہ جاب نہ ملی تو بھی کوئی بات نہیں کوئی ہم سے بہتر ہماری جگہ لے لے گا .یعنی آپ نے خود ہی خود کو کم تر ثابت کر دیا .
اب میں یہاں انٹرویو کے دوران عام طور پر پوچھے جانے والے چند سوالات اور ان کے ممکنہ جوابات کا ذکر کرتا ہوں. اگر اس کے علاوہ کسی دوست کو اس سلسلے میں کسی قسم کی مدد درکار ہو تو خاکسار حاضر ہے .
انٹرویوز کے دوران عموما جو سوال سب سے پہلے پوچھا جاتا ہے وہ کچھ ایسے ہوتا ہے کہ '' اپنے بارے میں کچھ بتایں '' تو اس کے جواب میں آپ اپنے نام سے آغاز کرتے ہوئے اپنی جگہ اور تعلیم کے بارے میں مختصراََ بتائیں.اس کے ساتھ اگر جاب کا کوئی سابقہ تجربہ رکھتے ہیں تو اس کے بارے میں لازماً ذکر کریں.اور آخر میں اپنے فیملی سٹیٹس کے بارے میں انتہائی اختصار سے بتایں (اگر آپ ڈسکسس کرنا چاہیں تو )

اگر تو آپ پہلے ہی کہیں جاب کر رہے ہیں تو انٹرویور آپ سے یہ سوال ضرور پوچھے گا کہ'' آپ جاب چینج کیوں کرنا چاہتے ہیں'' تو جواباً آپ اپنی حالیہ/سابقہ کمپنی کا ذکر کبھی بھی برے الفاظ میں مت کریں بلکہ آغاز ہی اپنی کمپنی کے لئے توصیفی کلمات سے کریں.یہ بتایں کہ آپ نے وہاں سے کیا کیا کچھ سیکھا اور کس طرح وہ آپ کے لئے سود مند ثابت ہوئے آخر میں کمپنی کو چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے اسے اپنے لونگ ٹرم کیریئر گول سے منسلک کر دیں.

ایک سوال جو تقریباً ہر انٹرویو میں پوچھا جاتا ہے کہ ''آپ کی کمزوریاں کیا کیا ہیں '' تو یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ اسکا قطعی یہ مطلب نہیں ہوتا کہ آپ سچ میں اپنی برائیاں اور کمزوریاں بتانا شروع کر دیں اصل میں انٹرویور یہ جاننا چاہتا ہے کہ آپ خود سے کتنے واقف ہیں اور اب یہ آپ پر ہوتا ہے کہ آپ کیسے خود کو پیش کرتے ہیں . اس کے ممکنہ جواب میں آپ یہ کہ سکتے ہیں کہ '' آپ بہت حساس ہیں ، جھوٹ بولنا آپ کے لئے بہت مشکل کام ہے ، صاف گو ہیں ، باتونی ہیں ، اپنے ٹارگٹ کو اچیو کر لینے تک بہت بے چین رہتے ہیں ، لوگوں پر جلدی اعتماد کر لیتے ہیں، کام کی چھوٹی چھوٹی ڈیٹیل پر بھی بہت غور کرتے ہیں '' وغیرہ وغیرہ

سیلری/تنخواہ کے بارے میں جاننا یا پوچھنا ہر انٹرویو کا لازمی حصہ ہوتا ہے اس حوالے سے میں سمجھتا ہوں کہ اگر تو آپ بالکل فریش ہیں تو اپنی تنخواہ کے بارے میں کچھ بھی مت کہیں بلکہ اس بات پر فوکس رکھیں کہ آپ کے لئے آپ کا کیریئر اور گروتھ زیادہ اہم ہے .سیلری کے بارے میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ میری صلاحیت اور قابلیت کو دیکھتے ہوئے جو کمپنی کی پالیسی ہے وہ آپ کے لئے قابل قبول ہے .لیکن اگر آپ تجربہ کار ہیں تو اپنی سیلری کے معاملات ضرور زیر بحث لائیں. اس دوران آپ اپنی گزشتہ سیلری کا ذکر بھی کر سکتے ہے (اگر آپ مناسب سمجھتے ہیں ) اور ساتھ میں یہ ضرور کہیں کہ آپ اس کمپنی کی پالیسیز کا بھی احترام کرتے ہیں لہٰذا میری صلاحیت اور تجربے کو مد نظر رکھتے ہوئے اک ایسا آپشن جو میری ذاتی اور معاشی ضرورتوں کو پورا کر سکے .

عموما انٹرویور کو یہ بات جاننے میں بھی دلچسپی ہوتی ہے کہ آپ نے اس کمپنی کا انتخاب کیوں کیا اس لئے عام طور پر یہ ضرور پوچھا جاتا ہے کہ'' آپ اس کمپنی میں کیوں کام کرنا چاہتے ہیں''. اس کا جواب دینے کے لئے آپ کے پاس کمپنی سے متعلق معلومات ضرور ہونی چاہیے. کمپنی کے بارے میں مختصرا تعریفی کلمات کہیں .کمپنی کی مارکیٹ ویلیو ، سالانہ ٹرن اوور اور اپنے ملازمین سے بہتر سلوک کا ذکر کریں اور ساتھ ہی اسے اپنی لونگ ٹرم کیریئر پلاننگ سے منسلک کریں.

اگر انٹرویور آپ سے یہ پوچھے کہ'' ہم آپ کو کیوں ملازمت دیں '' تو جواباً آپ اپنی تعلیمی قابلیت اور اپنی سکلز کو متعلقہ جاب سے ریلیٹ کرتے ہوئے بتایں کہ کیسے یہ آپ کی متعلقہ جاب سے مماثلت رکھتی ہیں . ساتھ میں یہ بھی ضرور بتائیں کہ کیسے یہ جاب آپ کے کیریئر گول کو حاصل کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی .

Advertisements
julia rana solicitors

عام طور پر انٹرویو کے اختتام پر یہ پوچھا جاتا ہے کہ '' اگر آپ کوئی سوال پوچھنا چاہیں تو ''. اس موقع کو کبھی ضائع مت کریں جیسا کہ عموما نوجوان ' نو تھینکس' کہہ کر بات ہی ختم کر دیتے ہیں .ایسا بالکل مت کیجیے.یہ انٹرویو کا بہت اہم حصہ سمجھا جاتا ہے یہ سوال و جواب آپ کو دوسروں سے ممتاز کر دیتے ہیں یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا انٹرسٹ کتنا ہے اور آپ اس جاب کے لئے کتنا سنجیدہ ہیں.لہذا ہچکچائیے مت اور سوال کیجئے .لیکن یہ خیال رہے کہ عجیب و غریب سوالات سے گریز کریں جیسا کہ آپ کی تنخواہ کتنی ہے ,آپ کی پوسٹ کیا ہے, آپ رہتے کہاں ہیں .وغیرہ وغیرہ . آرگنائزیشن کے بارے میں پوچھیں . اپنی جاب کی نوعیت کے بارے میں پوچھیں .سیلری اور پروموشن اسٹرکچر کے بارے میں بات کریں ، جاب ٹائمنگز اور لوکیشن کے بارے میں پوچھیں .وغیرہ وغیرہ . لیکن یہ بات یاد رہے کہ زیادہ طوالت سے اجتناب کریں .
آخر میں یہ بات ضرور بتانا چاہوں گا کہ کیریئر ڈیویلپمنٹ کے ماہرین کہتے ہیں کہ یہ بات کہ '' اگر آپ کے پاس کئی سال کام کا تجربہ ، اک عمدہ پورٹ فولیو ، دکھانے کے لئے سلائڈ شوز نہیں ہیں تو آپ کےلیے کوئی جاب نہیں ہے . '' اک غلط مفروضہ ہے .ایسا بالکل بھی نہیں ہے یہ سب کچھ فائدہ مند تو ہو سکتا ہے لیکن ضمانت نہیں ہے کسی بھی جاب کے لئے .
صرف ایک ہی گارنٹی ہے اور وہ ہے آپ.جاب مارکیٹ میں عموما کہا جاتا ہے کہ '' It’s all about the way you sell yourself in a job interview. ''
اس مضمون کی تیاری کے سلسلے میں قریبی دوست Elias Bahij سے معاونت لی گئی ہے. ( موصوف اک ملٹی نیشنل فرم میں ہائرنگ مینیجر کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں )

Facebook Comments

راحیل اسلم
گزشتہ کئی سالوں سے یو اے ای میں مقیم ہوں.ہیومن ریسورس کی فیلڈ سے وابستہ ہوں.ادب کا اک ادنیٰ سا طالب علم ہوں اور الله کی خاص رحمت سے نثر اور شعر میں طبع آزمائی کرتا رہتا ہوں..

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

براہ راست ایک تبصرہ برائے تحریر ”انٹرویو کی تیاری اور ممکنہ سوالوں کے جوابات

Leave a Reply