بابو جی بڑے دھوکے ہیں/محمود اصغر چوہدری

برطانیہ میں فون نمبرز آجکل فراڈیوں کے مکمل گھیرے میں ہے ۔ پروموشنل کالز کے علاوہ آفرز کے نام پر کالز ، ٹیکسٹ اور ای میلز دھوکے سے آپ کی دولت اینٹھنے کی کاوش میں ہیں ۔

 

 

 

 

مجھے بھی کل ایک فون کا ل آئی ۔میں آفر والی کال ویسے تو فوراً بند کر دیتا ہوں ۔ لیکن اس میں آپریٹر نے بتایا کہ وہ میری فون کمپنی سے بول رہا ہے ۔ تو مجھے اس کی بات سننی پڑی ۔وہ کہنے لگا کہ آپ ہمارےوفادار کسٹمر ہیں تو ہم آپ کو ایک آفر دینا چاہتے ہیں ۔ میں نے پوچھا کیا آفر ہے وہ بولا مہنگائی کے باعث کمپنی آپ کا بل پچاس فیصد کم کرنا چاہتی ہے ۔مختلف کمپنیوں کی جانب سے ایسی پروموشنل کالزیا آفر آتی رہتی ہیں اس لئے ایسی کالز کے دھوکے میں آنا بہت آسان ہوتا ہے ۔ اس نے کہا کہ شناختی مقصد کے لئے آپ مجھے صرف اپنی ای میل آئی ڈی بتائیں ۔میں نے اسے ای میل آئی ڈی بتائی تو اس نے فوراً وہی آفر مجھے ای میل کر دی ۔ میں نے ای میل کھولی تو وہ اتنی پرفیکٹ تھی کہ کوئی بھی اس پر مکمل یقین کرنے میں تامل نہیں کرسکتا تھا۔اس ای میل میں میری فون کمپنی کا لوگو تک موجود تھا ۔
اس کے بعد وہ بولا کہ آپ کو یہ آفر قبول ہے اب کون کم بخت پچاس فیصد ڈسکاونٹ کی آفر ٹھکرائے ۔ میں نے قبول کی تو اس نے کہا او کے میں آپ کو ایک پروموشنل کوڈ بھیج رہا ہوں وہ مجھے لکھوائیں تاکہ میں سسٹم میں ڈال سکو ۔ ایسی زبردست آفر آئی ہو تو انسان جلدی سے جلد ی کرتا ہے ۔ میں نے ای میل کھولی تو اس میں واقعی ایک چھ حرفی پاس کوڈ لکھا ہوا تھا ۔ میں جلدی جلدی اس کوڈ کو بتانے والا تھا کہ میں نے غور سے ای میل پڑھنا شروع کر دی اس میں لکھا ہوا تھا کہ آپ کاپاسورڈ تبدیل کرنے کا پاس کوڈ یہ ہے ۔بس یہیں سے میرا ماتھاٹھنکا ۔۔ میرا پاسورڈ تبدیل کرنے کا پاس کوڈ ؟یعنی وہ اب آسانی سے میرے فون اکاونٹ میں داخل ہو کر ہر چیز کا پتہ لگا سکتا تھا ۔ میرا نام ، میری ڈیٹ آف برتھ ، میرا ایڈریس ، میں کتنے سال سے اس کمپنی کا کسٹمر ہوں ، میرا بل کتنا ہے ۔ اور میرے بل کی ادائیگی کے لئے استعمال ہونے والا بنک اکاؤنٹ نمبر کیا ہے ۔
لالچ انسان کی آنکھوں پر ایسی پٹی باندھ دیتا ہے کہ انسان کو یہ یاد نہیں رہتا کہ وہ ای میل پڑھنے کی زحمت کر لے و ہ صرف چھ حرفی پاس کوڈ دیکھتا ہے او ر آپریٹر کو بتا نا شروع کر دیتا ہے ۔ میں اس کی چا ل سمجھ گیا تھا ۔ میں نے اسے کہا کہ اگر تم کمپنی کی جانب سے فون کر رہے ہو تو تمہیں اس پاس کوڈ کی ضرورت کیا ہے تم میرے نمبر پر ویسے ہی آفر جاری کر دو۔ وہ بولا پروموشنل کوڈ کے بغیر آفر شروع نہیں ہوگی ۔ اب جو وہ بول رہا تھا اور جو ای میل مجھے ملی تھی ا سمیں فرق تھا ۔ ای میل میں کسی آفر کا تذکرہ نہیں بلکہ لکھا تھا کہ آپ کے اکاونٹ کا پاس ورڈ کیسے تبدیل کرنا ہے ۔ اب میں نے بھی اس سے کھیلنے کا ارادہ کر لیا ۔ وہ آفر بڑھا رہا تھا کہ آپ کو سامسنگ اور آئی فون 14یا ایپل واچ مل سکتی ہے ۔ بس آپ یہ ای میل دیکھیں اور ہمیں پاس کوڈبتائیں ۔ میں نے کہا مجھے کوئی ای میل نہیں ملی ۔ اور اگر تمہیں کوئی آفر جاری کرنی ہے تو ویسے ہی جاری کر دو ۔
اس نے کہا ایک منٹ ٹھہریں میں پروموشنل ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ دار کو فون پاس کرتا ہوں ۔پھر ایک اور شخص فون پرآیا وہ روسی ایکسنٹ میں بات کررہا تھا وہ بولا کہ ہم آپ کو یہ آفر دے رہے ہیں ۔ آپ ای میل چیک کر یں اورجوپاس کوڈ ہم نے آپ کو بھیجا ہے وہ ہمیں لکھوا دیں ۔ میں نے کہا مجھے کوئی ای میل نہیں ملی ۔۔ وہ مجھے کہنے لگا آپ اپنی جنک میل ، سپیم باکس چیک کریں اس نے دو تین نئی ای میل بھیج دی تھیں لیکن ہر ای میل میں یہی لکھا تھا کہ یہ پاس کوڈ آپ کا اکاونٹ پاس ورڈ تبدیل کرنے کیلئے ہے ۔ پھر میں نے اسے پوچھ ہی لیا کہ آپ کیوں میرے اکاونٹ کا پاس ورڈ تبدیل کرنا چاہتے ہیں جس پر وہ آئیں بائیں شائیں کرتے ہوئے فون بند کر کے چلا گیا۔

ایسی ہی کالز یا ٹیکسٹ آپ کو ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے آتی ہے جس میں وہ آپ کو بہت سی رقم واپس کرنے کی بات کرتے ہیں ۔ اور آپ کو لنک بھیجتے ہیں کہ اس کو فالو کریں اس میں بھی آپ سے آپ کی بنک اکاونٹ تفصیل مانگ کر روپیہ اینٹھ لیتے ہیں ، ایسے ہی کچھ میسج آپ کو پوسٹ آفس کی جانب سے آتے ہیں کہ آپ کا پارسل آگیا ہے ۔ اڑھائی پاؤنڈ جمع کرایں تاکہ آپ کا پارسل آپ تک پہنچے ۔ ایسے ہی ٹیکسٹ یا فون آپ کو محکمہ صحت کی جانب سے آتا ہے کہ آپ اپنا فلاں انجکشن لگوانے کیلئے فوراً رابطہ کریں ۔ اس لنک کو فالو کریں وہ لنک اتنےبہترین ہوتے ہیں کہ جب آ پ ان کو کھولتے ہیں تو ان پر واقعی ۔ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ ، صحت ڈیپارٹمنٹ یا پوسٹ ڈیلیوری کا لوگو لگا ہوتا ہے اور آپ کو ذرا بھی شک نہیں پڑتا کہ یہ جعلی ہو سکتا ہے ۔ اور آپ اس جھانسے میں آجاتے ہیں ۔

ایسی ہی کوئی کال دوبئی کے کسی شیخ کے سیکرٹری کی جانب سے بھی آجاتی ہے کہ آپ پچاس لاکھ یورو کی لاٹری جیت گئے ہیں جب آپ خوشی سے پاگل ہوتے ہوئے اس آفر کو قبول کرتے ہیں تو وہ آپ کو صرف دو تین سو یورو ایڈوانس جمع کروانے کا کہا جاتا ہے تاکہ باقی کی رقم آپ کو بھیجی جا سکے ۔ میرے دفتر ایک انڈین فیملی آئی جو پچاس لاکھ یورو کے جھانسے میں دو تین دفعہ دوبئی اکاونٹ میں پانچ چھ سو یورو بھیج چکی تھی لیکن نتیجہ ندارد ۔ایسی ہی ایک پوسٹ میرے ایک صحافی دوست کے فیس بک پیج پر تھی جس میں اس نے یہ دعوی کیا تھا کہ اس نے ایک ہزار پاؤنڈ سے بٹ کوائین خرید کر ایک گھنٹے میں سات ہزار پاؤنڈ بنا لیے تھے ۔ اس پوسٹ میں اس کی فوٹو تھی اور بنک ٹرانزیکشن کی فوٹ تھی ۔ اب صحافی کی پوسٹ دیکھ کر تو کوئی بھی یقین کر سکتا تھا ۔ دوسرے دن اس صحافی نے بتایا کہ اس کا اکاونٹ ہیک ہوچکا تھا ۔

ایسے کسی بھی دھوکے سے بچنے کا طریقہ کیا ہے ؟ سب سے پہلے تو یہ بات یاد رکھ لیں کہ ایسی کوئی بھی کال یا ٹیکسٹ یا ای میل جس میں آپ کے بنک کی کوئی تفصیل یا آپ کے کارڈ کا نمبر مانگا جا رہا ہوتو فوراً بریک لگا لیں ۔ اس بارے گوگل پر سرچ کر لیں ۔ ساری دنیا آپ کی راہنمائی کے لئے موجود ہو گی ۔ اس محکمے کی ویب سائیٹ پر جا کر پڑتال کر لیں ۔۔ اگر کوئی محکمہ یا کمپنی آپ کو شناختی مقصد کیل تفصیل مانگے تو وہ آپ کی ای میل ، فون نمبر یا بنک اکاونٹ نمبر پورا پڑھ کر نہیں سناتا بلکہ آخری چار حرف سے آپ کی شناخت کر لیتا ہے ۔

Advertisements
julia rana solicitors

سب سے بہترین اصول یہ یاد رکھ لیں کہ مفت میں کوئی کسی کو کچھ نہیں دیتا اگر کوئی ایسی آفر آگئی ہے جو شک میں ڈال دے تو فوراً رک جائیں کہ کیونکہ دنیا کے ہادی اعظم ﷺ نے کئی صدیاں پہلے فرمادیا تھا کہ ,جو چیز تمہیں شک میں ڈال دے اسے چھوڑ دو ۔

Facebook Comments

محمود چوہدری
فری لانس صحافی ، کالم نگار ، ایک کتاب فوارہ کےنام سے مارکیٹ میں آچکی ہے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply