رواں سال پڑھی گئی کتابوں کا مختصر تعارف۔۔فاروق الٰہی

سال 2017 کتب بینی کے حوالے سے کافی اچھا سال رہا۔ اِس سال مذہب، سائنس، تاریخ، فلسفہ اور فکشن پر دلچسپ کتابیں زیرِ  مطالعہ  رہیں ۔ اِن کتابوں کا نام بمع مختصر تعارف پیش خدمت ہے۔
کتاب: Architecture and Mathematics in ancient Egypt
مصنف: کورینا روسیا
یہ روسیا کا کیمبرج یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کیلئے لکھا گیا تھیسس ہے۔ انگریزی زبان چونکہ آسان استعمال کی گئی ہے اسی لئے افادہ عامہ کیلئے تھیسس کو کتاب کی صورت دی گئی ہے، اس کتاب میں روسیا نے مصر کی ہزاروں سال قبل از مسیح کی عمارتوں کی تعمیر میں موجود ریاضی اصولوں کی تفہیم پیش کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کس طرح قدیم مصریوں نے عمارتوں کی تعمیر میں ریاضی کے اصولوں کا لحاظ رکھا ہے۔ جبکہ اِس وقت اس طرح کے علوم بالکل ابتدائی صورت میں موجود تھے۔ ریاضی و تاریخ سے سے شغف رکھنے والوں کو یہ کتاب کسی نعمت سے کم نہیں۔
کتاب: ڈائری 1994-1993
مصنف: مولانا وحید الدین خان
مولانا وحید الدین خان صاحب بکھرے ہوئے مگر پُرمغز خیالات اور روزمرہ ہونے والے واقعات اپنی ڈائری میں درج کرتے رہتے ہیں۔ یہ سن 1993 سے 1994 تک کی یاداشت پر مبنی کتاب ہے۔ ہر خیال اور واقعے میں ایک سبق پوشیدہ ہوتا ہے جو پڑھنے والوں کی بصیرت میں اضافہ کرتا ہے۔
کتاب: محمد رسول اللہ کے بارے میں بائیبل کی چند پیشن گوئیاں
مصنف: عبد الستار غوری
یہ جاوید احمد غامدی صاحب کے ادارے المورد کے سینئر فیلو عبدالستار غوری مرحوم کی لکھی ہوئی تحقیقی کتاب ہے۔ قرآن کریم میں متعدد مواقع پر مختلف انداز میں بیان کیا گیا ہے کہ محمد رسول اللہﷺ کے بارے میں بائیبل کی کتابوں میں پیشین گوئیاں موجود ہیں، جن کی روشنی میں اہل کتاب آپؐ کو اس طرح پہچان سکتے ہیں، جس طرح وہ اپنے بیٹے بیٹیوں کو پہچان لیتے ہیں۔ اس کتاب میں ایسی چھ پیشین گوئیوں پر اختصار سے گفتگو کی گئی ہے۔
کتاب: فقہی مقالات جلد پانچ، جلد چھ
مصنف: مفتی تقی عثمانی
اِس کتاب میں مفتی تقی عثمانی صاحب نے جدید مسائل کے جوابات قرآن و سنت اور خاص طور پر فقہاء کرام کی تعبیرات کی روشنی میں دینے کی کوشش کی ہے۔ مثلاً موجودہ عالمی بحران اور اسلامی تعلیمات، اعضا کی پیوند کاری، اجتہاد، ٹریفک کے حادثات اور اُن کا شرعی حکم، اسلام میں غلامی کی حقیقت، حدود ترمیمی بل کیا ہے وغیرہ۔
کتاب: فرائیڈ
مصنف: ڈاکٹر نعیم
یہ کتاب بابائے نفسیات سگمنڈ فرائیڈ کے “نظریہ تحلیلِ نفسی” کا احاطہ کرتی ہے۔ کتاب کو کافی حد تک قابل فہم بنایا گیا ہے لیکن پھر بھی بعض مقامات میں مشکل اصطلاحات استعمال ہوئی ہیں جن کو سمجھنے کیلئے گوگل کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ شعور کی مختلف جہتیں، جزبات، احساسات اور جنسی داعیات کے سائنسی محرکات کو سمجھنے میں یہ کتاب کافی مفید ثابت ہوتی ہے۔
کتاب: آوازیں جو سنائی نہیں دیتیں، The other side of the silence
مصنف: اروشی بٹالیہ
اردو ترجمہ: محمد وسیم
آزادی کے وقت ہندو مسلم فسادات میں دونوں اطراف کے لاکھوں انسان مارے گئے اور لاکھوں انسان بے گھر ہوئے اِس ضمن میں دونوں اطراف کی اُجڑی ہوئی خوتین پہ کیا بیتی؟ یہ کتاب اِن درد بھرے حالات کو بیان کرتی ہے۔ اروشی بٹالیہ کی یہ کتاب اس حوالے سے مستند اور معتبر مانی جاتی ہے کہ اُنہوں نے گھر گھر جا کر ایسی خواتین سے بات کی ہے جو اپنے خاندانوں سے بچھڑ کر اب نئے گھر میں زندگی گزار رہی ہیں۔
کتاب : Major themes of the Quran
مصنف: ڈاکٹر فضل الرحمن
ڈاکٹر فضل الرحمن کا شمار روایت شکن اہل علم میں ہوتا ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے اِس کتاب میں مختلف قرآنی موضوعات جیسے وجودِ خدا، انسان اور کائنات کا تعلق، وحی، رسالت وغیرہ پر نئے طرز کے علم کلام سے سیر حاصل گفتگو فرمائی ہے۔ کتاب علم و فکر کے نئے دریچے کھولتی ہے۔
کتاب: المنقذ من الضلال
مصنف: امام غزالی
اردو ترجمہ: مولوی سید ممتاز علی
اس کتاب میں امام غزالی اپنی فکری و ایمانی سرگزشت بیان فرماتے ہیں کہ کیسے تدریجی طریقہ پر اُن کی حق تک رسائی ہو پائی۔
کتاب: کاسموس cosmos
مصنف: کارل سیگان
اردو ترجمہ: یاسر جواد
ماہر فزکس کارل سیگن نے ٹیلی وژن پروگرام کیلئے ایک سائنس سیریز کاسموس کے نام سے تیار کی تھی، جسے بے پناہ مقبولیت کے باعث کتاب کی صورت دی گئی۔ یہ کتاب انسانی علم کے تمام پہلوؤں کا سائنسی نکتہ نظر سے احاطہ کرتی ہے۔ عظیم دھماکے سے لے کر ہماری کہکشاں کے مستقبل تک، کرہ ارض پہ تہذیبوں سے لے کر کائنات کی دیگر تہذیبوں تک، خلیے کی ساخت سے لے کر آسمانوں و کہکشاؤں کی ہئیت تک، سائنس کو آسان فہم میں سمجھنے کیلئے ایک اچھی کتاب ہے جو سائنس میں دلچسپی پیدا کرتی ہے۔
کتاب: ناممکن کی طبیعیات ‘Physics of impossible’
مصنف: میچو کاکو
اردو ترجمہ: زُہیر عباس
میچو کاکو کا شمار دور حاضر کے جید فزکس دان میں ہوتا ہے، اس کتاب میں انتہائی آسان اسلوب میں اُنہوں نے مسقبل کی ٹیکنالوجی اور نئے فزکس کے قوانین کے بارے میں قیاس کیا ہے۔ یہ کتاب ایک عام بندے کو سامنے رکھتے ہوئے لکھی گئی ہے لہذا اسے سمجھنے کیلئے پیچیدہ سائنسی علوم کا جاننا ضروری نہیں۔
کتاب: میں سائنسدان کیسے بنا، one hundred reasons to be a scientist
اردو ترجمہ: سائنسدان بننے کے ایک سو جواز
مترجم: ظہیر جاوید
یہ کتاب اُن عالمی شہرت یافتہ سائنس دانوں کے حالات زندگی پر مبنی ہے جنہوں نے اپنی محنت، لگن اور جذبہ تحقیق سے مایہ ناز کامیابیاں حاصل کیں۔ سائنس دانوں نے خود اپنے الفاظ میں بڑی خوبصورتی کے ساتھ اُن حالات اور وجوہات کا ذکر کیا ہے جنہوں نے علم و تحقیق کے میدان میں اُن کی ترقی کے امکانات روشن کیے۔
کتاب: فلسفیوں کا انسائیکلوپیڈیا
مصنف: یاسر جواد
اس کتاب میں اڑھائی ہزار سال کے عرصے پر مشتمل 100 بڑے فلسفیوں کے حالات اور اُن کے فلسفوں کو مختصر اور جامع انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
کتاب: رسل کے مضامین
ترجمہ: یاسر جواد
یہ کتاب مشہور نوبل انعام یافتہ فلسفی برٹرینڈ رسل کے متفرق مضامین کا مجموعہ ہے۔ فرد کی آزادی، معاشرے کی آزادی، عورت کی آزادی، محبت، شادی، زندگی اور عقیدے جیسے موضوعات پر سیر حاصل بحث کی گئی ہے۔
کتاب: Secret History
مصنف: نک ریڈ فرن
یہ کتاب اپنے موضوع کے اعتبار سے خاصی دلچسپ اور کسی سائنس فکشن فلم کا سا منظر پیش کرتی ہے۔ کتاب میں یہ دعوی کیا گیا ہے زمین میں ہونے والے مختلف واقعات دراصل خلائی مخلوقات کی کارستانیاں ہیں۔ اہرام مصر سمیت کئی عمارتوں کی تعمیرات اُنہی کے ہاتھوں ہوئی ہیں۔ وہ نہ صرف یہ کہ ماضی میں اپنی اُڑن طشتریوں کے ذریعے زمین پر اترتی رہی ہیں بلکہ آج بھی ہم پر نظر رکھے ہوئی ہیں۔ کئی ممالک نے اُن سے خفیہ روابط بھی قائم کر رکھے ہیں۔ اسی طرح بعض سازشی (conspiracy) تھیویاں بھی کتاب میں بیان کی گئی ہیں جیسے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی حقیقت، انسانوں کو مارنے کیلئے بائیولوجیکل وائریس کی تخلیق، طیاروں کا غائب ہو جانا، وغیرہ
کتاب: وجودیت اور انسان دوستی
مصنف: ژاں پال سارتر
ترجمہ: قاضی جاوید
اس کتاب میں سارتر کے ایک مشہور خطبے کا اردو ترجمہ کیا گیا ہے۔ سارتر نے یہ خطبہ پیرس میں دیا تھا۔ اس میں نظریہ وجودیت کا دفاع انسان دوستی کے سچے نظریے کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
کتاب: وجود باری تعالی: فلسفہ، سائنس اور مذہب کی روشنی میں
مصنف: حافظ محمد زبیر
اِس کتاب میں خدا کے وجود اور تصور خدا کے بارے میں بحث کی گئی ہے۔ پہلا باب فلسفیوں کے تصور خدا کو بیان کرتا ہے۔ دوسرے باب میں سائنس کا نکتہ نظر بیان ہوا ہے جبکہ آخری باب میں مذہب میں پائے جانے والے تصور خدا پر تنقیدی و اثباتی نگاہ ڈالی گئی ہے۔
کتاب: Alchemist
مصنف: پاؤلو کویلہو
پاؤلو کویلہو کے شہرہ آفاق ناول الکیمیاء کی کہانی اندلس کے چرواہے کے گرد گھومتی ہے جو اہرام مصر کی طرف ایک ایسے خزانے کی تلاش میں نکل کھڑا ہوتا ہے جو ہر رات اُسے خواب میں بار بار دکھائی دیتا ہے۔ خواب کو خدائی اشارہ سمجھتے ہوئے خزانے کی تلاش میں نکلتا ہے، یہ ناول روایتی ناولوں سے خاصا مختلف طرز پر لکھا گیا ہے۔
کتاب: احادیث ضعیفہ کا مجموعہ تیسری جلد
مصنف: امام ناصر الدین البانی
ترجمہ: مولانا محمد صادق خلیل
شیخ الحدیث امام ناصر الدین البانی نے اس کتاب میں ضعیف احادیث کو جمع کیا ہے۔ اس میں بہت سی ایسی احادیث دیکھنے کو ملتی ہیں جو ہم بلاتحقیق آگے بیان کر دیتے ہیں جبکہ اُن کی سند میں ضُعف موجود ہوتا ہے۔
کتاب : حکایت فلسفہ
مصنف : ڈاکٹر وِل ڈوران
ترجمہ : مولوی احسان احمد
مطبع : جامعہ عثمانیہ حیدرآباد ۔ دکن
اس کتاب میں مشہور فلسفیوں کے حالات زندگی اور ان کے نظریات کو جامع اور دلچسپ اسلوب میں بیان کیا گیا ہے۔ یہ کتاب فیسبک پر بھائی اختر عمر کی وساطت سے پڑھنے کو ملی جنہوں نے قسط وار اس کتاب کو اپنی وال پہ شائع کیا۔
کتاب: اعتراف
مصنف: فومیونیوا
ترجمہ: پروفیسر نظیر صدیقی
یہ کتاب فومیونیوا کے ناول کا اردو ترجمہ ہے۔ اس کی کہانی بدھ مت کے ایک ایسے سادھو کے گرد گھومتی ہے جو اپنے مقلدین کو تو روحانیت کا درس دیتا ہے لیکن خود مادہ پرستی اور دینا کی عیش و عشرت میں مبتلا ہے یہاں تک کہ اپنی ساس کے ساتھ ہی معاشقہ چلا لیتا ہے۔
کتاب: شرح حجتہ اللہ البالغہ
مصنف: مولانا عبید اللہ سندھی
یہ کتاب امام شاہ ولی اللہ کی دین پر لکھی گئی شہرہ آفاق کتاب حجتہ اللہ البالغہ کے منتخب ابواب کی شرح ہے۔ مولانا عبید اللہ سندھی شاہ ولی اللہ کے فکر کے سب سے بڑے داعی تھے تاہم اُن کے مقلد نہیں تھے۔ کتاب کی شرح لکھتے ہوئے انہوں نے اپنے اختلافات بھی بیان کیے ہیں۔
کتاب: الطاف القدس
مصنف: امام شاہ ولی اللہ
ترجمہ: سید محمد الفاروق قادری
امام شاہ ولی اللہ کی تصوف پر لکھی گئی شہرہ آفاق کتاب ہے جس میں معارف و لطائف نفس اور رموز و اسرار تصوف پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے۔
کتاب: تفہیم القران پراعتراضات کی علمی کمزوریاں
مصنف: مولانا عامر عثمانی
مولانا مودودی کی فکر پر بہت سے اہل علم نے مختلف اعتراضات کر رکھے ہیں۔ اُن کی تفسیر تفہیم القران پر بھی اعتراضات کیے جاتے رہے ہیں اس کتاب میں دیوبندی عالم مولانا عامر عثمانی نے اُن اعتراضات کی علمی کمزوری واضح کرنے کی کوشش کی ہے۔
کتاب: نزول مسیحی کا تحقیقی مطالعہ
مصنف: پروفیسر محمد عقیل
اس کتاب میں حضرت عیٰسی علیہ السلام کی آمد ثانی کے حوالے سے مختلف مکاتب فکر کر آراء کو بمع دلائل پیش کیا گیا ہے۔ نزول مسیح کے قائلین اور ناقدین کے دلائل بیان کیے گئے ہیں اور کسی نتیجہ پر پہنچنے کی بجائے فیصلہ قارئین پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply